Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

ہومامریکہامریکہ سے بے دخلی کے بعد گواٹے مالا واپس جانے والا جوڑا...

ٹرینڈنگ

امریکہ سے بے دخلی کے بعد گواٹے مالا واپس جانے والا جوڑا قتل

امریکہ سے بے دخلی کے بعد گواٹے مالا واپس جانے والا جوڑا قتل

سینٹ لوئس: امریکی ریاست میسوری کے شہر اوورلینڈ سے تعلق رکھنے والے ایک شادی شدہ جوڑے کو، جو حال ہی میں امریکہ سے گواٹے مالا واپس گیا تھا، نامعلوم افراد نے اغوا کے بعد قتل کر دیا۔

امریکی نشریاتی ادارے سینٹ لوئس پبلک ریڈیو کی رپورٹ کے مطابق، نکسن جیووانی پیریز پاز اور ان کی اہلیہ گلینڈی ماریسول گونزالیز دے لا کروز کی لاشیں گزشتہ ہفتے گواٹے مالا کے ایک گنے کے کھیت سے برآمد ہوئیں۔ دونوں کے ہاتھ بندھے ہوئے تھے اور انہیں گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق، نکسن پیریز پاز کو گزشتہ سال امریکی ادارہ امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) نے ملک بدر کر کے گواٹے مالا بھیج دیا تھا۔ اس کے چند ہفتوں بعد ان کی اہلیہ گلینڈی ماریسول گونزالیز نے رضاکارانہ طور پر امریکہ چھوڑ کر اپنے شوہر کے ساتھ رہنے کے لیے گواٹے مالا واپس جانے کا فیصلہ کیا تھا۔

خاندانی ذرائع کے مطابق، جوڑا نئی زندگی شروع کرنے کی کوشش کر رہا تھا، لیکن وطن واپسی کے چند ہی ہفتوں بعد دونوں پراسرار حالات میں لاپتہ ہو گئے۔ بعد ازاں ان کی لاشیں ایک گنے کے کھیت سے ملیں، جن پر تشدد اور گولیوں کے نشانات موجود تھے۔

مقامی حکام نے قتل کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، تاہم تاحال کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی اور نہ ہی قتل کی وجہ سرکاری طور پر بتائی گئی ہے۔

اس افسوسناک واقعے نے امریکہ سے بے دخل کیے جانے والے تارکینِ وطن کی سلامتی سے متعلق نئے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ ایسے افراد، جو برسوں امریکہ میں رہنے کے بعد اپنے آبائی ممالک واپس بھیجے جاتے ہیں، اکثر جرائم پیشہ گروہوں، بھتہ خوروں اور دیگر خطرات کا آسان ہدف بن جاتے ہیں۔

یہ واقعہ امریکہ کی امیگریشن پالیسی اور ملک بدری کے بعد متاثرہ افراد کی حفاظت کے حوالے سے ایک نئی بحث کو جنم دے رہا ہے

مزید پڑھیں