پیٹرولیم لیوی ختم نہ ہوئی تو شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال ہوگی، جماعت اسلامی کا اعلان
جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے وفاقی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی ختم نہ کی گئی تو ملک بھر میں شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی جائے گی
پشاور میں جماعت اسلامی کے احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی واپس نہ لی تو جماعت اسلامی اپنی احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دے گی
انہوں نے اعلان کیا کہ بارہ ربیع الاول کے ایک ہفتے بعد ملک گیر شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس احتجاج کے ذریعے حکومت پر عوام کو ریلیف دینے اور پیٹرولیم لیوی ختم کرنے کے لیے دباؤ بڑھایا جائے گا
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ بعض حلقوں کی جانب سے یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ پیٹرولیم لیوی، بجلی کے معاہدوں اور ضروری اشیا کی قیمتوں میں کمی کے مطالبات کے لیے جماعت اسلامی کے احتجاج میں عوام کی شرکت کم ہے، تاہم ان کے مطابق یہ دعویٰ درست نہیں
انہوں نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی اور اضافی ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، اس لیے پیٹرولیم مصنوعات پر مزید مالی بوجھ عائد کرنا قابل قبول نہیں
جماعت اسلامی کے سربراہ نے کہا کہ ان کی جماعت عوامی مسائل کے حل کے لیے احتجاج کا سلسلہ جاری رکھے گی اور حکومت کو اپنے مطالبات تسلیم کرنے پر مجبور کیا جائے گا
انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ ملک بھر میں عوام سے رابطہ بڑھائیں اور آئندہ احتجاجی مرحلے کے لیے بھرپور تیاری کریں
جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم لیوی میں کمی یا خاتمے سے عوام کو براہ راست ریلیف مل سکتا ہے، کیونکہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ نقل و حمل، اشیائے ضروریہ اور دیگر روزمرہ اخراجات پر بھی اثر انداز ہوتا ہے





