مولانا فضل الرحمن کی ملک گیر احتجاج اور شاہراہیں بند کرنے کی کال، لاہور میں رہائش گاہ کا محاصرہ، کارکنوں کو سڑکوں پر نکلنے کی ہدایت
لاہور: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے سرگودھا میں پارٹی کے مجوزہ اجتماع میں رکاوٹوں، کارکنوں کی گرفتاریوں اور اپنی نقل و حرکت محدود کیے جانے کے خلاف ملک بھر میں کارکنوں کو سڑکوں پر نکلنے، موٹرویز اور قومی شاہراہیں بند کرنے کی کال دے دی ہے،مولانا نے کہا ہے کہ سرگودھا کانفرنس کا اعلان برقرار ہے اور انتظامی رکاوٹوں کے باوجود قافلے اپنی منزل کی جانب رواں ہیں
مولانا فضل الرحمن نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ حکومت نے لاہور میں ان کی رہائش گاہ کے باہر کنٹینرز کھڑے کرکے نقل و حرکت محدود کردی ہے، سرگودھا جانے والے راستے بند ہیں، جلسہ گاہ پر پولیس موجود ہے اور کارکنوں کو مختلف علاقوں میں گرفتار کیا جا رہا ہے،انہوں نے تمام صوبوں کے کارکنوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ گھروں سے نکلیں اور احتجاجاً راستے بند کردیں
خبر کی مزید تازہ صورتِ حال میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مولانا فضل الرحمن کی ملک گیر احتجاج کی کال کے باوجود سرگودھا میں مجوزہ اجتماع عملاً منعقد نہیں ہو سکا،ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اجازت نہ ملنے، دفعہ 144 کے نفاذ اور مقامی قیادت و کارکنوں کی گرفتاریوں کے باعث جلسے کی سرگرمیاں متاثر رہیں،مختلف میڈیا رپورٹس میں کارکنوں کی گرفتاریوں اور قافلوں کی آمد کے دعوے سامنے آئے، تاہم ملک بھر میں شاہراہوں کی بندش یا احتجاج میں شریک افراد کی مجموعی تعداد کے بارے میں کوئی مستند اعدادوشمار سامنے نہیں آئے
مولانا فضل الرحمن کی لاہور میں مبینہ نظر بندی کا معاملہ بھی لاہور ہائیکورٹ پہنچ گیا ہے،پولیس نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ مولانا کو نہ گرفتار کیا گیا اور نہ ہی گھر میں نظر بند کیا گیا، جبکہ جے یو آئی کا مؤقف ہے کہ ان کی نقل و حرکت محدود کی گئی اور انہیں باہر جانے سے روکا گیا،عدالت نے پولیس سے تفصیلی رپورٹ اور مبینہ نقل و حرکت کے ثبوت طلب کیے ہیں، ادھر مولانا فضل الرحمان کے بھائ مولانا عطاالرحمن نے بھیرہ کے مقام پر کارکنوں کے ساتھ دھرنا دیدیا ہے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے







