سلیکن ویلی کی اجارہ داری کو چیلنج، امریکی ٹیکنالوجی اسٹارٹ اپس چین کے شہر شینژن منتقل ہونے لگے، کم لاگت اور چند گھنٹوں میں تیار ہونے والی مصنوعات نے کاروباری دنیا کا رخ بدل دیا
شینژن، چین: دنیا کی ٹیکنالوجی کا نقشہ تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے،جس امریکہ نے کئی دہائیوں تک سلیکن ویلی کو جدید ٹیکنالوجی،تخلیق و اختراعات اور اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کا عالمی مرکز بنائے رکھا، اسی امریکہ کے نئے کاروباری ادارے اب اپنی مصنوعات تیار کرنے اور کاروبار کو وسعت دینے کے لیے چین کے صنعتی شہر شینژن کا رخ کر رہے ہیں،یہ تبدیلی محض کاروباری مقامات کی منتقلی نہیں بلکہ عالمی ٹیکنالوجی کی صنعت میں طاقت، سرمایہ کاری اور مینوفیکچرنگ کے بدلتے ہوئے توازن کی عکاسی کرتی ہے
امریکی نشریاتی ادارے NBC News کی 26 نومبر 2026 کی خصوصی رپورٹ کے مطابق متعدد امریکی اسٹارٹ اپ کمپنیاں شینژن میں اپنے دفاتر اور کاروباری سرگرمیاں منتقل کر رہی ہیں،ان کمپنیوں کے بانیوں کا کہنا ہے کہ شینژن میں الیکٹرانک پرزہ جات بنانے والے ادارے، انجینئرز، ڈیزائنرز اور فیکٹریاں ایک دوسرے کے اتنے قریب ہیں کہ کسی نئی مصنوعات کا تصور چند دنوں کے بجائے بعض اوقات چند گھنٹوں میں عملی شکل اختیار کر سکتا ہے
سان فرانسسکو کی اسمارٹ ویئرایبلز کمپنی Mentra کے بانی انجینئر نکولو میکلیٹی کے مطابق شینژن میں ہارڈویئر تیار کرنے کے لیے درکار تقریباً ہر چیز ان کے دفتر سے چند منٹ کی ٹیکسی سواری کے فاصلے پر موجود ہے،ان کا کہنا ہے کہ یہاں مصنوعات تیار کرنے والی کمپنیاں، ڈیزائننگ کے ماہرین اور مختلف نوعیت کے پرزے فراہم کرنے والے ادارے ایک ہی صنعتی نظام کا حصہ ہیں، جس سے نئی مصنوعات کی تیاری اور ان میں تبدیلی کرنا انتہائی آسان ہو جاتا ہے
شینژن کی اصل طاقت اس کا وسیع صنعتی نیٹ ورک ہے،چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ میں واقع یہ شہر تقریباً 1 کروڑ 80 لاکھ آبادی رکھتا ہے اور ہانگ کانگ کے شمال میں واقع ہے،تقریباً نصف صدی پہلے یہ ایک چھوٹا سا ماہی گیر گاؤں تھا، لیکن 1970 کی دہائی کے اواخر میں چین کی معاشی اصلاحات کے بعد اسے آزاد کاروباری سرگرمیوں کی اجازت دینے والے پہلے شہروں میں شامل کیا گیا،اس کے بعد الیکٹرانکس، کھلونوں، کپڑوں اور صنعتی مصنوعات کی تیاری نے اسے عالمی مینوفیکچرنگ کا ایک بڑا مرکز بنا دیا
آج یہی شہر صرف سستی اشیا کی تیاری تک محدود نہیں رہا بلکہ جدید ٹیکنالوجی اور اختراعات میں بھی نمایاں مقام حاصل کر چکا ہے،ہواوے، ٹینسنٹ اور BYD جیسی بڑی کمپنیاں اسی شہر میں موجود ہیں،خودکار ٹیکسیاں، ڈرون کے ذریعے کھانے کی ترسیل اور جدید الیکٹرانکس کی صنعت اس کے بدلتے ہوئے معاشی تشخص کی مثالیں ہیں
امریکی اسٹارٹ اپ کمپنی Domayn میں کام کرنے والی نیو جرسی سے تعلق رکھنے والی انجینئر ہیدر نیلسن کے مطابق شینژن میں ان کی ٹیم بہت کم وقت اور کم اخراجات میں اپنی مصنوعات تیار کرنے کے مراحل مکمل کر سکتی ہے،وہ میساچوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (MIT) کی فارغ التحصیل ہیں اور ان کی کمپنی نیوروٹیکنالوجی کے شعبے میں کام کر رہی ہے،کمپنی ایسی ٹیکنالوجی تیار کرنے کی کوشش کر رہی ہے جو انسانی دماغ کی صحت سے متعلق کاموں میں مدد دے سکے،ان کے مطابق امریکہ میں بھی ایسی کمپنی قائم کرنا ناممکن نہیں، لیکن شینژن جیسی رفتار اور کم لاگت کے ساتھ کام کرنا مشکل ہو چکا ہے
