چینی ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے امریکی عدالت میں تجارتی راز چرانے اور بینکوں کو دھوکا دینے کی سازش میں مجرم قرار، اربوں ڈالر جرمانے کا سامنا، منظم جرائم کا سنگین الزام مسترد
نیویارک:وفاقی عدالت کی جیوری نے منگل کے روز چین کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے ٹیکنالوجیز (Huawei Technologies) کو تجارتی راز چرانے کی سازش اور بینکوں کو دھوکا دینے کے الزامات میں مجرم قرار دے دیا، تاہم کمپنی کے خلاف منظم جرائم سے متعلق سب سے سنگین الزام مسترد کر دیا
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق نیویارک کے علاقے بروکلین کی وفاقی عدالت میں چلنے والے مقدمے میں جیوری نے ہواوے کو مجموعی طور پر 12 میں سے 10 الزامات میں قصوروار قرار دیا،تاہم جیوری نے کمپنی کے خلاف مجرمانہ ریکٹیرنگ سازش (Criminal Racketeering Conspiracy) کا الزام ثابت نہیں پایا،یہ الزام عموماً منظم جرائم اور منشیات کے بڑے نیٹ ورکس کے مقدمات میں استعمال ہوتا ہے
استغاثہ نے الزام عائد کیا تھا کہ ہواوے نے اپنے حریفوں اور کاروباری شراکت داروں سے ٹیکنالوجی، دانشورانہ ملکیت اور تجارتی راز حاصل کرنے کے لیے غیرقانونی طریقے اختیار کیے اور اپنے کاروباری مفادات کے لیے خفیہ معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی
مقدمے میں یہ الزامات بھی شامل تھے کہ کمپنی نے ایران اور شمالی کوریا سمیت امریکی پابندیوں کی زد میں آنے والے ممالک کے ساتھ کاروبار کیا اور اپنی سرگرمیوں کو چھپانے کے لیے امریکی حکام اور بینکوں کو غلط معلومات فراہم کیں
ہواوے کے وکیل نے منظم جرائم کے سب سے سنگین الزام سے بریت کو امریکی حکومت کے مؤقف کی بڑی تردید قرار دیا،ان کا کہنا تھا کہ جیوری کے فیصلے نے حکومت کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ کمپنی کی پوری تنظیم بدعنوانی، چوری اور جھوٹ پر مبنی کاروباری ثقافت کے تحت کام کرتی تھی
یہ مقدمہ کسی انفرادی شخص کے خلاف نہیں بلکہ براہِ راست ہواوے کمپنی کے خلاف چلایا گیا،فیصلے کے بعد کمپنی کو دس الزامات میں سزا کا سامنا ہے، جبکہ سب سے سنگین منظم جرائم کی سازش کا الزام ثابت نہیں ہو سکا
ہواوے دنیا میں وائرلیس ٹیلی کمیونیکیشن نیٹ ورکس کے آلات فراہم کرنے والی بڑی کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے،اس کے خلاف امریکی قانونی کارروائی چین اور امریکہ کے درمیان ٹیکنالوجی، قومی سلامتی اور تجارتی مسابقت کے حوالے سے جاری کشیدگی کے تناظر میں بھی اہمیت رکھتی ہے
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق ہواوے اور اس کی تین ذیلی کمپنیوں کی سزا کا تعین 14 ستمبر 2027 کو بروکلین کی وفاقی عدالت میں ہوگا،کمپنیوں کو بھاری مالی جرمانے، غیر قانونی منافع کی ضبطی اور متاثرہ فریقوں کو ہرجانہ ادا کرنے کی سزا ہو سکتی ہے،مقدمے میں کسی انفرادی ڈائریکٹر یا ملازم کو ملزم نہیں بنایا گیا، اس لیے سزا کمپنیوں اور ان کی متعلقہ ذیلی کمپنیوں کو دی جائے گی، کسی شخص کو جیل بھیجنے کا فیصلہ اس مقدمے میں شامل نہیں،استغاثہ کے مطابق ممکنہ مالی جرمانے اربوں ڈالر تک پہنچ سکتے ہیں، تاہم حتمی رقم ابھی طے نہیں ہوئی،ہواوے نے فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا اعلان کیا ہے،ابھی جرمانے کی حتمی رقم مقرر نہیں ہوئی اور نہ ہی نئی پابندیوں کا کوئی حتمی اعلان سامنے آیا ہے،سزا کا فیصلہ جج ستمبر 2027 میں کریں گے






