ٹرمپ انتظامیہ کی 2030 مردم شماری سے غیر شہری تارکین وطن کو خارج کرنے کی تجویز

ٹرمپ انتظامیہ کی 2030 مردم شماری سے غیر شہری تارکین وطن کو خارج کرنے کی تجویز

ٹرمپ انتظامیہ نے 2030 کی امریکی مردم شماری میں بڑی تبدیلی کی تجویز پیش کردی ہے جس کے تحت آبادی کے سرکاری شمار میں صرف امریکی شہریوں اور مستقل رہائشیوں کو شامل کیا جائے گا، جبکہ غیر قانونی طور پر مقیم تارکین وطن کے ساتھ عارضی قانونی حیثیت پر امریکا میں موجود افراد کو بھی شمار سے خارج کیا جاسکتا ہے،یہ تبدیلی ریاستوں کی کانگریسی نمائندگی اور وفاقی فنڈز کی تقسیم پر نمایاں اثر ڈال سکتی ہے
تجویز کے مطابق مردم شماری کے سوالنامے سے نسل اور نسلی شناخت سے متعلق سوالات بھی ختم کردیئے جائیں گے، جو مختلف شکلوں میں 1790 میں پہلی مردم شماری کے بعد سے استعمال ہوتے آئے ہیں،منصوبہ ابھی حتمی نہیں، اس پر عوام سے 30 دن تک رائے طلب کی گئی ہے اور مکمل مردم شماری 2030 میں ہونی ہے
موجودہ آئینی نظام میں مردم شماری ریاستوں میں ایوان نمائندگان کی نشستیں تقسیم کرنے کے لیے استعمال ہوتی ہے،امریکی آئین کی 14ویں ترمیم میں نمائندگی کا تعین ہر ریاست میں موجود ’’تمام افراد‘‘ کی تعداد کی بنیاد پر کیا گیا ہے، نہ کہ صرف شہریوں کی تعداد پر،اسی لیے نئی تجویز کو قانونی چیلنج کا سامنا ہونے کا بھی امکان ہے
آبادی کے ماہرین اور شہری حقوق کے اداروں نے خبردار کیا ہے کہ تارکین وطن کو شمار سے نکالنے سے ان ریاستوں اور شہروں کی سیاسی نمائندگی اور وفاقی امداد متاثر ہوسکتی ہے جہاں تارکین وطن کی تعداد زیادہ ہے،مردم شماری کے اعداد و شمار کانگریسی اور ریاستی حلقہ بندیوں کے علاوہ امتیازی سلوک کے خلاف قوانین کے نفاذ اور مختلف وفاقی پروگراموں کے لیے وسائل کی تقسیم میں بھی استعمال ہوتے ہیں
ٹرمپ پہلے بھی 2020 کی مردم شماری میں شہریت سے متعلق سوال شامل کرنے کی کوشش کرچکے ہیں، تاہم امریکی سپریم کورٹ نے اس اقدام کو روک دیا تھا،نئی تجویز اسی بحث کو دوبارہ سامنے لے آئی ہے، لیکن اس مرتبہ انتظامیہ صرف شہریت کا سوال شامل کرنے کے بجائے مردم شماری میں شمار کیے جانے والے افراد کے دائرے ہی کو محدود کرنے کی کوشش کررہی ہے
حتمی فیصلہ عوامی رائے، انتظامی کارروائی اور ممکنہ عدالتی مقدمات کے بعد ہوگا،اگر یہ تبدیلی نافذ ہوتی ہے تو 2030 کی مردم شماری امریکا میں آبادی، سیاسی نمائندگی اور وفاقی وسائل کی تقسیم کے حساب کا موجودہ طریقہ تبدیل کرسکتی ہے

قومی خبریں سے مزید