ڈان جان گاٹی کے پوتے نے ماں کو گردہ دینے کے لیے جیل مؤخر کرانے کی کوشش کی، پاکستانی نژاد جج نے کہا بس بہت ہو گیا

ڈان جان گاٹی کے پوتے نے ماں کو گردہ دینے کے لیے جیل مؤخر کرانے کی کوشش کی، پاکستانی نژاد جج نے کہا بس بہت ہو گیا

نیویارک: بدنام زمانہ گیمبینو مافیا کے سربراہ جان گاٹی کے پوتے اور ماضی کے ریئلٹی ٹی وی اداکار کارمائن اگنیلو نے بالآخر وفاقی جیل میں اپنی 15 ماہ کی سزا شروع کر دی ہے۔ اگنیلو اپنی بیمار والدہ وکٹوریہ گاٹی کو گردہ عطیہ کرنے کا حوالہ دے کر مسلسل اپنی سزا مؤخر کرانے کی کوشش کر رہا تھا، لیکن وفاقی جج نے مزید مہلت دینے سے انکار کر دیا
وفاقی بیورو آف پریزنز کے مطابق کارمائن اگنیلو نے پیر کو جنوبی نیو جرسی کی فیڈرل کریکشنل انسٹی ٹیوشن فیئرٹن میں اپنی سزا شروع کر دی۔ وہ 15 ماہ قید کی سزا بھگت رہا ہے جو وفاقی حکومت سے کووڈ امدادی قرضوں کے فراڈ کے مقدمے میں سنائی گئی تھی
اگنیلو نے 2024 میں اعتراف جرم کیا تھا کہ اس نے اپنی کمپنی کراؤن آٹو پارٹس اینڈ ری سائیکلنگ کے بارے میں غلط معلومات دے کر تقریباً 1.1 ملین ڈالر کے کووڈ امدادی قرضے حاصل کیے،استغاثہ کے مطابق کمپنی کا کاروبار پہلے ہی بند ہو چکا تھا، لیکن حاصل کیے گئے سرکاری قرضوں میں سے کچھ رقم دوسرے کاروباری منصوبوں، جن میں تقریباً 420,000 ڈالر کی کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری بھی شامل تھی، میں استعمال کی گئی
اگنیلو کو ابتدا میں جولائی میں جیل پہنچنا تھا، لیکن اس نے عدالت سے استدعا کی کہ اسے اپنی والدہ کو گردہ عطیہ کرنے کے لیے وقت دیا جائے، پاکستانی نژاد وفاقی ضلعی جج نصرت چودھری نے اس کی درخواست منظور کرتے ہوئے سزا شروع کرنے کی تاریخ 18 ستمبر تک مؤخر کر دی، اس شرط کے ساتھ کہ گردے کی پیوند کاری 10 اگست تک ہو جائے گی
لیکن مقررہ وقت تک آپریشن نہیں ہو سکا،وکٹوریہ گاٹی کی طبی حالت اور انفیکشن سے متعلق پیچیدگیوں کے باعث پیوند کاری کا عمل آگے نہیں بڑھ سکا،اگنیلو نے ایک مرتبہ پھر سزا مؤخر کرنے کی کوشش کی، لیکن جج نے اس بار مزید مہلت دینے سے انکار کر دیا اور اسے فوری طور پر جیل پہنچنے کا حکم دیا
استغاثہ نے بھی مزید تاخیر کی مخالفت کی،ان کا مؤقف تھا کہ گردے کی پیوند کاری فوری طور پر ہونے والی نہیں اور اگنیلو جیل میں رہتے ہوئے بھی اپنی والدہ کو گردہ عطیہ کرنے کے انتظامات کر سکتا ہے،یوں عدالت نے اس معاملے میں مزید انتظار کرنے کے بجائے سزا پر عمل درآمد کا فیصلہ کیا
