سابق نائب صدر ال گور صحافت میں واپس آگئے، ٹینیسی کا 50 سالہ خاندانی اخبار خرید لیا
نیشول:سابق نائب صدر ال گور نے صحافت سے اپنا پرانا تعلق دوبارہ جوڑتے ہوئے ریاست ٹینیسی میں ایک مقامی ہفت روزہ اخبار خریدنے کا فیصلہ کیا ہے،پانچ دہائیوں سے ایک ہی خاندان کی ملکیت میں چلنے والا اخبار اب سابق نائب صدر کی ملکیت میں آنے والا ہے
برطانوی اخبار دی گارڈین کے مطابق، لیک خاندان نے منگل کو اعلان کیا کہ وہ آنے والے ہفتوں میں اپنا اخبار ’’کارٹیج کوریئر‘‘ (Carthage Courier) ال گور کو فروخت کر دے گا،یہ ہفت روزہ اخبار ریاست ٹینیسی کی اسمتھ کاؤنٹی میں تقریباً 20 ہزار آبادی پر مشتمل علاقے کی خبریں شائع کرتا ہے،یہ علاقہ ریاستی دارالحکومت نیش وِل سے تقریباً 55 میل مشرق میں واقع ہے
ال گور نے اخبار کی خریداری کو مقامی صحافت اور آزاد آواز کے تحفظ کی کوشش قرار دیا ہے،ان کا کہنا ہے کہ آزاد اور خودمختار مقامی صحافت کسی بھی کمیونٹی کی صحت مند جمہوری زندگی کے لیے ناگزیر ہے
ال گور نے اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کے ابتدائی دور میں ویتنام میں فوجی نامہ نگار کی حیثیت سے کام کیا اور بعد میں نیش وِل کے اخبار ’’دی ٹینیسیئن‘‘ سے وابستہ رہے،اسی تجربے نے انہیں آزاد مقامی صحافت کی اہمیت کا قائل بنایا
امریکہ میں گزشتہ کئی برسوں سے اخبارات کی بندش، صحافیوں کی کمی اور مقامی خبروں کی عدم دستیابی کے باعث متعدد علاقے نیوز ڈیزرٹس (News Deserts) میں تبدیل ہو رہے ہیں، جہاں شہریوں کو اپنے علاقوں کے معاملات سے متعلق قابل اعتماد خبریں دستیاب نہیں ہوتیں
ال گور کی جانب سے ایک مقامی خاندانی اخبار خریدنے کا فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے ،جب امریکہ میں روایتی اخبارات مالی مشکلات اور ڈیجیٹل میڈیا کے بڑھتے اثرات کا سامنا کر رہے ہیں،خریداری کی مالی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں اور یہ بھی واضح نہیں کہ ال گور اخبار کے روزمرہ انتظامی معاملات میں کس حد تک براہ راست حصہ لیں گے
ال گور 1993 سے 2001 تک امریکہ کے نائب صدر رہے، انہوں نے بش جونئیر کے مقابلے میں امریکی صدارت کا انتخاب بھی لڑا تاہم وہ معمولی ووٹ سے شکست کھا گئے تھے ، سیاست میں آنے سے قبل گور صحافت میں بھی کام کر چکے ہیں،ان کی اس پیش رفت کو مقامی صحافت کے تحفظ اور کمیونٹی اخبارات کی اہمیت کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے






