عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے کی اطلاعات، بیرونِ ملک یا بنی گالا منتقلی کی قیاس آرائیاں تیز، صحت کے نام پر نئے سیاسی منظرنامے کی تیاری؟
عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے کی اطلاعات، بیرونِ ملک یا بنی گالا منتقلی کی قیاس آرائیاں تیز، صحت کے نام پر نئے سیاسی منظرنامے کی تیاری؟
پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی صحت کے بارے میں ایک بار پھر انتہائی تشویشناک اطلاعات سامنے آئی ہیں،پاکستان میں موجود ایک باخبر ذریعے نے بتایا ہے کہ عمران خان کو طبی معائنے اور علاج کے لیے اسپتال منتقل کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے، جبکہ ان کا بلڈ پریشر بھی غیر معمولی حد تک بڑھنے کی اطلاعات ہیں،ذریعے کے مطابق عمران خان کی آنکھوں کا مسئلہ بھی بدستور تشویش کا باعث ہے اور ان کی بینائی سے متعلق پیچیدگیاں بڑھ رہی ہیں
اس ذریعے کے مطابق ممکنہ طور پر اسپتال منتقلی کے بعد عمران خان کو علاج کے لیے بیرونِ ملک بھیجنے کا راستہ اختیار کیا جا سکتا ہے،تاہم اگر عمران خان نے بیرونِ ملک جانے سے انکار کیا تو انہیں جیل سے نکال کر بنی گالا منتقل کرنے اور وہاں نظر بند رکھنے کی تجویز موجود ہے،اس اطلاع کے مطابق بنی گالا کو ان کے لیے ایک طرح کی گھریلو حراست میں تبدیل کیا جا سکتا ہے
یہ تمام اطلاعات اس وقت تک آزادانہ طور پر سرکاری سطح پر تصدیق شدہ نہیں ہیں، لیکن ان کی اہمیت اس لیے بڑھ جاتی ہے کہ عمران خان کی صحت اور ان کی جیل میں موجودگی کے حوالے سے گزشتہ کئی ماہ سے غیر معمولی صورتحال جاری ہے
عمران خان کی صحت کا معاملہ پہلی مرتبہ نہیں اٹھا،رواں سال فروری میں ان کی دائیں آنکھ کی بینائی کے بارے میں شدید تشویش سامنے آئی تھی،ان کے وکیل سلمان صفدر نے سپریم کورٹ کی ہدایت پر ان سے ملاقات کے بعد عدالت کو بتایا تھا کہ عمران خان کی بینائی میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور ان کی شکایات کے باوجود مناسب طبی کارروائی میں تاخیر ہوئی،بعد میں حکومتی طبی بورڈ نے ان کی بینائی میں بہتری کا دعویٰ کیا، جسے عمران خان کے خاندان نے تسلیم نہیں کیا
عمران خان کے وکلا اور اہل خانہ تک رسائی بھی ایک طویل عرصے سے ناممکن بنا دی گئی ہے،دستیاب ریکارڈ کے مطابق 10 فروری 2026 کو سلمان صفدر کی ملاقات سپریم کورٹ کی مداخلت کے بعد ہوئی تھی،اس سے قبل دسمبر 2025 کے بعد ایک طویل وقفے کے دوران ان سے قانونی ٹیم کی بھی ملاقات نہیں ہو سکی،فروری میں بھی عمران خان کی بہنوں کو کئی مرتبہ اڈیالہ جیل جانے کے باوجود ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی
مارچ میں بھی عمران خان کی بہنوں کو ان سے ملاقات سے روکنے کی خبر سامنے آئی، حالانکہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے خاندان، وکلا اور دیگر متعلقہ افراد کو ہفتے میں دو مرتبہ ملاقات کی اجازت دے رکھی تھی،اس رپورٹ کے مطابق سلمان صفدر کی 10 فروری کی ملاقات ہی طویل وقفے کے بعد پہلی ملاقات تھی
اسی پس منظر میں اب یہ سوال اہم ہو گیا ہے کہ عمران خان کی صحت کے حوالے سے مسلسل سامنے آنے والی اطلاعات محض طبی مسئلے کا معاملہ ہیں یا آنے والے دنوں میں ان کی قید کی نوعیت تبدیل کرنے کے لیے سیاسی اور انتظامی ماحول بھی تیار کیا جا رہا ہے
