پاکستانی طلبہ کو گوگل کے مصنوعی ذہانت کے ٹولز ایک سال تک مفت ملیں گے

پاکستانی طلبہ کو گوگل کے مصنوعی ذہانت کے ٹولز ایک سال تک مفت ملیں گے

پاکستانی طلبہ کو گوگل کے جدید مصنوعی ذہانت کے ٹولز ایک سال تک مفت استعمال کرنے کی سہولت ملے گی۔ اس سلسلے میں حکومت پاکستان اور گوگل کے درمیان اہم معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں
معاہدے کا مقصد پاکستان میں ڈیجیٹل مہارتوں، مصنوعی ذہانت، ٹیکنالوجی اور جدت کو فروغ دینا اور نوجوانوں کو عالمی سطح پر مسابقت کے لیے تیار کرنا ہے
اس تعاون کے تحت طلبہ کو گوگل کے مصنوعی ذہانت کے ٹولز، جن میں گوگل اے آئی پلس اور جیمنائی شامل ہیں، ایک سال تک مفت استعمال کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی
حکومت اور گوگل نے گوگل کیریئر سرٹیفکیٹس پروگرام کو بھی وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔ منصوبے کے تحت 2026 کے دوران پاکستان میں تقریباً ڈیڑھ لاکھ سرٹیفکیٹس فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے تاکہ نوجوانوں کو روزگار کے لیے ضروری جدید ڈیجیٹل مہارتیں حاصل ہوسکیں
معاہدے کے تحت اسلام آباد میں مصنوعی ذہانت کا ایک مرکز قائم کرنے کے لیے بھی تعاون کیا جائے گا۔ اس مرکز کے ذریعے پاکستانی نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تربیت فراہم کی جائے گی
دونوں جانب سے پاکستان کی موبائل ایپلی کیشنز اور کھیلوں کی صنعت کو عالمی منڈی میں مزید مسابقتی بنانے، ڈیجیٹل ادائیگیوں کو فروغ دینے اور ڈیجیٹل تجارت کے دائرے کو وسیع کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے
مصنوعی ذہانت کو سرکاری خدمات بہتر بنانے، حکومتی امور کو زیادہ مؤثر کرنے، محصولات کے شعبے میں اعداد و شمار کے تجزیے اور زراعت میں فصلوں کی نگرانی اور پیداوار کی پیش گوئی کے لیے بھی استعمال کرنے کا منصوبہ ہے
حکومت کے مطابق اس تعاون سے نوجوانوں کے لیے روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے جبکہ پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت اور ٹیکنالوجی کی برآمدات کو عالمی سطح پر مزید وسعت دینے میں مدد ملے گی

قومی خبریں سے مزید