آزاد کشمیر انتخابات کا تیسرا مرحلہ، باغ اور حویلی میں پولنگ شروع
مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات کے تیسرے مرحلے میں پونچھ ڈویژن کے باغ اور حویلی اضلاع کی چار نشستوں پر پولنگ شروع ہوگئی ہے۔
پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی اور شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ انتخابی عمل کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق چاروں حلقوں میں قائم 803 پولنگ اسٹیشنز میں سے بیشتر کو حساس یا انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ پولیس کے علاوہ امن و امان برقرار رکھنے اور ووٹرز کو پُرامن ماحول فراہم کرنے کے لیے 10 ہزار 300 اضافی اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
پونچھ ڈویژن میں مجموعی طور پر 11 نشستیں ہیں، تاہم امن و امان کی صورتحال کے باعث اس مرحلے میں صرف باغ اور حویلی کی چار نشستوں پر انتخابات کرائے جا رہے ہیں۔ باقی سات نشستوں پر پولنگ 20 یا 21 اگست کو ہونے کا امکان ہے۔
باغ اور حویلی کی چار نشستوں پر مجموعی طور پر 4 لاکھ 60 ہزار 371 ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کے اہل ہیں، جن میں 2 لاکھ 38 ہزار 664 مرد اور 2 لاکھ 21 ہزار 707 خواتین شامل ہیں۔
ان حلقوں میں مجموعی طور پر 82 امیدوار میدان میں ہیں۔ سب سے زیادہ 30 امیدوار دھیرکوٹ کے حلقے میں جبکہ حویلی کے حلقے میں 9 امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔
حویلی کے حلقے میں آزاد کشمیر کے موجودہ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کو مسلم لیگ ن کے امیدوار انجینئر محسن عزیز اور آزاد امیدوار خواجہ طارق سعید کا سامنا ہے۔ خواجہ طارق سعید ماضی میں وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کے سیاسی اتحادی بھی رہ چکے ہیں۔
باغ کے مختلف حلقوں میں سابق وزرائے اعظم سردار تنویر الیاس اور سردار عتیق احمد خان بھی انتخابی میدان میں موجود ہیں، جبکہ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی سمیت مختلف جماعتوں کے امیدوار بھی کامیابی کے لیے سرگرم ہیں۔
آزاد کشمیر میں اس سے قبل میرپور اور مظفرآباد ڈویژن میں انتخابات کے دو مراحل مکمل ہوچکے ہیں۔ اب تک مسلم لیگ ن 24 نشستیں حاصل کرکے سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے، جبکہ پیپلز پارٹی نے 10 نشستیں جیتی ہیں۔
حالیہ انتخابات کے دوران سیاسی کشیدگی اور بعض علاقوں میں احتجاج کے باعث انتخابی عمل کو مرحلہ وار مکمل کیا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ووٹرز کو پُرامن ماحول فراہم کرنا اور انتخابات کو شفاف انداز میں مکمل کرانا ترجیح ہے





