سرجری سے قبل ایچ آئی وی ٹیسٹ لازمی قرار دینے کی ہدایت
اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے ملک بھر میں جلد میں چیرا لگانے یا جلد کو چھیدنے والے تمام جراحی اور طبی طریقہ کار سے قبل ایچ آئی وی کی لازمی جانچ یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔ اس اقدام کا مقصد علاج کے دوران ایچ آئی وی وائرس کی منتقلی کے خطرے کو کم کرنا ہے
وفاقی وزیر صحت نے یہ ہدایات ایچ آئی وی اور ایڈز سے متعلق مشترکہ ورکنگ گروپ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ انہوں نے بلوچستان، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے متعلقہ صحت حکام کو ہدایت کی کہ سرجری سے قبل ایچ آئی وی کی جانچ لازمی بنانے کے لیے ضروری نوٹیفکیشن جاری کیے جائیں
اجلاس میں بتایا گیا کہ سندھ، پنجاب اور اسلام آباد میں پہلے ہی ایسے جراحی طریقہ کار سے قبل ایچ آئی وی کی جانچ کا نظام نافذ ہے جن میں جلد پر چیرا لگایا جاتا ہے یا اسے چھیدا جاتا ہے۔ وفاقی وزیر نے تمام علاقوں میں اس حوالے سے یکساں نظام قائم کرنے پر زور دیا
مصطفیٰ کمال نے ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں پر خصوصی توجہ دینے کی بھی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے بچوں کے علاج میں صرف طبی سہولیات ہی نہیں بلکہ مناسب غذائیت، ذہنی و نفسیاتی معاونت اور فلاحی مدد بھی شامل ہونی چاہیے تاکہ ان کے معیار زندگی اور علاج کے نتائج کو بہتر بنایا جاسکے
وفاقی وزیر نے صوبائی صحت کمیشنوں کو آئندہ اجلاس میں مدعو کرنے کی ہدایت بھی کی تاکہ صحت کے مراکز میں انفیکشن سے بچاؤ اور اس پر قابو پانے کے اقدامات کا جائزہ لیا جاسکے
انہوں نے غیر محفوظ انجیکشن، انفیکشن سے بچاؤ کے کمزور انتظامات اور خون کی محفوظ فراہمی میں موجود خامیوں کو دور کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ان مسائل کے حل کے لیے مؤثر اور یکساں قومی نظام تشکیل دینا ضروری ہے





