اورماڑہ میں گیس باؤزر اور کار کے تصادم میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد جاں بحق

اورماڑہ میں گیس باؤزر اور کار کے تصادم میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد جاں بحق

بلوچستان کے ضلع گوادر کے علاقے اورماڑہ میں ساحلی شاہراہ پر تیز رفتار گیس باؤزر اور ایک کار کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد جاں بحق ہوگئے
ہائی وے پولیس کے مطابق حادثہ بدھ کے روز اورماڑہ کے علاقے ٹو بی میں پیش آیا، جہاں تیز رفتار گیس باؤزر نے سامنے سے آنے والی کار کو ٹکر مار دی۔ تصادم کے بعد کار میں آگ بھڑک اٹھی اور گاڑی مکمل طور پر جل گئی
پولیس کے مطابق کار میں سوار تمام چھ افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے آگ اتنی شدید تھی کہ گاڑی میں موجود افراد کو باہر نکلنے کا موقع نہیں مل سکا
جاں بحق ہونے والوں میں دو مرد، دو خواتین اور دو بچے شامل ہیں خاندان کراچی سے تربت جا رہا تھا
ہائی وے پولیس کے اعلیٰ افسر محمد اسلم بنگلزئی کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ہائی وے اور مقامی پولیس کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں امدادی کارروائی کے بعد تمام لاشیں اورماڑہ کے ضلعی ہسپتال منتقل کردی گئیں
بعد ازاں جاں بحق افراد کی شناخت محکمہ ماہی گیری کے انسپکٹر عطا اللہ اور ان کے اہلخانہ کے طور پر ہوئی عطا اللہ کا تعلق بُلیڈہ سے تھا اور وہ اس وقت تربت کی اوورسیز کالونی میں رہائش پذیر تھے۔ گاڑی چلانے والے شخص کی شناخت اسلم کے نام سے ہوئی
حادثے کے بعد ساحلی شاہراہ پر کئی گھنٹوں تک ٹریفک معطل رہی، تاہم پولیس کی کارروائی کے بعد شاہراہ کو دوبارہ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا
دریں اثنا، بلوچستان کے علاقے وندر کے قریب کوئٹہ کراچی شاہراہ پر ایک اور حادثے میں تیز رفتار ٹریلر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں دو موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگئے۔ دونوں لاشیں ہسپتال منتقل کرنے کے بعد ضروری کارروائی مکمل کرکے اہلخانہ کے حوالے کردی گئیں

قومی خبریں سے مزید