پینٹاگون کا کینیڈا کو شمالی امریکا کے دفاع میں قابلِ اعتماد شراکت دار قرار دینے سے گریز، دونوں ملکوں میں کشیدگی بڑھ گئی
واشنگٹن: امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کے زیرِ قیادت پینٹاگون نے کینیڈا پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ شمالی امریکا کے دفاع میں ایک قابلِ اعتماد شراکت دار کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہا،دونوں پڑوسی ملکوں کے درمیان جاری تجارتی جنگ کے پس منظر میں اس بیان سے کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا ہے
ٹائم میگزین کے مطابق، پینٹاگون نے پیر کو جاری کردہ 2 صفحات پر مشتمل ایک دستاویز میں کینیڈا کی دفاعی کمزوریوں کی نشاندہی کرتے ہوئے وزیراعظم مارک کارنی کی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے،دستاویز میں کہا گیا ہے کہ کینیڈا کو دفاعی معاملات میں سنجیدگی اور یکسوئی کا مظاہرہ کرنا ہوگا
پینٹاگون نے کینیڈین مسلح افواج میں ناکافی سرمایہ کاری اور نیٹو کے دفاعی اخراجات سے متعلق کینیڈا کے منصوبے پر بھی اعتراض کیا ہے، کینیڈا نے 2025 میں دی ہیگ میں ہونے والے نیٹو سربراہی اجلاس میں دیگر اتحادی ممالک کے ساتھ 2035 تک مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کا 5 فیصد دفاع پر خرچ کرنے کا وعدہ کیا تھا
تاہم کینیڈا کے تازہ ترین بجٹ میں 2027-28 تک دفاع اور سلامتی کے مشترکہ اخراجات جی ڈی پی کے 4.1 فیصد تک پہنچانے کا تخمینہ لگایا گیا ہے،کینیڈا کے پارلیمانی بجٹ افسر نے گزشتہ ہفتے اپنی رپورٹ میں کہا کہ 2035 تک دفاعی اخراجات 5 فیصد تک پہنچانے کا راستہ ابھی واضح نہیں ہے
پینٹاگون کا الزام ہے کہ کینیڈا نے نیٹو کے مقررہ ہدف کو پورا کرنے کے لیے درکار بڑے اضافی اخراجات 2029 کے وفاقی انتخابات کے بعد تک مؤخر کر رکھے ہیں،امریکی محکمہ دفاع نے کہا ہے کہ وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ اس بات پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں کہ کینیڈا اپنی دفاعی ذمہ داریوں کو مؤثر انداز میں پورا کرنے کے قابل ہو