پاکستانی سیاست میں ماضی میں یہ دیکھا گیا ہے کہ کسی بڑے سیاسی رہنما کی جیل سے منتقلی، علاج یا بیرونِ ملک روانگی سے پہلے اس کی صحت کے بارے میں ایک طویل بیانیہ تشکیل پاتا ہے،سابق وزیراعظم نواز شریف کی جیل سے اسپتال منتقلی اور بعد ازاں بیرونِ ملک روانگی اس حوالے سے ایک نمایاں مثال سمجھی جاتی ہے،اس وقت بھی ان کی بیماری، پلیٹ لیٹس اور جان کو لاحق خطرے کے بارے میں شدید تشویش کا ماحول پیدا ہوا تھا، جس کے بعد حکومت نے طبی اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر انہیں بیرونِ ملک جانے کی اجازت دی تھی
عمران خان کے معاملے میں بھی گزشتہ کئی ماہ سے ایک ایسا ہی ماحول بنتا دکھائی دے رہا ہے، اگرچہ دونوں معاملات کو طبی اعتبار سے ایک جیسا قرار دینا درست نہیں ہوگا،کبھی ان کی صحت خراب ہونے کی اطلاعات آتی ہیں، کبھی حکام کی طرف سے کہا جاتا ہے کہ ان کی حالت بہتر ہے، جبکہ خاندان اور تحریک انصاف کی طرف سے ان کے علاج اور طبی سہولیات پر سوالات اٹھائے جاتے رہے ہیں
اس صورتحال میں آج کی ایک اور خبر نے سیاسی اضطراب میں اضافہ کر دیا،جب صحافی وجاہت سعید خان کی طرف سے عمران خان کی موت سے متعلق ایک غیر مصدقہ اطلاع سامنے آنے کے بعد تحریک انصاف نے بھی ان کی صحت کے بارے میں شدید تشویش کا اظہار کیا،تاہم عمران خان کی موت کی کوئی معتبر یا سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی، اس لیے اس دعوے کو خبر کے طور پر حتمی حقیقت قرار دینا ممکن نہیں
اصل سوال عمران خان کی صحت سے بھی آگے بڑھ کر پاکستان کے سیاسی اور عدالتی نظام کی ساخت کا ہے
پاکستان میں عمران خان کے حامی یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ اگر ایک مقبول سیاسی رہنما کو برسوں تک جیل میں رکھا جائے، اس کی قانونی ٹیم اور خاندان کو ملاقاتوں کے لیے بار بار عدالتوں سے رجوع کرنا پڑے، اور پھر اس کی صحت کے بارے میں متضاد اطلاعات مسلسل سامنے آتی رہیں تو یہ محض ایک قیدی کا مسئلہ نہیں رہتا بلکہ ریاستی نظام کی ساکھ کا سوال بن جاتا ہے
اسی تناظر میں بعض حلقوں کا خیال ہے کہ ریاست اب عمران خان کو موجودہ شکل میں مسلسل جیل میں رکھنے کے سیاسی اور انتظامی اخراجات پر بھی غور کر رہی ہوگی،بنی گالا منتقل کرنے کی تجویز اگر واقعی زیر غور ہے تو اسے صرف ایک طبی فیصلہ سمجھنا مشکل ہوگا، کیونکہ اس سے عمران خان جیل سے باہر تو آ جائیں گے لیکن سیاسی طور پر آزاد نہیں ہوں گے،وہ گھر میں رہتے ہوئے بھی عملاً نظر بندی میں ہوں گے
بنی گالا کا نام اس لیے بھی اہم ہے کہ ماضی میں عمران خان کو گھر میں نظر بند رکھنے کی تجویز یا پیشکش کی اطلاعات سامنے آ چکی ہیں،2024 کے آخر میں عمران خان کے اپنے بیان کے مطابق انہیں ایک ایسی تجویز دی گئی تھی جس کے تحت انہیں بنی گالا میں نظر بند رکھنے کے بدلے سیاسی گنجائش فراہم کرنے کی بات کی گئی تھی، جسے انہوں نے مسترد کر دیا تھا
لیکن موجودہ صورتحال میں اصل مسئلہ یہ ہے کہ اگر عمران خان کو جیل سے نکال کر بنی گالا منتقل بھی کر دیا جاتا ہے تو کیا اس سے سیاسی بحران ختم ہو جائے گا؟
غالباً نہیں
