Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

امریکہ میں پٹرول اچانک سستا کیوں ہو رہا ہے؟ قیمت 3.64 ڈالر فی گیلن تک گرنے کے پیچھے 5 اہم عوامل

امریکہ میں پٹرول اچانک سستا کیوں ہو رہا ہے؟ قیمت 3.64 ڈالر فی گیلن تک گرنے کے پیچھے 5 اہم عوامل

واشنگٹن: امریکہ میں پٹرول کی اوسط قیمت صرف 2 ماہ کے دوران تقریباً 90 سینٹ فی گیلن کم ہو کر 3.64 ڈالر پر آ گئی ہے،یہ قیمت ایران جنگ کے ابتدائی دنوں کے بعد کم ترین سطح پر ہے اور تھینکس گیونگ کی تعطیلات کے دوران لاکھوں امریکیوں کو سفر کے اخراجات میں کچھ ریلیف ملنے کی توقع ہے
امریکی جریدے فارچیون میں توانائی کے امور کے مدیر جورڈن بلم کی رپورٹ کے مطابق، آٹوموبائل ایسوسی ایشن اے اے اے کے اعدادوشمار میں پیر کے روز عام پٹرول کی قومی اوسط قیمت 3.64 ڈالر فی گیلن ریکارڈ کی گئی،یہ ایک سال پہلے کے مقابلے میں 57 سینٹ زیادہ ہے، تاہم ستمبر کے آخر سے اب تک قیمتوں میں غیر معمولی کمی آئی ہے،تھینکس گیونگ 2022 کے روز پٹرول کی قیمت 3.58 ڈالر فی گیلن تھی، یعنی موجودہ قیمت اس سطح کے قریب پہنچ چکی ہے،ملک کے بعض علاقوں میں پٹرول 3 ڈالر یا اس سے بھی کم میں دستیاب ہے
گیس بڈی کے سربراہ برائے پٹرولیم تجزیہ پیٹرک ڈی ہان کے مطابق قیمتوں میں کمی کی رفتار توقع سے زیادہ رہی ہے، لیکن حالیہ حالات کو دیکھتے ہوئے یہ حیران کن بھی نہیں،ان کے بقول اس کمی کے پیچھے مشرق وسطیٰ کی صورتحال، موسم کی تبدیلی، تیل کی عالمی ترسیل اور ریفائنریوں کی پیداوار سمیت 5 بڑے عوامل کارفرما ہیں
پہلا سبب: آبنائے ہرمز کے راستے تیل کی ترسیل میں اضافہ
مشرق وسطیٰ میں جنگ اور کشیدگی کے باوجود امریکی بحری جہازوں کی حفاظتی معاونت، تیل بردار جہازوں کے پیچیدہ انتظامات اور متبادل پائپ لائن راستوں کے ذریعے خطے سے تیل کی برآمدات بحال ہوئی ہیں،اب مشرق وسطیٰ سے تیل کی برآمدات جنگ سے پہلے کی سطح کے تقریباً 90 فیصد تک پہنچ چکی ہیں،اگرچہ جہازوں کے کرائے اور انشورنس کے اخراجات اب بھی زیادہ ہیں اور دنیا کے کئی ممالک کے اسٹریٹیجک تیل کے ذخائر کم ہو چکے ہیں، تاہم برآمدات میں اضافے سے عالمی منڈی میں تیل کی فراہمی بہتر ہوئی ہے،اس کے نتیجے میں عالمی معیار برینٹ خام تیل کی قیمت پیر تک 90 ڈالر فی بیرل سے کچھ نیچے آ گئی
دوسرا سبب: ٹرمپ کی جانب سے جنگ میں بڑے پیمانے پر مزید اضافے سے گریز
وسط مدتی انتخابات سے پہلے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کھلے عام کہا تھا کہ وہ انتخابات کے بعد تک بڑے پیمانے پر فوجی حملوں میں اضافے کا فیصلہ مؤخر کر رہے ہیں،اس بیان سے عالمی تیل منڈی میں یہ خدشہ پیدا ہوا تھا کہ نومبر میں جنگ شدت اختیار کر سکتی ہے اور تیل کی عالمی ترسیل مزید متاثر ہو سکتی ہے،اسی غیر یقینی صورتحال نے تیل کی قیمتیں بلند رکھی تھیں
انتخابات کے بعد ڈیموکریٹس کی بڑی کامیابی کے باوجود ٹرمپ نے اب تک جنگ میں بڑے پیمانے پر اضافے کا اعلان نہیں کیا،اس سے منڈیوں میں فوری طور پر مزید خلل پڑنے کا خدشہ کم ہوا ہے اور قیمتوں پر دباؤ میں کمی آئی ہے،تاہم جنگ کے خاتمے کے لیے کسی فوری معاہدے کے امکانات واضح نہیں ہیں
پیٹرک ڈی ہان کے مطابق اس وقت سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ آیا خطے میں کوئی ٹھوس اور دیرپا پیش رفت ہوتی ہے یا نہیں،جنگ دوبارہ شدت اختیار کرتی ہے تو تیل کی قیمتیں بھی پھر بڑھ سکتی ہیں
تیسرا سبب: سردیوں میں پٹرول کی طلب اور پیداواری لاگت میں کمی
