کیمبرج کے کم عمر ترین سیاہ فام پروفیسر جیسن آرڈے مردہ پائے گئے، چند روز قبل عہدے سے مستعفی ہوئے تھے
لندن: کیمبرج یونیورسٹی کے کم عمر ترین سیاہ فام پروفیسر رہنے والے برطانوی ماہر عمرانیات جیسن آرڈے جمعہ کو جنوبی لندن کے علاقے بیٹرسی میں ایک گھر سے مردہ پائے گئے،وہ چند روز قبل ہی یونیورسٹی سے مستعفی ہوئے تھے
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق 41 سالہ جیسن آرڈے نے گزشتہ ہفتے کیمبرج یونیورسٹی سے استعفیٰ دیا تھا،ان کے خلاف کئی ہفتوں سے ان کے علمی کام میں مبینہ سرقہ، یعنی دوسروں کے کام کو اپنے نام سے پیش کرنے کے الزامات سامنے آ رہے تھے، جبکہ ذرائع ابلاغ میں ان کے بعض دیگر دعوؤں سے متعلق بھی سوالات اٹھائے گئے تھے
آرڈے 2023 میں 37 سال کی عمر میں کیمبرج یونیورسٹی کے کم عمر ترین سیاہ فام پروفیسر بنے تھے،ان کی تقرری کو برطانوی اعلیٰ تعلیم میں تنوع اور نمائندگی کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا گیا تھا
تاہم حالیہ ہفتوں میں ان کے علمی کام سے متعلق سرقے کے الزامات اور ان کی کھیلوں اور چندہ جمع کرنے کی کامیابیوں سے متعلق بعض دعوؤں پر سوالات نے شدید میڈیا توجہ حاصل کی،اس دباؤ کے دوران انہوں نے گزشتہ ہفتے یونیورسٹی سے استعفیٰ دے دیا تھا
برطانوی اخبارات ٹائمز اور ٹیلی گراف کے علاوہ بی بی سی اور اسکائی نیوز نے بھی رپورٹ کیا کہ آرڈے جمعہ کی سہ پہر بیٹرسی کے ایک گھر میں بے ہوش حالت میں پائے گئے اور بعد ازاں ان کی موت کی اطلاع سامنے آئی
حکام کی جانب سے موت کی وجہ فوری طور پر ظاہر نہیں کی گئی، اس لیے موجودہ معلومات کی بنیاد پر ان کی موت کو حالیہ الزامات یا استعفے سے جوڑنا قبل از وقت ہوگا





