امریکی وفد بیروت پہنچ گیا، جنوبی لبنان سے اسرائیلی انخلا کے طریقہ کار پر بات چیت

امریکی وفد بیروت پہنچ گیا، جنوبی لبنان سے اسرائیلی انخلا کے طریقہ کار پر بات چیت

امریکی فوجی وفد نے بیروت میں لبنانی فوج کے حکام سے ملاقات کر کے جنوبی لبنان کے ان علاقوں سے اسرائیلی انخلا کے طریقہ کار پر گفتگو کی ہے جہاں اسرائیلی فوج تعینات ہے۔

روزنامہ ڈان کی رپورٹ کے مطابق یہ مذاکرات ایک فریم ورک معاہدے کے تحت ہو رہے ہیں، جس کے مطابق اسرائیل جنوبی لبنان کے بعض علاقوں سے مرحلہ وار اپنی فوج واپس بلائے گا اور ان علاقوں کا کنٹرول لبنانی فوج سنبھالے گی۔

رپورٹ کے مطابق 26 جون کو طے پانے والے معاہدے میں کہا گیا ہے کہ جنوبی لبنان میں دو محدود علاقوں کو “پائلٹ زونز” قرار دیا گیا ہے، جہاں لبنانی فوج کو مرحلہ وار تعینات کیا جائے گا۔

ایک لبنانی فوجی اہلکار نے بتایا کہ امریکی فوجی وفد نے لبنانی فوجی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں شروع کر دی ہیں تاکہ پہلے پائلٹ زون سے اسرائیلی انخلا کے انتظامات اور لبنانی فوج کی تعیناتی کے طریقہ کار کو حتمی شکل دی جا سکے۔

دوسری جانب جنوبی لبنان میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری رہنے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ امریکی ڈیموکریٹ رکنِ کانگریس رو کھنہ نے بھی الزام عائد کیا ہے کہ مغربی کنارے کے دورے کے دوران انہیں مسلح اسرائیلی آباد کاروں نے حراست میں لیا، جن کے پاس امریکی ساختہ رائفلیں تھیں۔

جنوبی لبنان میں حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان طویل کشیدگی کے بعد ہونے والی اس پیش رفت کو خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم مبصرین کے مطابق اصل چیلنج جنگ بندی کے وعدوں پر عمل درآمد اور زمینی صورتحال کو قابو میں رکھنا ہے

قومی خبریں سے مزید