نیوزی لینڈ کے عام انتخابات کے حتمی نتائج نے وزیراعظم کرسٹوفر لکسن کی سربراہی میں قائم دائیں بازو کے حکومتی اتحاد کو پارلیمانی اکثریت سے محروم کردیا ہے،اب حکومت برقرار رکھنے اور نئے انتخابات سے بچنے کے لیے اسے نئی اور نسبتاً وسطی سیاسی جماعت آفرچونٹی پارٹی کی حمایت درکار ہوگی
7 نومبر کو سامنے آنے والے ابتدائی نتائج میں نیشنل پارٹی اور اس کے دو اتحادیوں، نیوزی لینڈ فرسٹ اور ایکٹ پارٹی کو معمولی اکثریت حاصل ہوئی تھی، تاہم بیرون ملک اور اپنے انتخابی حلقوں سے باہر ڈالے گئے تقریباً 4 لاکھ 85 ہزار خصوصی ووٹوں کی گنتی کے بعد سیاسی صورتحال تبدیل ہوگئی
نیوزی لینڈ کے الیکشن کمیشن کے جمعرات کو جاری کردہ حتمی نتائج کے مطابق نیشنل پارٹی دو نشستیں کھو کر 40 پر آگئی، جبکہ لیبر پارٹی نے 36 نشستیں برقرار رکھیں،گرین پارٹی کی نشستیں بڑھ کر 17 ہوگئیں، ایکٹ پارٹی کو 13، نیوزی لینڈ فرسٹ کو 12، آفرچونٹی پارٹی کو 7 اور ماوری جماعت تی پاتی ماوری کو 5 نشستیں حاصل ہوئیں
130 ارکان پر مشتمل نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ میں حکومت بنانے کے لیے کم از کم 66 نشستوں کی حمایت ضروری ہے، جبکہ نیشنل پارٹی کی سربراہی میں قائم حکومتی اتحاد کے پاس مجموعی طور پر 65 نشستیں ہیں
ان نتائج کے بعد آفرچونٹی پارٹی حکومت سازی کے لیے اہم حیثیت اختیار کرگئی ہے،وزیراعظم کرسٹوفر لکسن کو حکومت برقرار رکھنے کے لیے اس جماعت کی حمایت حاصل کرنا ہوگی، بصورت دیگر ملک میں دوبارہ عام انتخابات کی نوبت آسکتی ہے







