برف پوش پہاڑوں، سرد ہواؤں اور دریائے نیلم کے شور میں ایک باپ اپنے بچوں سے ملنے نکلا، مگر سرحدوں نے اسے ہمیشہ کے لیے خاموش کردیا
رپورٹ آفاق فاروقی
مظفرآباد: کشمیر کے اُن پہاڑوں پر برف جمی ہوئی ہے،جہاں موسم بہار میں پھولوں پھلوں سے لدے درخت لہلاتے ہیں اور نیم سرد ہوائیں ان درختوں کے پتوں پھولوں پھلوں سے اٹھکلیاں کرتی ہیں،اور موسم سرما میں جب سرد ہوائیں وادیوں میں آہستہ آہستہ چلتی ہیں، تو درختوں کی شاخیں سردی سے ساکت ہوجاتی ہیں اور دریائے نیلم اپنے برف جیسے یخ بستہ پانی کے ساتھ بے پناہ رفتار سے پہاڑوں کے درمیان دوڑتا چلا جاتا ہے،اس دریا کا شور شاید صدیوں سے ان پہاڑوں میں گونج رہا ہے، لیکن ان دنوں اس کے پانیوں میں ایک ایسی خاموش کہانی بھی دفن ہے جسے سن کر کسی بھی حساس انسان کا دل اداس ہوجائے،یہ ایک باپ کی کہانی ہے، جو اپنے بچوں سے ملنے کے لیے نکلا تھا، مگر راستے میں دریا آگیا،نسلی مذہبی سرحد آگئی اور پھر موت آگئی
چند روز قبل آزاد کشمیر میں دریائے نیلم سے ایک شخص کی لاش ملی ہے ،ابتدا میں مقامی آبادی یہی سمجھتی رہی کہ شاید کوئی نامعلوم مسافر دریا کی بے رحم موجوں کا شکار ہوگیا ہے،لیکن جب اس شخص کی شناخت ہوئی تو معلوم ہوا کہ وہ سید عرفان حسین شاہ تھے، جن کا تعلق بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے بارہ مولا سے تھا،ان کے والدین دنیا سے رخصت ہوچکے تھے،2002 میں ان کی شادی پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے علاقے چکار میں ہوئی،پھر 2008 میں وہ اپنی اہلیہ کو ساتھ لے کر نیپال کے راستے واپس مقبوضہ کشمیر چلے گئے، جہاں وہ بھارتی حکومت کے محکمہ انکم ٹیکس میں ملازمت کرتے تھے
ایک گھر تھا، ایک بیوی تھی، بچے تھے، زندگی کی چھوٹی چھوٹی خوشیاں تھیں،شاید صبح بچوں کی آوازوں سے آنکھ کھلتی ہوگی، شام کو گھر واپسی پر وہ اپنے باپ کے گرد جمع ہوجاتے ہوں گے،کوئی بچہ اپنی فرمائش کرتا ہوگا، کوئی باپ کی گود میں بیٹھتا ہوگا، کوئی اس کے ساتھ کھیلنے کی ضد کرتا ہوگا،زندگی کے یہ معمولی سے دکھائی دینے والے یہ لمحے ہی دراصل انسان کی پوری کائنات ہوتے ہیں
لیکن سرحدوں کے اس پار سیاست کے فیصلے ہوئے اور ایک گھر کی کائنات بکھر گئی
اطلاعات کے مطابق بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں شادی کرنے والی بعض کشمیری خواتین کو مقبوضہ کشمیر سے بے دخل کرنے کے فیصلے کے نتیجے میں عرفان شاہ کی اہلیہ اور بچوں کو بھی زبردستی واپس مظفرآباد بھیج دیا گیا،ایک طرف باپ رہ گیا، دوسری طرف بیوی اور بچے،ایک ہی خاندان کے افراد کے درمیان پہاڑ حائل ہوگئے، دریا حائل ہوگیا، سرحد حائل ہوگئی اور وہ جغرافیہ حائل ہوگیا جسے انسانوں نے اپنے سیاسی، انتظامی اور قومی مفادات کے نام پر تشکیل دیا ہے
