اقوام متحدہ کی قیادت کی دوڑ: 6 امیدوار میدان میں، نئے سیکریٹری جنرل کو عالمی بحرانوں کا سامنا ہوگا

نیویارک: اقوام متحدہ کے موجودہ سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی مدت مکمل ہونے کے بعد عالمی ادارے کی سربراہی سنبھالنے کے لیے چھ امیدوار میدان میں آ گئے ہیں۔ نئے سیکریٹری جنرل کا انتخاب 2026 میں کیا جائے گا اور وہ یکم جنوری 2027 سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے عہدے کے لیے امیدواروں میں مختلف خطوں سے تعلق رکھنے والے سفارت کار اور سابق حکومتی عہدیدار شامل ہیں۔ ان امیدواروں میں چلی کی سابق صدر مشیل بیچلیٹ، ارجنٹائن کے رافیل گروسی، کوسٹا ریکا کی ربیقا گِرینسپان، سینیگال کے سابق صدر میکی سال، میکسیکو سے تعلق رکھنے والی ماریا فرنانڈا ایسپینوسا اور گیانا کی کیرولین روڈریگز برکیٹ شامل ہیں۔
امیدواروں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سامنے اپنے وژن، عالمی امن، انسانی حقوق، ترقی اور ادارے میں اصلاحات سے متعلق اپنی ترجیحات پیش کی ہیں۔ یہ انتخاب ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب اقوام متحدہ کو عالمی تنازعات، مالی مشکلات اور ادارے کے کردار پر بڑھتی ہوئی تنقید کا سامنا ہے۔
نئے سیکریٹری جنرل کے لیے سب سے بڑا چیلنج عالمی طاقتوں کے درمیان بڑھتی کشیدگی، جنگوں کے حل، موسمیاتی بحران، انسانی امداد اور اقوام متحدہ کی ساکھ کو مضبوط بنانا ہوگا۔
اقوام متحدہ کے سربراہ کا انتخاب سلامتی کونسل کی سفارش اور جنرل اسمبلی کی منظوری سے ہوتا ہے، جس میں بڑی طاقتوں کی حمایت فیصلہ کن کردار ادا کرتی ہے۔

قومی خبریں سے مزید