پی ٹی آئی کی 5 اگست ریلی کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ کا اعتراض مسترد
پی ٹی آئی کی 5 اگست ریلی کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ کا اعتراض مسترد
لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 5 اگست کو مینارِ پاکستان پر جلسے کی اجازت کے لیے دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کر دیا ہے۔ عدالت نے درخواست کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔
جسٹس مرزا وقاص رؤف نے پی ٹی آئی لاہور کے صدر میاں اکرم عثمان کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ پارٹی نے 22 جولائی کو جلسے کے لیے اجازت نامہ (این او سی) حاصل کرنے کی درخواست جمع کرائی تھی اور سیکیورٹی، ٹریفک اور انتظامی ضابطوں پر مکمل عملدرآمد کی یقین دہانی بھی کرائی تھی۔
درخواست گزار کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے بار بار رابطوں کے باوجود نہ اجازت دی اور نہ ہی باضابطہ طور پر انکار کیا، جسے انہوں نے انتظامی تاخیر اور بنیادی سیاسی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا۔
پی ٹی آئی نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ضلعی انتظامیہ کو جلسے کی اجازت دینے اور ضروری سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی جائے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ پرامن سیاسی اجتماعات آئینی حقوق کا حصہ ہیں اور انتظامیہ انہیں بلاجواز روک نہیں سکتی۔