ذرا تصور کیجیے، ایک باپ اپنے گھر میں داخل ہوتا ہے تو بچے دوڑ کر اس کے پاس نہیں آتے،کوئی چھوٹی سی آواز اسے ابو کہہ کر نہیں بلاتی،کوئی اس کے کندھے پر سر رکھ کر نہیں سوتا،کوئی اس سے اسکول کی باتیں نہیں کرتا،، کشمیر کے پہاڑ بھی اپنی جگہ ایستادہ ہیں تو ان پر جمے گڑے اُگے درختوں پر پتے ، پھل پھول بھی موسم کے ساتھ آتے ہیں ، ہوائیں بھی اٹھلا کر چلتی ہیں ، نیلم کا شفاف کرسٹل کلئیر پانی بھی اسی روانی سے بہتا ہے ، گھر کی دیواریں بھی وہی ہیں، آسمان وہی ہے، موسم بھی وہی ہے، مگر گھر میں بچے نہیں ہیں، ایک باپ کے لیے اس سے بڑی محرومی کیا ہوسکتی ہے کہ اس کے بچے زندہ ہوں، اس سے محبت کرتے ہوں، اسے یاد کرتے ہوں، مگر وہ انہیں چھو بھی نہ سکے؟
کہتے ہیں بچوں سے جدائی کا دکھ وقت کے ساتھ کم ہوجاتا ہے، لیکن بعض جدائیاں ایسی ہوتی ہیں جو ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید گہری ہوجاتی ہیں،عرفان شاہ کے دل میں بھی اپنے بچوں سے ملنے کی خواہش تھی،اطلاعات کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب انہوں نے کیرن زیرو پوائنٹ سے پیدل دریائے نیلم عبور کرکے آزاد کشمیر آنے کی کوشش کی،شاید انہیں معلوم تھا کہ راستہ کتنا دشوار ہے، پانی کتنا سرد ہے اور دریا کا بہاؤ کتنا تیز ہے، لیکن جب ایک باپ کے دل میں اپنے بچوں کو دیکھنے کی تڑپ جاگتی ہے تو راستے کی مشکلات بھی بعض اوقات اسے روک نہیں پاتیں
وہ دریا میں اترے،سامنے برف پوش پہاڑ تھے، اطراف میں سرد ہوائیں تھیں اور نیچے دریائے نیلم کا تیز رفتار، یخ بستہ پانی تھا،وہ دریا عبور نہ کرسکے،پانی کی لہروں نے انہیں اپنی لپیٹ میں لے لیا اور ایک باپ اپنے بچوں تک پہنچنے کی کوشش میں زندگی ہار گیا
کتنا عجیب المیہ ہے کہ جس دریا کو عبور کرکے وہ اپنے بچوں کے پاس جانا چاہتے تھے، اسی دریا نے انہیں ان بچوں سے ہمیشہ کے لیے جدا کردیا،جن ہاتھوں نے اپنے بچوں کو کبھی گود میں اٹھایا ہوگا، وہ ہاتھ اب بے جان ہیں،جن آنکھوں نے اپنے بچوں کو دیکھنے کی آرزو میں جانے کتنی راتیں جاگ کر گزاری ہوں گی، وہ آنکھیں اب ہمیشہ کے لیے بند ہوچکی ہیں
آج ان کا جسد خاکی آزاد کشمیر میں موجود ہے،بارہ مولا میں ان کے خاندان کے افراد میت کی واپسی چاہتے ہیں، جبکہ مظفرآباد میں ان کی اہلیہ اور بچے چاہتے ہیں کہ انہیں اپنے پاس دفن کیا جائے،موت کے بعد بھی یہ خاندان ایک جگہ جمع نہیں ہوسکا،ایک طرف وہ سرزمین ہے جہاں ان کا آبائی خاندان رہتا ہے، دوسری طرف وہ گھر ہے جہاں ان کی بیوی اور بچے ہیں،زندگی میں سرحد نے انہیں جدا کیا اور اب موت کے بعد بھی اس سوال کے سامنے کھڑے ہیں کہ انہیں کہاں دفن کیا جائے
یہاں رک کر سوچنے کی ضرورت ہے کہ آخر یہ سب کس کے لیے ہے؟ یہ پہاڑ تو پہلے بھی موجود تھے، یہ دریا تو پہلے بھی بہتا تھا، ان وادیوں میں رہنے والے لوگ تو ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں شریک ہوتے تھے،پھر یہ سرحدیں، یہ سیاسی تنازعات، یہ مذہب رنگ نسل کے نام پر کھڑے کیے گئے تعصبات جنہیں قومیتوں سے جوڑا باندھا گوندھا جاتاہے اور جو اصل میں اشرافیہ کی لڑائیاں ہیں اور جو عام انسانوں کی زندگیوں میں زہر گھول دیتی ہیں؟
