امریکا میں اے آئی ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر سے بجلی اور قدرتی گیس کی طلب میں بڑے اضافے کا امکان، گولڈمین سیکس کی پیش گوئی
واشنگٹن: گولڈمین سیکس نے پیش گوئی کی ہے کہ امریکا میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر اور بجلی کی کھپت میں اضافہ 2028 تک جاری رہ سکتا ہے، جس سے بجلی اور قدرتی گیس کی طلب مزید بڑھنے کا امکان ہے
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، گولڈمین سیکس کا کہنا ہے کہ 2028 میں امریکا میں ڈیٹا سینٹرز کے لیے مزید 52 گیگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت دستیاب ہو سکتی ہے،ادارے کے مطابق رواں سال اب تک امریکا میں ڈیٹا سینٹرز کی بجلی کی گنجائش اور طلب میں تقریباً 30 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس نے ملک میں بجلی کی مجموعی طلب میں ہونے والے اضافے کے ایک تہائی سے زیادہ حصے میں کردار ادا کیا ہے
گولڈمین سیکس نے اپنے تجزیے میں کہا ہے کہ ڈیٹا سینٹرز کی تیز رفتار توسیع سے امریکا میں بجلی کی فراہمی کے نظام پر دباؤ بڑھ سکتا ہے اور قدرتی گیس کی کھپت میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے،اس رجحان سے 2028 سے 2030 کے دوران امریکی قدرتی گیس کے اہم تجارتی مرکز ہنری ہب میں گیس کی قیمتوں میں اضافے کی توقعات کو تقویت مل سکتی ہے
رپورٹ کے مطابق ڈیٹا سینٹرز کی توسیع صرف نئے مراکز کی تعداد بڑھنے تک محدود نہیں رہے گی بلکہ ان کی عمارتوں کا حجم اور فی یونٹ رقبے میں بجلی استعمال کرنے کی صلاحیت بھی بڑھ رہی ہے،اس کے نتیجے میں توانائی کی مجموعی ضرورت میں مزید اضافہ متوقع ہے
تاہم گولڈمین سیکس نے خبردار کیا ہے کہ نومبر کے مڈٹرم انتخابات کے بعد امریکی پالیسیوں میں ممکنہ تبدیلیاں توانائی کی طلب میں اضافے کے اس دباؤ کو کسی حد تک کم کر سکتی ہیں






