Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

سندھ میں صوبائ و بلدیاتی حکومت اور عدالتی بدعنوانی کا نیا شاخسانہکراچی میں عمارت گرنے کا واقعہ: غیر قانونی تعمیر، منظور شدہ نقشے سے کئی گنا زیادہ منزلیں، 3 افراد جاں بحق، 14 زخمی، مزید افراد کی تلاش جاری

سندھ میں صوبائ و بلدیاتی حکومت اور عدالتی بدعنوانی کا نیا شاخسانہ
کراچی میں عمارت گرنے کا واقعہ: غیر قانونی تعمیر، منظور شدہ نقشے سے کئی گنا زیادہ منزلیں، 3 افراد جاں بحق، 14 زخمی، مزید افراد کی تلاش جاری

کراچی کے بلوچ کالونی کے قریب ایڈمن سوسائٹی میں چھ منزلہ زیر تعمیر عمارت گرنے کے واقعے نے شہر میں تعمیراتی قوانین، غیر قانونی منزلوں، بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی نگرانی اور انسانی جانوں کے تحفظ پر ایک بار پھر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں،تازہ اطلاعات کے مطابق حادثے میں کم از کم 3 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہو چکے ہیں جبکہ ملبے کے نیچے مزید افراد کی موجودگی کا خدشہ ہے،امدادی ٹیمیں بھاری مشینری اور سرچ اینڈ ریسکیو آلات کے ذریعے مسلسل کارروائی کر رہی ہیں
تحقیق کے مطابق یہ کوئی پرانی رہائشی عمارت نہیں تھی بلکہ زیر تعمیر عمارت تھی، جس میں تعمیراتی کام اور فنشنگ جاری تھی،ابتدائی اطلاعات میں عمارت چھ منزلہ بتائی گئی، تاہم سرکاری طور پر منظور شدہ نقشے اور تعمیر شدہ منزلوں میں بڑا فرق سامنے آیا ہے،عمارت کراچی ایڈمنسٹریشن ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی (ایڈمن سوسائٹی) کے بلاک 4 میں واقع تھی، جو بلوچ کالونی اور شاہراہ فیصل کے قریب ہے
رپورٹس کے مطابق عمارت کے لیے 10 مارچ 2026 کو 600 مربع گز کے رہائشی پلاٹ پر گراؤنڈ پلس ایک منزل، یعنی مجموعی طور پر دو سطحوں کی تعمیر کی اجازت دی گئی تھی، لیکن مبینہ طور پر اس کے برعکس چھ منزلہ عمارت تعمیر کی جا رہی تھی،بعض رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ منظور شدہ نقشے میں بیسمنٹ، گراؤنڈ اور ایک اضافی منزل شامل تھی، جبکہ تعمیر اس سے کہیں آگے بڑھائی گئی،رہائشی پلاٹ پر تجارتی نوعیت کی تعمیر اور اضافی منزلیں بنانے کی خلاف ورزیوں کی بھی نشاندہی ہوئی ہے
عمارت کی تعمیر تقریباً آٹھ ماہ میں مکمل کی گئی یا تکمیل کے قریب پہنچائی گئی تھی،بعض مقامی رپورٹس کے مطابق عمارت تقریباً دو ہفتے قبل مکمل ہوئی تھی، تاہم ان اطلاعات میں فرق ہے اور عمارت میں باقاعدہ رہائش شروع ہونے کی تصدیق نہیں ہوئی،حکام کے مطابق حادثے کے وقت عمارت میں رہائشی نہیں بلکہ تعمیراتی مزدور، پینٹرز اور دیگر کارکن موجود تھے،ایک رپورٹ کے مطابق جائے حادثہ پر 40 سے 45 افراد کام کر رہے تھے، جن میں تقریباً 20 مزدور اور باقی پینٹرز شامل تھے
عمارت کے خلاف کارروائی نہ ہونے کے معاملے میں بھی اہم انکشافات سامنے آئے ہیں،کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب کے مطابق سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی عمارت کے خلاف کارروائی اور اسے گرانے کا ارادہ رکھتی تھی، لیکن عدالتی حکم امتناعئ کی وجہ سے کارروائی نہیں ہو سکی،میئر نے تعمیر کے پیچھے سیاسی اثر و رسوخ کا بھی ذکر کیا اور غیر قانونی تعمیرات میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کیا،اطلاعات کے مطابق غیر قانونی تعمیر کے معاملے میں گرفتاریاں بھی کی گئی ہیں، جبکہ ذمہ داروں کا تعین تحقیقات کے ذریعے کیا جائے گا
ابتدائی اطلاعات کے مطابق عمارت گرنے سے پہلے لرزنے لگی تھی، جس کے بعد اس کا بڑا حصہ اچانک زمین بوس ہوگیا،ملبے میں کئی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بھی دب گئی ہیں،ریسکیو 1122، کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے فائر بریگیڈ، پولیس اور دیگر امدادی ادارے موقع پر موجود ہیں،امدادی کارکنوں نے ملبے تک پہنچنے کے لیے مختلف راستے بنائے ہیں اور بھاری مشینری کے ساتھ تلاش جاری ہے
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اب تک 3 افراد جاں بحق اور 14 زخمیوں کو نکالا جا چکا ہے،زخمیوں کو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا ہے، جبکہ ملبے میں مزید افراد کی موجودگی کے خدشے کے باعث ریسکیو آپریشن جاری ہے،تاہم اس وقت ملبے میں پھنسے افراد کی حتمی تعداد سرکاری طور پر سامنے نہیں آئی،سندھ حکومت نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو تعمیراتی نقشے، تعمیر کے معیار، ممکنہ غیر قانونی منزلوں اور متعلقہ اہلکاروں کی غفلت کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے
یہ حادثہ کراچی میں غیر قانونی تعمیرات، رہائشی پلاٹوں پر قواعد کے خلاف بلند عمارتیں بنانے، تعمیراتی مافیا، سرکاری نگرانی کی ناکامی اور عدالتی حکم امتناعہ کے باعث کارروائی رکنے کے ایک سنگین معاملے کے طور پر سامنے آیا ہے،اب اصل سوال یہ ہے کہ جس عمارت کی تعمیر منظور شدہ نقشے سے مبینہ طور پر کئی گنا تجاوز کر رہی تھی، اس کی تعمیر کس کی سرپرستی میں جاری رہی اور متعلقہ ادارے اسے بروقت روکنے میں کیوں ناکام رہے

قومی خبریں سے مزید