Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

سندھ حکومت کا سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا روکنے کے لیے ادارہ قائم کرنے کا منصوبہ

سندھ حکومت کا سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا روکنے کے لیے ادارہ قائم کرنے کا منصوبہ

کراچی: سندھ حکومت نے سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی مبینہ گمراہ کن معلومات اور منفی پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنے کے لیے صوبائی سطح پر ایک خصوصی سیل قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلہ سندھ کے محکمہ اطلاعات کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کی۔ اجلاس میں سوشل میڈیا پر غلط معلومات، جعلی خبروں اور ریاستی مفادات کے خلاف چلنے والی مہمات سے نمٹنے کے طریقۂ کار پر غور کیا گیا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ بعض عناصر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے ملک اور قومی مفادات کے خلاف گمراہ کن معلومات پھیلا رہے ہیں، اس لیے ایسے عناصر کے خلاف مؤثر قانونی کارروائی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اظہارِ رائے کی آزادی آئینی حق ہے، تاہم اس آزادی کو جھوٹی معلومات اور گمراہ کن پروپیگنڈے کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔
اجلاس میں تجویز دی گئی کہ ایک مخصوص صوبائی سطح کا سیل قائم کیا جائے جو سوشل میڈیا پر پھیلنے والی غلط معلومات کی نگرانی کرے، شکایات کا جائزہ لے اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطہ کرے۔
سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد درست معلومات کی فراہمی، جعلی خبروں کی روک تھام اور آن لائن ماحول کو زیادہ محفوظ بنانا ہے۔

قومی خبریں سے مزید