دنیا کی اشرافیہ اپنے سیاسی مفادات کے لیے فیصلے کرتی ہے،حکمران ایک دوسرے کے خلاف بیانات دیتے ہیں، ریاستیں اپنے اپنے مؤقف پر اصرار کرتی ہیں، مذاکرات ہوتے ہیں، تنازعات جنم لیتے ہیں اور نقشوں پر نئی نئی لکیریں کھینچی جاتی ہیں،لیکن ان فیصلوں کی قیمت کون ادا کرتا ہے؟ کوئی ماں اپنے بیٹے سے محروم ہوتی ہے، کوئی بچہ اپنے باپ کی انگلی پکڑنے سے محروم رہ جاتا ہے، کوئی شوہر اپنی بیوی سے دور کردیا جاتا ہے اور کوئی خاندان اپنی زندگی کے آخری لمحات تک ایک دوسرے سے ملنے کی اجازت کا منتظر رہتا ہے
عرفان حسین شاہ کی کہانی یاد دلاتی ہے کہ سرحدوں کے دونوں طرف رہنے والے انسانوں کے دل ایک جیسے ہوتے ہیں،بچوں کو اپنے باپ کی ضرورت ہوتی ہے، باپ کو اپنے بچوں کی ہنسی سننے کی خواہش ہوتی ہے، ماؤں کو اپنے خاندان کی خوشیاں عزیز ہوتی ہیں،کسی بچے کو اس بات سے کوئی غرض نہیں ہوتی کہ اس کا باپ کس انتظامی حدود میں رہتا ہے، کس ملک کا شہری ہے یا کس سیاسی تنازعے کا حصہ ہے،وہ صرف اتنا جانتا ہے کہ اس کا باپ اس کے پاس ہونا چاہیے
شاید نہیں یقیناً اس وقت دریائے نیلم کے کنارے کھڑے برف پوش پہاڑ بھی اس کہانی کے خاموش گواہ ہیں،درختوں کی خالی شاخوں پر سردی اتر آئ ہے، پہاڑوں کی چوٹیوں پر برف جمی ہے اور دریا اپنے شور کے ساتھ آگے بڑھتا جارہا ہے، اسے شاید معلوم نہیں کہ اس کے پانیوں میں ایک ایسے باپ کی آخری خواہش ڈوب گئی ہے جو صرف اپنے بچوں کو دیکھنا چاہتا تھا
کاش دنیا کے حکمران، سیاسی رہنما اور طاقت کے مراکز کبھی ان بچوں کی آنکھوں سے بھی دنیا کو دیکھ سکیں جو اپنے باپ کے انتظار میں دروازے کی طرف دیکھتے رہ جاتے ہیں،کاش انہیں ان ماؤں کا دکھ محسوس ہو جو اپنے خاندان کے بکھر جانے کے بعد خالی گھروں میں زندگی گزارتی ہیں،کاش انہیں احساس ہو کہ جغرافیے انسانوں کے لیے بنائے جاتے ہیں، انسان جغرافیوں کے لیے نہیں
کشمیر کا تنازعہ اپنی جگہ، ریاستوں کے مؤقف اپنی جگہ اور سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن کیا انسانوں کے درمیان ملاقات، خاندانوں کے ساتھ رہنے اور بچوں کو اپنے والدین کے قریب رکھنے کے لیے کوئی انسانی راستہ نہیں نکالا جاسکتا؟ کیا تنازعات کے باوجود ایسے انتظامات ممکن نہیں جن سے عام لوگوں کو اپنے پیاروں سے ملنے کا حق مل سکے؟
عرفان حسین شاہ اب اپنے بچوں کو نہیں دیکھ سکیں گے،ان کے بچے شاید بڑے ہوکر یہ سوال کریں کہ ان کے والد ان سے ملنے کے لیے اتنا خطرناک راستہ کیوں اختیار کرنے پر مجبور ہوئے تھے،ان کے پاس شاید اس سوال کا کوئی آسان جواب نہ ہو
دریائے نیلم بہتا رہے گا، پہاڑوں پر برف پڑتی رہے گی، موسم بدلتے رہیں گے، لیکن ایک گھر میں باپ کی جگہ ہمیشہ خالی رہے گی
یہ صرف عرفان حسین شاہ کی موت نہیں، یہ ایک ایسے انسانی المیے کی تصویر ہے جس میں سیاست کی کھینچی ہوئی لکیریں محبت کے رشتوں سے زیادہ طاقتور ہوگئیں ہیں ، اور اس سے بڑا دکھ کیا ہوگا کہ ایک باپ اپنے بچوں تک پہنچنے کے لیے دریا میں اترے اور بچے زندگی بھر اپنے باپ کے واپس آنے کا انتظار کرتے رہ جائیں
اللہ تعالیٰ سید عرفان حسین شاہ کی مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور ان کے بچوں اور اہلیہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔ آمین






