ملٹن کی معروف سماجی رہنما مالیحہ خان احمد میئر کے انتخاب میں میدان میں آگئیں

ملٹن کی معروف سماجی رہنما مالیحہ خان احمد میئر کے انتخاب میں میدان میں آگئیں

اونٹاریو کے شہر ملٹن میں ملٹن مسلم مامز کی بانی اور چیف ایگزیکٹو مالیحہ خان احمد نے آئندہ بلدیاتی انتخابات میں میئر کے عہدے کے لیے اپنی امیدوار ی کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے اپنی انتخابی مہم کا نعرہ “دل سے قیادت، مقصد کے ساتھ وژن” رکھا ہے۔
مالیحہ خان احمد کا کہنا ہے کہ گزشتہ دس برسوں سے وہ ملٹن کی مختلف کمیونٹیز کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہیں اور اسی تجربے نے انہیں مقامی حکومت میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔ ان کے مطابق شہر کے رہائشی بڑھتی ہوئی مہنگائی، ٹریفک، رہائشی مکانات کی قیمتوں اور بنیادی سہولیات تک رسائی جیسے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں، جن کے لیے عملی اور عوامی مفاد پر مبنی قیادت کی ضرورت ہے۔
مالیحہ خان احمد اس سے قبل ملٹن فیڈرل این ڈی پی رائیڈنگ ایسوسی ایشن کی صدر رہ چکی ہیں۔ وہ این ڈی پی کی خواتین اور نسلی و ثقافتی کمیٹیوں سے بھی وابستہ ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے Milton Muslim Moms کے پلیٹ فارم کے ذریعے فوڈ ڈرائیوز، ہسپتالوں کے لیے فنڈ ریزنگ، نوجوانوں کی تربیتی ورکشاپس اور بین المذاہب ہم آہنگی کے متعدد منصوبوں کی قیادت کی ہے۔
اپنے انتخابی منشور میں انہوں نے بزرگوں، طلبہ اور GO ٹرانزٹ استعمال کرنے والوں کے لیے مفت مقامی ٹرانزٹ، ذمہ دارانہ شہری ترقی، سستی رہائش، بچوں کی نگہداشت کی بہتر سہولیات اور مقامی انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کو اپنی ترجیحات قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ملٹن کی تیز رفتار ترقی کے ساتھ سڑکوں، صحت، تعلیم، پارکوں اور دیگر عوامی خدمات میں بھی متوازن سرمایہ کاری ضروری ہے۔
بلدیاتی انتخابات 26 اکتوبر 2026 کو منعقد ہوں گے، جن میں مالیحہ خان احمد ملٹن کے ووٹروں سے حمایت کی اپیل کریں گی۔

قومی خبریں سے مزید