مہنگائ مار گئی:نیٹ فلکس سے ڈزنی پلس تک،مہنگی سبسکرپشنز کے خلاف ردعمل، ناظرین نے متبادل تلاش کرلئے
نیویارک: امریکہ میں آن لائن اسٹریمنگ سروسز کی مسلسل بڑھتی قیمتوں نے صارفین کو پریشان کر دیا ہے،نیٹ فلکس، ڈزنی پلس، ایچ بی او میکس اور دیگر پلیٹ فارمز کی ماہانہ فیس میں اضافے کے باعث امریکی صارفین مہنگی سبسکرپشنز چھوڑ کر سستے اور اشتہارات والے پیکجز کی طرف منتقل ہو رہے ہیں، جبکہ مفت ویڈیو مواد فراہم کرنے والے پلیٹ فارمز کی مقبولیت بھی بڑھ رہی ہے
وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق اسٹریمنگ کمپنیوں نے گزشتہ چند برسوں میں اپنی سبسکرپشن فیس میں مسلسل اضافہ کیا ہے،ڈزنی پلس کی اشتہارات کے بغیر ماہانہ سبسکرپشن کی قیمت 2019 میں اس کے آغاز کے مقابلے میں تین گنا سے زیادہ ہو چکی ہے، جبکہ نیٹ فلکس کے اسی نوعیت کے پیکج کی قیمت میں 50 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے،اس عرصے میں امریکہ میں مجموعی مہنگائی تقریباً 32 فیصد رہی
قیمتوں میں اضافے کے باوجود اسٹریمنگ کمپنیوں کو صارفین برقرار رکھنے میں مشکلات کا سامنا ہے،صارفین اب ہر پلیٹ فارم کی الگ الگ ماہانہ فیس ادا کرنے کے بجائے کم قیمت والے اشتہارات پر مبنی پیکجز اختیار کر رہے ہیں،اس رجحان کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ کھیلوں کے براہِ راست مقابلے، فلمیں اور ٹی وی پروگرام مختلف پلیٹ فارمز پر تقسیم ہو چکے ہیں، جس کے باعث اپنی پسند کا مواد دیکھنے کے لیے متعدد سبسکرپشنز خریدنا پڑتی ہیں
تحقیقی ادارے ورلڈ پینل بائی نیومیریٹر کے مطابق 2026 کی تیسری سہ ماہی میں امریکہ کی مجموعی بامعاوضہ ویڈیو اسٹریمنگ سبسکرپشنز میں اشتہارات والے پیکجز کا حصہ بڑھ کر 52.5 فیصد ہو گیا،یہ پہلی مرتبہ ہے کہ اشتہارات والے پیکجز نے اشتہارات کے بغیر سبسکرپشنز کو پیچھے چھوڑ دیا ہے
اس تبدیلی سے اسٹریمنگ کمپنیوں کے کاروباری ماڈل پر بھی اثر پڑ رہا ہے،اشتہارات والے سستے پیکجز سے کمپنیوں کو فی صارف نسبتاً کم آمدنی حاصل ہوتی ہے، اس لیے وہ اشتہارات سے ہونے والی آمدنی بڑھانے کی کوشش کر رہی ہیں،دوسری جانب ان پیکجز کے صارفین نسبتاً کم وفادار ہوتے ہیں اور قیمت یا مواد میں تبدیلی کے باعث آسانی سے دوسری سروس اختیار کر سکتے ہیں
کمپنیوں نے صارفین کو اپنی طرف برقرار رکھنے کے لیے مختلف اسٹریمنگ سروسز کو ایک ہی پیکج میں پیش کرنے کا طریقہ بھی اپنایا ہے،اس کے علاوہ خصوصی رعایتیں اور کم قیمت والے منصوبے متعارف کرائے جا رہے ہیں تاکہ صارفین سبسکرپشن منسوخ نہ کریں
اعداد و شمار سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ امریکی گھرانوں میں پریمیم اسٹریمنگ سبسکرپشنز کی تعداد میں اضافہ اب سست پڑ رہا ہے،اس کا مطلب ہے کہ وہ دور ختم ہونے کے قریب ہے جب کمپنیاں مسلسل نئے صارفین شامل کرکے اپنی ترقی برقرار رکھ رہی تھیں
اس صورتحال میں یوٹیوب کو فائدہ پہنچ رہا ہے، کیونکہ اس پر بڑی تعداد میں مفت ویڈیوز، تفریحی پروگرام اور دیگر مواد دستیاب ہے،صارفین مہنگی سبسکرپشنز کے متبادل کے طور پر یوٹیوب کی طرف زیادہ توجہ دے رہے ہیں
اسٹریمنگ انڈسٹری کے لیے یہ تبدیلی ایک اہم موڑ ہے،ابتدا میں آن لائن اسٹریمنگ کو روایتی کیبل ٹیلی ویژن کا سستا متبادل قرار دیا گیا تھا، لیکن مختلف پلیٹ فارمز کی بڑھتی تعداد اور مسلسل قیمتوں میں اضافے نے صارفین کے ماہانہ تفریحی اخراجات میں اضافہ کر دیا ہے،اب کمپنیوں کے لیے اصل چیلنج صرف نئے صارفین حاصل کرنا نہیں بلکہ موجودہ صارفین کو مہنگی سبسکرپشنز جاری رکھنے پر آمادہ کرنا بھی ہے






