لندن میں 1000 سال پرانا تاریخی کڑھائی شدہ کپڑا نمائش کے لیے پیش

لندن میں 1000 سال پرانا تاریخی کڑھائی شدہ کپڑا نمائش کے لیے پیش

لندن کے برٹش میوزیم میں تقریباً 1000 سال پرانا ایک غیر معمولی تاریخی کڑھائی شدہ کپڑا نمائش کے لیے پیش کردیا گیا ہے، جو تقریباً 900 سال بعد پہلی مرتبہ انگلینڈ واپس پہنچا ہے یہ تاریخی شاہکار فرانس سے عارضی طور پر برطانیہ لایا گیا ہے اور اس کی نمائش 11 جولائی 2027 تک جاری رہے گی
تقریباً 70 میٹر طویل اس کپڑے پر اون کے دھاگوں سے کڑھائی کے ذریعے 1066 میں انگلینڈ پر نارمن حملے اور قبضے کی پوری داستان تصویروں کی شکل میں بیان کی گئی ہے اس میں انگلینڈ کے بادشاہ ہیرالڈ دوم اور نارمن حکمران ولیم کے درمیان اقتدار کی جنگ، فوجوں کی تیاری اور ہیسٹنگز کی فیصلہ کن جنگ کے مناظر شامل ہیں
اس قدیم کپڑے پر بادشاہوں، سپاہیوں، گھوڑوں، جانوروں، جنگی جہازوں اور اس دور کی روزمرہ زندگی کے مختلف مناظر بھی انتہائی باریک کڑھائی کے ذریعے دکھائے گئے ہیں اسی وجہ سے اسے صرف ایک فن پارہ نہیں بلکہ تقریباً 1000 سال پرانی تاریخ کا تصویری ریکارڈ بھی سمجھا جاتا ہے
یہ تاریخی کپڑا ممکنہ طور پر انگلینڈ میں تیار کیا گیا تھا اس پر موجود سینکڑوں مناظر اس زمانے کے واقعات کو سمجھنے میں آج بھی ماہرین اور تاریخ کے طالب علموں کے لیے اہم معلومات فراہم کرتے ہیں
لندن میں اس نمائش کے آغاز سے پہلے ہی لوگوں میں زبردست دلچسپی دیکھی گئی اور ابتدائی طور پر جاری کیے گئے 100,000 ٹکٹ تیزی سے فروخت ہوگئے قدیم کپڑے کو نقصان سے بچانے کے لیے اسے انتہائی احتیاط سے محفوظ رکھا جارہا ہے اور ایک وقت میں محدود تعداد میں لوگوں کو اسے دیکھنے کی اجازت دی جارہی ہے
فرانس نے یہ تاریخی شاہکار برطانیہ کو عارضی طور پر اس وقت دیا ہے جب فرانس کے شہر بایو میں موجود اس کے مستقل عجائب گھر کی تزئین و آرائش جاری ہے اس تاریخی تبادلے کو برطانیہ اور فرانس کے درمیان ثقافتی تعلقات کے حوالے سے بھی اہم قرار دیا جارہا ہے
یہ قدیم کڑھائی شدہ کپڑا آج بھی 1066 کی جنگ اور انگلینڈ میں اقتدار کی تبدیلی کی داستان بیان کرتا ہے تقریباً 1000 سال گزرنے کے باوجود اس پر بنے مناظر تاریخ کے ایک ایسے دور کو زندہ رکھتے ہیں جس نے برطانیہ کی آنے والی صدیوں کی سیاسی اور شاہی تاریخ پر گہرا اثر ڈالا

قومی خبریں سے مزید