امریکی وزیر دفاع کا حیران کن راز، روبیو نے پیٹ ہیگستھ کو ’بلیوں کا آدمی‘ قرار دے دیا
امریکی وزیر دفاع کا حیران کن راز، روبیو نے پیٹ ہیگستھ کو ’بلیوں کا آدمی‘ قرار دے دیا
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کی نجی زندگی کا ایک ایسا دلچسپ پہلو ظاہر کر دیا ہے جس نے واشنگٹن کی سخت سیاسی فضا میں ہلکی پھلکی دلچسپی پیدا کر دی ہے،روبیو کے مطابق دفاعی وزیر، جن کی سیاسی شناخت ایک سخت گیر قدامت پسند اور سابق فوجی افسر کے طور پر ہے، دراصل بلیاں پالنے والے شخص ہیں
روبیو نے قدامت پسند میڈیا شخصیت کیٹی ملر کے پوڈکاسٹ میں اپنی اہلیہ جینیٹ روبیو کے ساتھ گفتگو کے دوران بتایا کہ ہیگستھ ان کے پڑوسی ہیں اور دونوں خاندان واشنگٹن کے فورٹ لیسلے جے میک نائر فوجی اڈے میں رہائش پذیر ہیں،روبیو نے بتایا کہ ہیگستھ کے گھر میں بلیاں ہیں اور ان کے اہل خانہ گھر کا مرکزی دروازہ اکثر کھلا رکھتے ہیں تاکہ بلیاں اندر باہر آ جا سکیں
روبیو نے ہنستے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی ہیگستھ کو ’’بلیوں کا آدمی‘‘ نہیں سمجھا تھا،لیکن ان کے مطابق ہیگستھ کی ایک بلی تو اس حد تک بے خوف اور خود اعتماد ہے کہ رات کو روبیو کے گھر واپس آنے پر اکثر ان کے برآمدے میں بیٹھی ملتی ہے
دلچسپ بات یہ ہے کہ روبیو کے مطابق یہ بلی ان کے قریب آنے پر بھاگنے کے بجائے انہیں ہی ایسے دیکھتی ہے جیسے روبیو اس کے گھر میں داخل ہو گئے ہوں،روبیو نے اس رویے کو مزاحیہ انداز میں ’’انتہائی مغرور بلی‘‘ قرار دیا
دونوں خاندانوں کے پالتو جانوروں کی آزادانہ آمدورفت کا ایک اور دلچسپ واقعہ بھی روبیو نے سنایا،ان کے مطابق ایک مرتبہ ان کا کتا ہیگستھ کے گھر کا دروازہ کھلا دیکھ کر اندر چلا گیا،کتے نے اندر جا کر اردگرد دیکھا، جیسے اسے احساس ہوا ہو کہ وہ غلط گھر میں پہنچ گیا ہے، پھر واپس باہر آ گیا
روبیو نے بتایا کہ ان کے اپنے گھر کا ایک کتا غیر معمولی ذہین ہے اور دروازہ خود کھولنے کی صلاحیت رکھتا ہے،اس گفتگو میں دونوں نے اپنے پالتو جانوروں کے بارے میں بات کی، جس سے امریکی انتظامیہ کے دو انتہائی اہم عہدیداروں کی نجی زندگی کا ایک غیر معمولی اور نسبتاً غیر سیاسی پہلو سامنے آیا
ہیگستھ اور روبیو کی رہائش بھی معمول سے ہٹ کر ہے،دونوں خاندان واشنگٹن کے فوجی اڈے فورٹ میک نائر میں رہتے ہیں، جہاں ٹرمپ انتظامیہ کے متعدد اعلیٰ عہدیداروں نے سکیورٹی خدشات اور احتجاج کے خطرات کے باعث رہائش اختیار کی ہے
یوں امریکی خارجہ اور دفاعی پالیسی کے دو اہم ترین چہروں کی یہ گفتگو جنگوں، سفارت کاری اور قومی سلامتی سے ہٹ کر ایک ایسے موضوع پر مرکوز ہو گئی جس کی شاید واشنگٹن میں کسی کو توقع نہیں تھی: وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کی بلیاں اور ان کی مبینہ ’مغرور‘ پڑوسی بلی


