Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

عمران خان کی بہنوں کو ایک بار پھر اڈیالہ جیل میں ملاقات سے روک دیا گیا،جیل انتظامیہ نے “ رکھیل” عدالتوں کی اوقات پھر بتادی

عمران خان کی بہنوں کو ایک بار پھر اڈیالہ جیل میں ملاقات سے روک دیا گیا،جیل انتظامیہ نے “ رکھیل” عدالتوں کی اوقات پھر بتادی

اسلام آباد: سابق وزیراعظم عمران خان کی بہنوں کو ایک بار پھر اڈیالہ جیل میں ان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، جبکہ بشریٰ بی بی کے اہل خانہ بھی ملاقات کیے بغیر واپس چلے گئے
پی ٹی آئی کے وکیل اور رابطہ کار اویس یونس چوہدری کے مطابق عمران خان کی 3 بہنیں دوپہر 2 بجے اڈیالہ جیل پہنچیں اور شام ساڑھے 6 بجے تک انتظار کرتی رہیں، لیکن انہیں عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی،بشریٰ بی بی کے اہل خانہ بھی شام 6 بجے تک جیل میں موجود رہے مگر ملاقات نہ ہوسکی
پی ٹی آئی نے جیل انتظامیہ کے اس اقدام کو سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے ان احکامات کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے جن کے تحت عمران خان کو اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت دی گئی ہے
ملاقاتوں کی اجازت نہ ملنے کا معاملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایک روز قبل اڈیالہ جیل انتظامیہ کو عمران خان اور بشریٰ بی بی کو قید تنہائی میں نہ رکھنے اور عمران خان کی اہل خانہ سے ملاقاتیں یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی،عدالت نے جیل حکام کو عمران خان کے بیٹوں سے مناسب وقفوں کے ساتھ ٹیلی فونک رابطے کی سہولت فراہم کرنے اور اخبارات، کتابیں اور طبی سہولتیں بھی یقینی بنانے کا حکم دیا
عدالت نے اپنے تحریری فیصلے میں عمران خان کو روزانہ کم از کم ایک گھنٹہ چہل قدمی اور جسمانی ورزش کا وقت دینے کی بھی ہدایت کی ہے۔ جیل حکام کو عدالتی احکامات پر عمل درآمد کی رپورٹ 15 روز میں جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے
عمران خان کے اہل خانہ اور پی ٹی آئی مسلسل یہ مؤقف اختیار کرتے رہے ہیں کہ جیل میں ملاقاتوں پر عائد پابندیاں عدالتی احکامات کے باوجود برقرار ہیں،اس سے قبل بھی رواں سال جون اور مئی میں عمران خان کی بہنوں اور پی ٹی آئی رہنماؤں کو اڈیالہ جیل میں ملاقات سے روکے جانے کے واقعات سامنے آچکے ہیں
تازہ واقعہ اس لیے بھی اہم ہے کہ عدالت کی جانب سے اہل خانہ سے ملاقات اور دیگر بنیادی سہولتوں کے بارے میں واضح ہدایات جاری کیے جانے کے فوراً بعد بھی ملاقات نہ ہوسکی، جس سے عمران خان کی قید کے حالات اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد کے بارے میں سیاسی اور قانونی تنازع مزید شدت اختیار کرسکتا ہے

قومی خبریں سے مزید