آئی سی سی کا ورلڈ کپ فارمیٹ تبدیل، پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک اضافی مقابلے کا امکان
دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مردوں کے 2027 ون ڈے ورلڈ کپ اور 2028 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فارمیٹس میں بڑی تبدیلیوں کا اعلان کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک سے زائد مقابلوں کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
نئے فارمیٹ کے تحت 2027 کا ون ڈے ورلڈ کپ 14 ٹیموں پر مشتمل ہوگا۔ ابتدائی مرحلے میں تین کم رینک والی ٹیمیں ایک پریلیمینری مرحلے میں حصہ لیں گی، جہاں سے صرف ایک ٹیم اگلے مرحلے میں جائے گی۔ اس کے بعد 12 ٹیموں کا گروپ مرحلہ ہوگا، جس میں نئی “سپر سیون” راؤنڈ شامل کی گئی ہے۔
نئے نظام میں اضافی راؤنڈ رابن میچز شامل ہونے کی وجہ سے پاکستان اور بھارت کے دوبارہ آمنے سامنے آنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان باہمی سیریز طویل عرصے سے سیاسی کشیدگی کے باعث نہیں ہو رہی، اس لیے ان کا مقابلہ زیادہ تر صرف آئی سی سی ایونٹس میں ہی ہوتا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق فارمیٹ میں تبدیلی کا مقصد مقابلوں کو مزید دلچسپ بنانا، کم اہم میچز کو کم کرنا اور ہر میچ کی اہمیت بڑھانا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2028 میں بھی تبدیلیاں
2028 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 20 ٹیمیں ہی شامل رہیں گی، تاہم گروپ مرحلے میں تبدیلی کی گئی ہے۔ اب پانچ گروپس میں چار، چار ٹیمیں ہوں گی، جن میں سے 10 ٹیمیں سپر 10 مرحلے میں پہنچیں گی۔ اس کے بعد ایلیمینیٹر مرحلہ ہوگا جس کے ذریعے سیمی فائنل لائن اپ مکمل کی جائے گی۔
کرکٹ ماہرین کے مطابق پاکستان اور بھارت کا مقابلہ دنیا کے سب سے زیادہ دیکھے جانے والے کرکٹ میچز میں شمار ہوتا ہے، جس سے نشریاتی حقوق اور تجارتی آمدنی میں بھی بڑا اضافہ ہوتا ہے۔





