فیصل آباد میں شوہر اور تین بیٹیوں کو زہر دینے کے الزام میں خاتون اور دوست گرفتار
فیصل آباد میں شوہر اور تین بیٹیوں کو زہر دینے کے الزام میں خاتون اور دوست گرفتار
فیصل آباد میں صدر پولیس نے شوہر کو مبینہ طور پر زہر دے کر قتل کرنے اور اپنی تین کمسن بیٹیوں کو بھی زہر دینے کے الزام میں ایک خاتون اور اس کے دوست کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ 23 جولائی کو فیصل آباد کے جڑانوالہ روڈ پر سیتارا پارک کے علاقے میں پیش آیا، جہاں اظہر علی اپنے گھر میں پراسرار طور پر انتقال کرگئے، جبکہ ان کی تین بیٹیاں بے ہوش ہوگئیں۔
متوفی کے بھائی محمد طاہر کی جانب سے درج مقدمے کے مطابق بعد میں معلوم ہوا کہ اظہر علی کی اہلیہ اسما بی بی کے لاہور کے رہائشی بابر علی سے مبینہ تعلقات تھے۔ ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ دونوں نے شادی کرنے کے منصوبے کے تحت اظہر علی اور ان کی تین بیٹیوں کو زہر دیا۔
زہر کے باعث اظہر علی جانبر نہ ہوسکے، تاہم ان کی تینوں بیٹیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی جان بچالی۔
پولیس نے مقدمے کے بعد اسما بی بی اور بابر علی کو گرفتار کرلیا ہے اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
دریں اثنا، چک جھمرہ پولیس نے ایک الگ مقدمے میں سرکاری ٹیوب ویل آپریٹر محمد رضوان کو اپنے ساتھی ٹیوب ویل آپریٹر احتشام اشرف کو کپڑے سے گلا گھونٹ کر قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق مقتول نے ملزم کی ڈیوٹی سے غیرحاضری کی شکایت حکام سے کی تھی، جس پر مبینہ طور پر رنجش پیدا ہوئی۔
فیصل آباد میں ایک اور حادثے میں امین پور بائی پاس روڈ کے قریب گندم کی بوریوں سے لدا منی ٹرک موٹر سائیکل رکشے سے ٹکرا گیا۔ گندم کی بوریاں رکشے پر گرنے سے ڈرائیور دب کر جاں بحق ہوگیا، جس کی شناخت عبدالغفور، 32 سال کے نام سے ہوئی۔
ادھر محکمہ زراعت کی ٹیم نے فیصل آباد کے چک 67 ج ب کے قریب ایک گودام پر چھاپہ مار کر 37 ہزار کلوگرام سے زائد جعلی زرعی ادویات برآمد کرلیں۔ پولیس نے گودام کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کرکے وہاں موجود ایک کارکن کو گرفتار کرلیا ہے۔


