حسن پائیکر کا امریکہ سے نفرت کے اظہار پر اصرار، ’خدا داد اور آئینی حق‘ قرار دے دیا
نیویارک: امریکی سیاسی منظرنامے میں ایک بار پھر متنازعہ بننے والے ٹوئچ اسٹریمر حسن پائیکر نے امریکہ سے نفرت کے اظہار کے اپنے حق کا دفاع کرتے ہوئے اسے ’’خدا کی طرف سے دیا گیا‘‘ اور آئین کے تحت محفوظ حق قرار دیا ہے
فوکس نیوز کے مطابق پائیکر نے جمعہ کو اپنی طویل براہ راست نشریات کے دوران یہ مؤقف اس وقت دہرایا جب ان کے بیانات اور مشی گن سے ڈیموکریٹک سینیٹ امیدوار عبدالسید کے ساتھ ان کے تعلق کو بنیاد بنا کر انتخابی حملہ کیا گیا،پائیکر کے ماضی کے متنازعہ بیانات، جن میں امریکہ سے نفرت کا اظہار بھی شامل ہے، کو عبدالسید کے خلاف جاری کیے گئے ایک حملہ آور سیاسی اشتہار میں نمایاں کیا گیا ہے
حسن پائیکر پہلے بھی شدید تنقید کا سامنا کر چکے ہیں، 2019 میں ان کے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ امریکہ ’’9/11 کا مستحق‘‘ تھا، تاہم بعد میں انہوں نے اس بیان پر وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا مقصد امریکی خارجہ پالیسی پر تنقید کرنا تھا اور انہیں زیادہ محتاط الفاظ استعمال کرنے چاہییں تھے
مشی گن کے سینیٹ امیدوار عبدالسید انتخابی مہم کے دوران پائیکر کے ساتھ نظر آتے رہے ہیں، تاہم وہ حالیہ ہفتوں میں ان سے سیاسی فاصلہ ظاہر کرنے کی کوشش کر چکے ہیں،عبدالسید کا کہنا ہے کہ ان کی انتخابی مہم کا محور مشی گن کے عوام، مہنگائی، صحت اور دیگر مقامی مسائل ہیں، نہ کہ کیلیفورنیا میں رہنے والا کوئی سوشل میڈیا اسٹریمر
فوکس نیوز کے مطابق پائیکر کے تازہ بیان نے تاہم ان کے اور عبدالسید کے تعلق کو ایک مرتبہ پھر مشی گن کی سینیٹ دوڑ میں سیاسی بحث کا موضوع بنا دیا ہے