اسی طرح سان فرانسسکو کی اسٹارٹ اپ کمپنی Voyage کے شریک بانی ہیتے جیت گجرال انسانی ذہن سے منسلک جدید پہننے کے قابل آلات تیار کر رہے ہیں،ان کا منصوبہ ایسی ٹیکنالوجی بنانا ہے جس کے ذریعے انسان محض اپنے خیالات کے ذریعے مختلف آلات کو کنٹرول کر سکے،ان کے مطابق جدید ہارڈویئر کی تیاری میں وقت انتہائی اہم ہے،اگر کسی پرزے کے پہنچنے میں ایک ہفتہ لگ جائے اور پھر معلوم ہو کہ وہ مطلوبہ معیار کے مطابق نہیں تو مزید ایک ہفتہ ضائع ہو جاتا ہے،شینژن میں پرزوں اور مینوفیکچرنگ کی سہولت قریب ہونے کے باعث ان کی ٹیم تیزی سے تجربات اور تبدیلیاں کر سکتی ہے
شینژن میں کاروبار کی رفتار کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ Troublemaker نامی اسٹارٹ اپ انکیوبیٹر کے سربراہ ہینک ورنر کے مطابق اگر ان کے ڈیزائنرز رات ایک بجے کسی نئی مصنوعات کا خاکہ مکمل کریں تو وہ اسے فیکٹری بھیج سکتے ہیں اور صبح سات بجے تک اس کا ابتدائی نمونہ تیار ہو سکتا ہے،ان کے بقول یہاں کاروباری اداروں اور فیکٹریوں کے درمیان تعاون کا ماحول موجود ہے، کیونکہ دونوں فریق ایک دوسرے کی مہارت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مصنوعات تیار اور فروخت کرنا چاہتے ہیں
اس تبدیلی سے سرمایہ کار بھی متاثر ہو رہے ہیں،Snow Bull Capital کے چیف ایگزیکٹو ٹیلر اوگن کے مطابق شینژن میں موجودگی انہیں ان کمپنیوں کی سپلائی چین کے تقریباً ہر حصے کا براہ راست جائزہ لینے کا موقع دیتی ہے جن میں وہ سرمایہ کاری کرتے ہیں،ان کا کہنا ہے کہ امریکہ میں بیٹھ کر یہ کام کرنا مشکل ہے کیونکہ ہارڈویئر کی تیاری کا بڑا حصہ پہلے ہی چین میں موجود ہے،ان کے مطابق سلیکن ویلی میں آج بھی بہترین کاروباری خیالات سامنے آ رہے ہیں، لیکن ان میں سے بہت سی مصنوعات کی تیاری چین میں ہو رہی ہے
تاہم شینژن کی طرف امریکی کمپنیوں کا بڑھتا ہوا رجحان امریکہ اور چین کے درمیان جاری تجارتی اور ٹیکنالوجی کشیدگی کے تناظر میں کئی اہم سوالات بھی پیدا کرتا ہے،امریکی محکمہ خارجہ کی ستمبر میں جاری کردہ رپورٹ میں چین کے کاروباری ماحول، غیر ملکی کمپنیوں کے لیے قانونی اور ضابطہ جاتی مشکلات اور دانشورانہ ملکیت کے تحفظ سے متعلق تحفظات کا ذکر کیا گیا تھا،امریکی حکام طویل عرصے سے چین پر ٹیکنالوجی کی نقل، جبری ٹیکنالوجی منتقلی اور سائبر جاسوسی کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں
چین میں کاروبار شروع کرنے والے غیر ملکی تاجروں کو بھی کئی عملی مشکلات کا سامنا ہے،مقامی سپلائرز کے ساتھ معاملات، الیکٹرانکس کی وسیع منڈیوں میں مطلوبہ پرزوں کی تلاش اور قابل اعتماد مینوفیکچررز کا انتخاب اکثر چینی زبان سے واقفیت کا تقاضا کرتا ہے،اس کے علاوہ عالمی وینچر کیپیٹل کی بڑی تعداد اب بھی سلیکن ویلی میں مرکوز ہے، جہاں نئی کمپنیوں کو سرمایہ کاری اور کاروباری نیٹ ورک تک رسائی نسبتاً آسان ہے
اس کے باوجود شینژن کی صنعتی صلاحیت امریکی کاروباری اداروں کو اپنی طرف متوجہ کر رہی ہے،یہ شہر اب صرف چین کی فیکٹریوں کا مرکز نہیں بلکہ ایک ایسا عالمی ٹیکنالوجی ایکو سسٹم بن چکا ہے جہاں تصور سے لے کر ڈیزائن، پرزوں کی تیاری، ابتدائی نمونے اور بڑے پیمانے پر پیداوار تک تقریباً تمام مراحل ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں
یہ صورت حال عالمی معیشت کے لیے ایک اہم پیغام رکھتی ہے،سلیکن ویلی کے پاس سرمایہ، تحقیق، انجینئرنگ کی مہارت اور کاروباری خیالات کی طویل روایت ہے، جبکہ شینژن کے پاس ان خیالات کو تیزی سے عملی مصنوعات میں تبدیل کرنے والا صنعتی ڈھانچہ موجود ہے،امریکی اسٹارٹ اپس کی چین منتقلی اس حقیقت کو نمایاں کرتی ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کی عالمی دوڑ میں صرف ذہین خیالات کافی نہیں، انہیں کم وقت، کم لاگت اور بڑے پیمانے پر تیار کرنے کی صلاحیت بھی فیصلہ کن اہمیت رکھتی ہے۔







