تحقیق کا انکشاف: سرمایہ کاروں کو متاثر کرنے کے لیے بعض اسٹارٹ اپس کی مبینہ جعلی کامیابی، مصنوعی کارکردگی دکھانے کا نیا طریقہ سامنے آگیا
ایک نئی تحقیق نے ٹیکنالوجی اور کاروباری دنیا میں اسٹارٹ اپس کے حوالے سے ایک اہم سوال اٹھا دیا ہے کہ کیا ہر تیزی سے بڑھتی ہوئی کمپنی واقعی کامیاب ہو رہی ہے یا بعض ادارے سرمایہ کاروں کا اعتماد برقرار رکھنے کے لیے کامیابی کا مصنوعی تاثر قائم کر رہے ہیں۔
برطانیہ کے امپیریل کالج اور فرانس کے ایم لیون بزنس اسکول کی مشترکہ تحقیق کے مطابق بعض سرمایہ کاری سے چلنے والے اسٹارٹ اپس نے اپنی اصل کاروباری مشکلات چھپانے اور کامیابی کا تاثر برقرار رکھنے کے لیے ایک ایسے طریقے کا استعمال کیا جسے محققین نے “فیسیاڈنگ” کا نام دیا ہے۔
تحقیق کے مطابق اس عمل میں کمپنیاں اپنی ظاہری کارکردگی، ترقی کے دعووں، مارکیٹ میں موجودگی اور مستقبل کے امکانات کو اس انداز میں پیش کرتی ہیں کہ سرمایہ کاروں کو کمپنی مضبوط اور کامیاب دکھائی دے، جبکہ اندرونی طور پر کاروباری نتائج توقعات کے مطابق نہ ہوں۔
محققین کا کہنا ہے کہ بعض کاروباری افراد صرف وقتی طور پر مشکلات چھپانے کے بجائے ایک مکمل حکمت عملی کے طور پر کامیابی کا ایک مصنوعی منظرنامہ تشکیل دیتے ہیں، اسے برقرار رکھتے ہیں اور سرمایہ کاروں کا اعتماد قائم رکھتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے استعمال سے یہ مسئلہ مزید پیچیدہ ہو سکتا ہے۔ اے آئی کے ذریعے جعلی ڈیٹا، مصنوعی مارکیٹنگ مواد، خودکار رپورٹس اور حقیقت سے مختلف کاروباری تجزیے تیار کرنا آسان ہو سکتا ہے، جس سے سرمایہ کاروں کے لیے اصل اور مصنوعی کامیابی میں فرق کرنا مشکل ہو جائے گا۔
اس تحقیق نے وینچر کیپیٹل کی دنیا میں شفافیت، آزادانہ نگرانی اور کمپنیوں کے دعووں کی سخت جانچ کی ضرورت کو اجاگر کیا ہے، کیونکہ اسٹارٹ اپس میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری اکثر مستقبل کے وعدوں اور تیز رفتار ترقی کے امکانات کی بنیاد پر کی جاتی ہے





