Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

ہارورڈ یونیورسٹی میں طلبہ ملازمین کی ہڑتال، 53 نومنتخب ڈیموکریٹ ارکانِ ایوانِ نمائندگان کا تقریب میں شرکت سے بائیکاٹ کا اعلان

ہارورڈ یونیورسٹی میں طلبہ ملازمین کی ہڑتال، 53 نومنتخب ڈیموکریٹ ارکانِ ایوانِ نمائندگان کا تقریب میں شرکت سے بائیکاٹ کا اعلان

امریکہ میں نومنتخب ڈیموکریٹ ارکانِ ایوانِ نمائندگان نے ہارورڈ یونیورسٹی میں گریجویٹ طلبہ ملازمین کی ہڑتال کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ جب تک یونیورسٹی اور مزدور یونین کے درمیان معاہدہ نہیں ہوتا، وہ نئے ارکانِ کانگریس کے لیے منعقد ہونے والی تعارفی تقریب میں شرکت نہیں کریں گے
دی ہل (The Hill) کے مطابق 53 نومنتخب ڈیموکریٹ ارکان نے ہارورڈ یونیورسٹی کے صدر ایلن گاربر، پرووسٹ جان میننگ اور کینیڈی اسکول کے متعلقہ عہدیدار کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ یونیورسٹی گریجویٹ طلبہ اور تعلیمی کارکنوں کی یونینوں کے ساتھ مذاکرات کرکے منصفانہ معاہدہ کرے
ارکانِ کانگریس نے خط میں واضح کیا کہ وہ تقریب میں شرکت کرنا چاہتے ہیں، لیکن اس کے لیے انہیں ہڑتال کرنے والے کارکنوں کی پکٹ لائن عبور کرنا پڑے گی، جو ان کے اصولوں کے خلاف ہے،ان کا کہنا تھا کہ انہیں محنت کش طبقے کے حقوق، یونین سازی اور اجتماعی سودے بازی کی حمایت کی بنیاد پر منتخب کیا گیا ہے، اس لیے وہ ہڑتالی کارکنوں کی صفوں کو عبور نہیں کریں گے
خط میں کہا گیا ہے کہ جب تک کارکن ہڑتال پر ہیں، ہارورڈ کا کوئی دورہ ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے ہی ہوگا،ارکان نے واضح کیا کہ یونیورسٹی اور یونین کے درمیان معاہدہ ہونے کے بعد وہ تقریب میں شرکت کے فیصلے پر دوبارہ غور کر سکتے ہیں
ہارورڈ گریجویٹ اسٹوڈنٹس یونین، جو یونائیٹڈ آٹو ورکرز (UAW) سے منسلک ہے، 27 اکتوبر سے ہڑتال پر ہے،یہ یونین یونیورسٹی میں 4 ہزار سے زائد گریجویٹ اور انڈرگریجویٹ طلبہ کارکنوں کی نمائندگی کرتی ہے،یونین زیادہ اجرت، بہتر مراعات، غیر ملکی طلبہ کارکنوں کے تحفظ اور ہراسانی و امتیازی سلوک کی شکایات کے آزادانہ نظام کا مطالبہ کر رہی ہے
یونیورسٹی اور یونین کے درمیان مارچ 2025 سے مذاکرات جاری ہیں،یونین ابتدائی طور پر 9.8 فیصد تنخواہ اضافے اور اس کے بعد سالانہ 4.5 فیصد اضافے کا مطالبہ کر رہی ہے، جبکہ ہارورڈ نے معاہدے کی منظوری پر 6.1 فیصد اور بعد کے برسوں میں سالانہ 3 فیصد اضافے کی پیشکش کی ہے
دوسری جانب ہارورڈ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ نیک نیتی کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنے اور کسی قابلِ قبول معاہدے تک پہنچنے کے لیے پرعزم ہے،دونوں فریق وفاقی ثالث کی مدد سے بھی مذاکرات کر رہے ہیں، جبکہ اگلی نشست 3 دسمبر کو طے ہے
نومنتخب ارکانِ کانگریس کے لیے ہارورڈ کے انسٹی ٹیوٹ آف پولیٹکس کا یہ تعارفی پروگرام 6 سے 8 دسمبر تک منعقد ہونا ہے،یہ روایت 1972 سے ہر دو سال بعد جاری ہے، جس میں نئے ارکان کو پالیسی امور، حکومتی نظام اور قانون سازی کے چیلنجز سے آگاہ کیا جاتا ہے،کانگریس کے یہ ارکان 120ویں امریکی کانگریس کے لیے منتخب ہوئے ہیں اور جنوری 2027 میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے

قومی خبریں سے مزید