امریکہ میں گرمیوں کے دوران گاڑیوں کا استعمال زیادہ ہوتا ہے، اس لیے پٹرول کی طلب اور قیمتیں عموماً بلند رہتی ہیں،موسم سرد ہونے کے ساتھ لوگ کم سفر کرتے ہیں، جس سے پٹرول کی طلب گھٹ جاتی ہے اور قیمتوں میں کمی آنے لگتی ہے،تھینکس گیونگ اور کرسمس کے موقع پر سفر میں عارضی اضافہ ضرور ہوتا ہے، لیکن سال کے اختتام اور نئے سال کے آغاز پر مجموعی طور پر گاڑیوں کا استعمال کم رہتا ہے
سردیوں میں پٹرول تیار کرنا بھی نسبتاً سستا ہوتا ہے،گرمیوں میں استعمال ہونے والے پٹرول میں ایسے اضافی اجزا شامل کیے جاتے ہیں جو شدید گرمی میں ایندھن کے بخارات بننے اور فضائی آلودگی کو کم کرتے ہیں،اس کے برعکس سردیوں کے پٹرول میں مختلف اجزا استعمال ہوتے ہیں اور اسے تیار کرنے کی لاگت نسبتاً کم ہوتی ہے،اسی موسمی تبدیلی سے صارفین کو پٹرول کی قیمت میں ریلیف ملتا ہے
چوتھا سبب: امریکہ اور دنیا کی ریفائنریوں میں پیداوار کی بحالی
ستمبر اور اکتوبر میں امریکہ اور دنیا کے کئی حصوں میں ریفائنریوں کی بندش اور فنی خرابیوں نے پٹرول کی قیمتیں بلند رکھی تھیں،دنیا بھر میں تقریباً 10 فیصد ریفائنریاں جنگی حالات کے باعث، خصوصاً مشرق وسطیٰ اور روس میں، بند ہیں،امریکہ میں بھی الینوائے کی ایکسن موبل کی جولیٹ اور فلپس 66 کی ووڈ ریور ریفائنریوں میں موسمی حالات اور مشینری کی خرابی کے باعث پیداوار متاثر ہوئی تھی،ان بندشوں سے خصوصاً وسط مغربی ریاستوں میں پٹرول کی قیمتیں بڑھ گئی تھیں
اب ان ریفائنریوں میں مسائل حل ہونے کے بعد پیداوار بحال ہو رہی ہے، جس سے مارکیٹ میں پٹرول کی دستیابی بہتر ہوئی ہے،چین نے بھی ایران جنگ کے دوران اپنی بعض ریفائنریاں بند کر دی تھیں، لیکن اپنے ذخائر میں کمی کے بعد اب اس نے پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار اور برآمدات بڑھا دی ہیں،اس اضافی سپلائی نے بھی عالمی منڈی میں قیمتوں کو نیچے لانے میں کردار ادا کیا ہے
پانچواں سبب: ڈیزل کی زیادہ پیداوار کے ساتھ پٹرول کی فراہمی میں بھی اضافہ
امریکہ کی ریفائنریوں نے موسم خزاں میں ڈیزل کی بڑھتی ہوئی طلب پوری کرنے کے لیے اپنی پیداوار زیادہ سے زیادہ سطح تک پہنچا دی،ریفائنریاں صرف ڈیزل یا کسی ایک پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار نہیں کرتیں بلکہ جب انہیں زیادہ صلاحیت پر چلایا جاتا ہے تو پٹرول سمیت دیگر مصنوعات کی پیداوار بھی بڑھ جاتی ہے
ڈیزل کی طلب میں اضافے کے باعث امریکی ریفائنریاں اپنی پوری صلاحیت کے قریب کام کر رہی ہیں اور ریکارڈ منافع کما رہی ہیں،بعض کمپنیوں نے طے شدہ مرمت کا کام بھی اگلے سال تک مؤخر کر دیا ہے تاکہ پیداوار جاری رکھی جا سکے
پیٹرک ڈی ہان کے مطابق نومبر میں امریکی ریفائنریاں 1998 کے بعد اپنی بلند ترین پیداواری شرح پر کام کر رہی ہیں،ممکن ہے یہ امریکی ریفائننگ صنعت کے لیے اب تک کا سب سے زیادہ پیداواری سال ثابت ہو
پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے باوجود امریکی صارفین کے لیے ایندھن اب بھی گزشتہ سال کے مقابلے میں مہنگا ہے،تاہم تھینکس گیونگ کے موقع پر سفر کرنے والوں کو کچھ ریلیف ملنے کی توقع ہے،اے اے اے کے اندازے کے مطابق اس سال تھینکس گیونگ کے دوران تقریباً 72.9 ملین امریکی سڑکوں کے ذریعے سفر کریں گے، جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد 73.1 ملین تھی
گیس بڈی کے سروے کے مطابق تقریباً دو تہائی امریکی اس ہفتے تعطیلات کے لیے سفر کا ارادہ رکھتے ہیں،تقریباً 20 فیصد مسافروں نے بتایا کہ وہ ایندھن کے اضافی اخراجات پورے کرنے کے لیے چھٹیوں کے دوران دیگر اخراجات کم کریں گے
پیٹرک ڈی ہان کا اندازہ ہے کہ اگر مشرق وسطیٰ میں توانائی کی ترسیل میں کوئی نیا بڑا خلل پیدا نہ ہوا تو آئندہ چند ہفتوں میں امریکہ میں پٹرول کی قومی اوسط قیمت مزید کم ہو کر 3.35 ڈالر فی گیلن تک پہنچ سکتی ہے

قومی خبریں سے مزید