کارمائن اگنیلو کا نام امریکی عوام کے لیے اس وقت زیادہ معروف ہوا جب وہ 2000 کی دہائی کے وسط میں نشر ہونے والے ریئلٹی شو ’’گروئنگ اپ گاٹی‘‘ میں نظر آیا۔ اس پروگرام میں اس کی والدہ وکٹوریہ گاٹی اور خاندان کی زندگی کو دکھایا گیا تھا
لیکن کارمائن کا خاندانی پس منظر اس سے کہیں زیادہ بدنام زمانہ ہے،اس کے دادا جان گاٹی گیمبینو جرائم پیشہ خاندان کے سربراہ اور نیویارک کی منظم جرائم کی دنیا کے سب سے مشہور کرداروں میں شمار ہوتے تھے،گاٹی اپنے مہنگے لباس، عوامی انداز اور میڈیا میں نمایاں موجودگی کے باعث ’’ڈیپر ڈان‘‘ کے نام سے مشہور ہوا، جبکہ متعدد مقدمات میں بری ہونے کے بعد اسے ’’ٹیفلون ڈان‘‘ بھی کہا جانے لگا
ایف بی آئی اور نیویارک پولیس نے برسوں کی تفتیش کے بعد دسمبر 1990 میں جان گاٹی کو گرفتار کیا،اس کے خلاف بھتہ خوری، منظم جرائم، جیوری پر اثرانداز ہونے اور دیگر سنگین الزامات عائد کیے گئے،ایف بی آئی کے مطابق اس مقدمے میں حکومت کو گیمبینو خاندان کے سابق اعلیٰ عہدیدار سیلواٹور ’’سیمی دی بل‘‘ گراوانو کی گواہی سے بھی مدد ملی
یہ گرفتاری روڈی جولیانی کے دور میں نیویارک میں منظم جرائم کے خلاف جاری بڑے کریک ڈاؤن کے ماحول میں ہوئی،تاہم جان گاٹی کے خلاف فیصلہ صرف مقامی نیویارک کارروائی کا نتیجہ نہیں تھا بلکہ ایف بی آئی کی طویل تفتیش، خفیہ نگرانی اور وفاقی استغاثہ کی کارروائی اس مقدمے کے مرکز میں تھی
2 اپریل 1992 کو جان گاٹی کو 13 الزامات میں مجرم قرار دیا گیا، جن میں گیمبینو خاندان کے سابق سربراہ پال کاسٹیلا نو اور تھامس بلیوٹی کے قتل کا حکم دینے کا الزام بھی شامل تھا،اسے پیرول کے بغیر عمر قید کی سزا سنائی گئی اور وفاقی جیل بھیج دیا گیا
جان گاٹی تقریباً 10 سال جیل میں رہنے کے بعد 10 جون 2002 کو وفاقی جیل کے ہسپتال میں انتقال کر گیا،اس کی موت سر اور گردن کے سرطان کی پیچیدگیوں کے باعث ہوئی،یوں وہ اپنی گرفتاری کے تقریباً 11 سال 6 ماہ بعد اور عمر قید کی سزا شروع ہونے کے تقریباً ایک دہائی بعد دنیا سے رخصت ہوا
جان گاٹی کے خاندان کی کہانی میں اب ایک نئی کڑی اس کے پوتے کارمائن اگنیلو کی 15 ماہ کی وفاقی سزا ہے،فرق یہ ہے کہ دادا پر منظم جرائم، قتل اور بھتہ خوری جیسے سنگین الزامات ثابت ہوئے تھے، جبکہ پوتے کو کووڈ امدادی قرضوں میں دھوکا دہی کے مقدمے میں سزا ہوئی ہے
کارمائن اگنیلو کا جیل جانے سے پہلے اپنی ماں کو گردہ عطیہ کرنے کے لیے سزا مؤخر کرانے کی کوشش کرنا اس مقدمے کو ایک غیر معمولی انسانی پہلو دیتا ہے، لیکن عدالت نے بالآخر یہ واضح کر دیا کہ طبی منصوبہ جب مقررہ وقت میں عملی شکل اختیار نہ کر سکا تو سزا کو مزید غیر معینہ مدت تک مؤخر نہیں کیا جا سکتا

قومی خبریں سے مزید