بلکہ اس کے برعکس یہ اقدام ایک نئے مرحلے کا آغاز کر سکتا ہے،کیونکہ عمران خان کو جیل میں رکھنے کی موجودہ پالیسی نے پہلے ہی عدالتوں، حکومت اور ریاستی اداروں کے کردار پر بڑے سوالات پیدا کیے ہیں،اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججوں کی طرف سے ماضی میں ریاستی اداروں کی عدالتی معاملات میں مداخلت کے الزامات اور اس معاملے پر سپریم کورٹ کی کارروائی نے بھی پاکستان کے عدالتی نظام کی آزادی کے بارے میں شدید بحث کو جنم دیا تھا،متعلقہ ریاستی اداروں نے ان الزامات کی تردید کی تھی،
یہی وجہ ہے کہ عمران خان کا معاملہ اب صرف عمران خان کا معاملہ نہیں رہا،یہ پاکستان میں ریاست، سیاست، عدالت اور عوامی مینڈیٹ کے درمیان تعلق کا امتحان بن چکا ہے
اگر حکومت اور ریاست یہ سمجھتی ہے کہ عمران خان کو اڈیالہ جیل میں رکھنا اب سیاسی طور پر زیادہ مہنگا پڑ رہا ہے اور انہیں بنی گالا منتقل کر کے معاملہ ٹھنڈا کیا جا سکتا ہے تو یہ بھی ایک ممکنہ راستہ ہے، غیر جانبدار تجزیہ نگار سمجھتے ہیں مسئلہ صرف مقام کی تبدیلی سے حل نہیں ہوگا،اڈیالہ جیل سے بنی گالا منتقلی عمران خان کی سیاسی حیثیت کو ختم نہیں کرے گی،اگر انہیں وہاں بھی سیاسی رابطوں، ملاقاتوں اور اظہارِ رائے سے روکا گیا تو وہی بنیادی سوال برقرار رہے گا کہ ریاست ایک مقبول سیاسی رہنما کو کس حد تک اور کب تک محدود رکھ سکتی ہے
اور یہی اس پوری صورتحال کا سب سے بڑا سوال ہے،
تجزیہ نگار سمجھتے ہیں کہ اگر موجودہ اطلاعات درست ثابت ہوتی ہیں تو اگلا مرحلہ عمران خان کی جیل سے کسی طبی مرکز تک منتقلی، اس کے بعد ممکنہ بیرونِ ملک علاج کی بات اور، اگر وہ انکار کریں، تو بنی گالا میں نظر بندی ہو سکتا ہے،لیکن یہاں سے ایک اور مرحلہ شروع ہوگا،بنی گالا بھی اس مسئلے کا مستقل حل نہیں بن سکے گا، کیونکہ عمران خان کی سیاسی طاقت ان کی عمارت، جیل یا رہائش گاہ میں نہیں بلکہ ان کے عوامی اثر میں ہے، اور پاکستان کے ریاستی نظام کے ساتھ عوامی نبض کو سمجھنے والے جانتے ہیں ریاست اور اسکا نظام اسقدر کمزور اور متنازعہ ہوچکا ہے کہ وہ نواز شریف سے عمران خان تک کسی بھی بڑے سیاسی رہنما کو طویل عرصے تک جیل میں یا اسی رہنما کے گھر میں قید رکھنے کی سکت نہیں رکھتی ،
پاکستان کا موجودہ سیاسی نظام پہلے ہی اتنے بڑے بحرانوں، متنازع فیصلوں اور اداروں پر عدم اعتماد کا شکار ہے کہ ایک سیاسی رہنما کو جیل سے گھر منتقل کرنا شاید وقتی انتظام تو ہو سکتا ہے، مستقل سیاسی حل نہیں
اس لیے آج سامنے آنے والی اطلاعات کو صرف عمران خان کی صحت کی خبر سمجھنا شاید کافی نہیں، یہ ممکن ہے کہ پاکستان میں ایک نئے سیاسی انتظام کی تیاری ہو رہی ہو، جس میں جیل کی جگہ گھر کی نظر بندی لے لے،لیکن اگر ریاست یہ سمجھتی ہے کہ صرف اڈیالہ جیل کو بنی گالا سے بدل دینے سے عمران خان کا سیاسی باب بند ہو جائے گا تو شاید اصل حقیقت اس کے برعکس ہو
کیونکہ مسئلہ اب ایک شخص کی قید کا نہیں رہا، بلکہ اس پورے نظام کی ساکھ کا بن چکا ہے۔ اور جب ریاستی اداروں، حکومت اور عدالتوں پر عوام کا اعتماد مسلسل کم ہوتا جائے تو نظام بظاہر قائم رہتے ہوئے بھی اندر سے کمزور ہوتا جاتا ہے، ایسے نظام میں بحران ختم نہیں ہوتے، صرف ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہوتے ہیں


