بنو میں مشترکہ آپریشن جاری، ایک دہشت گرد ہلاک، 8 مشتبہ افراد گرفتار
بنو: خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن تیسرے روز بھی جاری رہا، جس کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ 8 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس کے مطابق یہ کارروائی بنوں کے علاقے گریرا شاہ جہان میں ضلعی پولیس، ایلیٹ فورس، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور پاک فوج نے مشترکہ طور پر کی۔ آپریشن کی قیادت ڈسٹرکٹ پولیس افسر کیپٹن (ر) محمد فرقان بلال نے کی۔
حکام کے مطابق کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد اس وقت مارا گیا جب وہ مبینہ طور پر بارودی مواد سے تیار کردہ دھماکا خیز آلہ (آئی ای ڈی) نصب کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ سکیورٹی اہلکاروں نے اس کے قبضے سے اے کے 47 رائفل، میگزین اور دیگر سامان برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کے مطابق آپریشن کے دوران 8 مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کیا گیا، جنہیں مزید تفتیش کے لیے سی ٹی ڈی اور ضلعی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ سرچ آپریشن کے دوران ایک مطلوب دہشت گرد زرگل عرف “انکل” کے گھر سے دو موٹر سائیکلیں اور ایک رکشہ بھی برآمد کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ بنوں اور ملحقہ علاقوں میں دہشت گردی کے خاتمے، امن و امان برقرار رکھنے اور عوام کے تحفظ کے لیے مشترکہ کارروائیاں جاری رہیں گی۔ یہ آپریشن ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب حالیہ دنوں میں بنوں ضلع میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ رپورٹ ہوا ہے۔





