ایران جنگ کے بعد امریکی میزائل ذخائر کی بحالی میں کئی سال لگیں گے، پینٹاگون کی دفاعی منصوبہ بندی پر سوالات
واشنگٹن: ایران کے ساتھ جنگ میں بڑے پیمانے پر میزائل استعمال کیے جانے کے بعد امریکہ کے اہم دفاعی ہتھیاروں کے ذخائر میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، جنہیں دوبارہ مطلوبہ سطح پر پہنچانے میں کئی سال لگ سکتے ہیں،دفاعی تجزیاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق، امریکی فوج کے میزائل ذخائر پر جنگ کے اثرات آئندہ کئی برسوں تک برقرار رہنے کا امکان ہے
فارچون میگزین کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکہ نے گزشتہ 10 برسوں میں سالانہ اوسطاً 86 ٹوماہاک کروز میزائل خریدے، لیکن ایران کے خلاف جنگ میں 1,000 سے زائد ٹوماہاک میزائل استعمال کیے گئے،اس غیر معمولی کھپت کے باعث موجودہ پیداواری رفتار سے ان ذخائر کی مکمل بحالی 2030 کے آخری حصے تک متوقع ہے
اسی طرح فضائی دفاع کے لیے استعمال ہونے والے پیٹریاٹ انٹرسیپٹر میزائلوں کی قلت بھی امریکی دفاعی منصوبہ بندی کے لیے بڑا چیلنج بن رہی ہے،امریکی فوج نے مالی سال 2027 کے لیے 3,203 پیٹریاٹ انٹرسیپٹرز طلب کیے ہیں، تاہم ان کی نئی سپلائی مئی 2029 سے پہلے شروع ہونے کی توقع نہیں
امریکی حکومتی نگرانی کے ادارے گورنمنٹ اکاؤنٹیبلٹی آفس (GAO) نے اپنی 19 نومبر کو جاری رپورٹ میں پینٹاگون کی اس کمزوری کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ دفاع کے پاس ایسا جامع منصوبہ موجود نہیں جو میزائلوں اور دیگر گولہ بارود کی پیداواری صلاحیت، مالی وسائل اور فوجی ضروریات کو ایک مربوط حکمت عملی کے تحت جوڑ سکے،رپورٹ کے مطابق اس منصوبے پر عمل درآمد اور مختلف اداروں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے بااختیار مرکزی دفتر بھی موجود نہیں
اس صورتحال نے امریکی دفاعی نظام میں ایک اہم سوال پیدا کردیا ہے کہ اگر مستقبل میں کسی بڑے تنازعہ یا بیک وقت کئی محاذوں پر جنگ کا سامنا کرنا پڑا تو محدود میزائل ذخائر اور سست پیداواری رفتار امریکہ کی فوجی صلاحیت کو کس حد تک متاثر کرسکتی ہے،ایران کے ساتھ جنگ میں ہتھیاروں کے غیر معمولی استعمال نے واضح کردیا ہے کہ جدید جنگ صرف میدان میں کامیابی کا نام نہیں بلکہ طویل جنگ کے لیے اسلحے کی مسلسل فراہمی اور صنعتی صلاحیت بھی فیصلہ کن اہمیت رکھتی ہے







