میاں حبیب الرحمن کے اعزاز میں حاجی محمد جمیل کی پرتکلف تقریب، سو سے زائد معزز شخصیات کی شرکت

میاں حبیب الرحمن کے اعزاز میں حاجی جمیل کی پرتکلف تقریب، سو سے زائد معزز شخصیات کی شرکت

کینیڈا میں پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار، سماجی و سیاسی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت اور پاکستان کا نام روشن کرنے پر زور

معروف کاروباری شخصیت، طباق ریسٹورنٹ کے مالک اور انجمن آرائیاں کینیڈا کے صدر حاجی جمیل نے اتوار 16 اگست کو اپنی رہائش گاہ پر معروف کالم نگار اور ٹی وی اینکر میاں حبیب الرحمن کے اعزاز میں ایک پرتکلف ناشتہ، یادگار تقریب کا اہتمام کیا، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی سو سے زائد نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں ہیملٹن سے رکن پارلیمنٹ رانا اسلم، معروف ٹی وی اداکار محمود اختر، معروف نعت خواں علی نقوی اور صحافی محمد عامر ارائیں ، قیصر صغیر میو، ظہیر بابر، فیاض ولانہ، ندیم چوہدری ، ارشد خان، بدر منیر چودھری، اشرف لودھی، حسن محمود سمیت متعدد معزز شخصیات شریک ہوئیں۔ معزز مہمانوں کی بھرپور شرکت نے تقریب کی رونق میں مزید اضافہ کیا اور محفل کو چار چاند لگا دیے۔
مہمانوں کی تواضع روایتی پاکستانی ناشتے سے کی گئی، جس میں حلوہ پوری، پائے، نہاری، لسی اور چائے خصوصی طور پر شامل تھے۔
حاجی جمیل نے اپنی روایتی مہمان نوازی کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے مہمانوں کے لیے نہایت شاندار انتظامات کئے تھے۔ گھر کے فرنٹ پر باقاعدہ اسٹیج کا اہتمام کیا گیا تھا جبکہ بیک یارڈ میں مہمانوں کے لیے ناشتے کا وسیع انتظام تھا۔


تقریب سے میاں حبیب الرحمن اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ میاں حبیب الرحمن نے اس بات پر زور دیا کہ کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو کینیڈا کی سماجی، سیاسی اور معاشرتی سرگرمیوں میں اپنا بھرپور اور مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ کینیڈا میں رہنے والے پاکستانی بہت سی سہولیات اور مواقع سے مستفید ہو رہے ہیں، اس لیے انہیں چاہیے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے نہ صرف کینیڈین معاشرے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں بلکہ اپنی محنت، کردار اور کامیابیوں کے ذریعے پاکستان کا نام بھی روشن کریں۔
مقررین نے کہا کہ بیرونِ ملک پاکستانی دراصل پاکستان کے سفیر کا کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کا مثبت طرزِ عمل، کامیابیاں اور کمیونٹی کے لیے خدمات پاکستان کے بارے میں ایک اچھا تاثر قائم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔


تقریب کے میزبان حاجی جمیل نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ انہیں دوستوں اور کمیونٹی کی معزز شخصیات کی میزبانی کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ کوشش کرتے ہیں کہ ایسی تقریبات میں مہمانوں کو ایک اپنائیت، محبت اور پاکستانی روایات سے بھرپور ماحول فراہم کیا جائے۔
تقریب کے دوران خوشگوار ماحول، دوستانہ ملاقاتوں، باہمی گفتگو اور پاکستانی روایتی کھانوں سے مہمان خوب محظوظ ہوئے اور شرکاء نے حاجی جمیل کی شاندار میزبانی کو سراہا۔

حاجی جمیل کی جانب سے منعقد کی گئی یہ خوبصورت تقریب نہ صرف ایک معزز شخصیت کے اعزاز کا ذریعہ بنی بلکہ اس نے دوست احباب کو مل بیٹھ کر اچھے ماحول سے لطف اندوز ہونے کا موقع بھی فراہم کیا۔

قومی خبریں سے مزید