امریکی ایف بی آئی کی نئی ہدایت پر تنازع، امیگریشن اہلکاروں کے خلاف تحقیقات محدود کرنے کا الزام
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق ایف بی آئی نے مبینہ طور پر اپنے اہلکاروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ امیگریشن ادارے آئی سی ای (ICE) کے اہلکاروں کے ساتھ پیش آنے والے بعض تصادم کے واقعات کی تحقیقات نہ کریں۔ رپورٹ کے مطابق ایف بی آئی کے مینیجرز کو ایک تحریری نوٹس بھیجا گیا، جس میں اس تبدیلی سے آگاہ کیا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر یہ پالیسی نافذ ہوتی ہے تو وفاقی امیگریشن اہلکاروں کے اقدامات کی نگرانی محدود ہو سکتی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب وفاقی اہلکاروں کے ہاتھوں ہلاکتوں پر ملک بھر میں تنقید اور احتجاج جاری ہیں۔
یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب ہیوسٹن اور مین میں آئی سی ای اہلکاروں کی فائرنگ سے ہلاکتوں کے بعد مختلف ریاستوں میں احتجاج شروع ہوئے۔
امریکی محکمہ انصاف اور محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی نے اس بات کی تردید کی ہے کہ تحقیقات کے طریقہ کار میں کوئی تبدیلی کی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وفاقی اہلکاروں پر حملوں کے مقدمات میں قانون کے مطابق کارروائی جاری رہے گی۔





