نادرا نے مقامی طور پر تیار کردہ کیو آر کوڈ شناختی کارڈ متعارف کرا دیا
نادرا نے نیا قومی شناختی کارڈ متعارف کرا دیا ہے جس میں درآمد شدہ مائیکرو چِپ کی جگہ محفوظ کیو آر کوڈ استعمال کیا گیا ہے۔ نیا کارڈ پاکستان میں مقامی طور پر تیار کیا گیا ہے
نیا شناختی کارڈ کراچی میں نیشنل سکیورٹی پرنٹنگ کمپنی نے نادرا کی تکنیکی اور حفاظتی ضروریات کے مطابق تیار کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد شناختی کارڈ کی تیاری میں بیرون ملک سے درآمد ہونے والی چِپ پر انحصار کم کرنا اور شناخت کی تصدیق کو مزید آسان بنانا ہے
نئے کارڈ پر موجود کیو آر کوڈ کو اسمارٹ فون کے ذریعے نادرا کی پاک آئی ڈی ایپ سے اسکین کرکے شناخت کی تصدیق کی جا سکے گی۔ اس میں کارڈ رکھنے والے کی ضروری شناختی معلومات اور تصویر شامل ہوگی
نادرا کے مطابق مجاز ادارے کیو آر کوڈ اسکین کرکے شناختی معلومات زیادہ تیزی اور درستگی سے اپنے نظام میں حاصل کر سکیں گے۔ بینکوں، اسپتالوں، پولیس، ریلوے اور دیگر مجاز اداروں کے لیے بھی شناخت کی تصدیق کا نظام فراہم کیا جائے گا
پرانے شناختی کارڈ فوری طور پر منسوخ نہیں ہوں گے بلکہ اپنی مقررہ مدت تک قابل استعمال رہیں گے۔ نئے نظام کے تحت شناختی دستاویزات کو مزید جدید اور محفوظ بنانے کی جانب پیش رفت جاری رہے گی۔





