Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

تائیوان ٹیکنالوجی کی برتری کو قومی سلامتی کی ڈھال میں کیسے بدل رہا ہے؟

تائیوان ٹیکنالوجی کی برتری کو قومی سلامتی کی ڈھال میں کیسے بدل رہا ہے؟

تائیوان نے چین کی جانب سے ممکنہ فوجی حملے کے خطرے سے نمٹنے کے لیے اپنی ٹیکنالوجی کی غیر معمولی برتری کو قومی دفاع کی حکمت عملی میں تبدیل کرنا شروع کر دیا ہے،جدید سیمی کنڈکٹرز، مصنوعی ذہانت، خصوصی سافٹ ویئر اور خودکار ڈرونز پر مشتمل یہ حکمت عملی تائیوان کو نہ صرف دفاعی صلاحیت فراہم کرنے کی کوشش ہے بلکہ عالمی معیشت میں اس کی اہمیت کو بھی اس حد تک بڑھانا چاہتی ہے کہ چین کے لیے اس پر حملے کی قیمت ناقابل برداشت ہو جائے
امریکی جریدے ٹائم میں چارلی کیمبل کی رپورٹ کے مطابق، جنوبی تائیوان کا شہر چیائی طویل عرصے سے اپنے مشہور کھانے ٹرکی رائس کے لیے جانا جاتا ہے، لیکن اب یہ شہر ڈرون ٹیکنالوجی کا اہم مرکز بن چکا ہے،دوسری جنگ عظیم کے بعد امریکی فوجیوں نے یہاں ترکی کا گوشت متعارف کرایا تھا، جو مرغی کے مقابلے میں سستا متبادل بن گیا اور مقامی شناخت کا حصہ بن گیا،تقریباً 8 دہائیوں بعد چیائی کی شناخت ایک نئی فوجی صنعت سے جڑ رہی ہے،شہر کے آس پاس 50 سے زیادہ کمپنیاں اور تحقیقی ادارے بغیر پائلٹ کے طیارے، یعنی ڈرون تیار کر رہے ہیں
تائیوان کی ڈرون صنعت کو فروری 2022 میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے یوکرین پر حملے کے بعد غیر معمولی اہمیت حاصل ہوئی،جنگ میں روس اور یوکرین دونوں نے تجارتی ڈرونز بڑے پیمانے پر استعمال کیے، جن میں چینی کمپنی ڈی جے آئی کے تیار کردہ ڈرون نمایاں تھے،تاہم جب یہ اطلاعات سامنے آئیں کہ ڈی جے آئی کا ایروسکوپ نظام ڈرون چلانے والوں کی حقیقی وقت میں موجودگی اور مقام کا سراغ لگا سکتا ہے تو سائبر سکیورٹی کے خدشات بڑھ گئے،چین اور روس کے درمیان لامحدود شراکت داری کے تناظر میں تائیوان نے ایسی سپلائی چینز کی تیاری پر توجہ مرکوز کی ہے جن کا تعلق چین سے نہ ہو
رپورٹ کے مطابق تائیوان کی حکمت عملی صرف ڈرون بنانے تک محدود نہیں،اس کا مقصد عالمی ٹیکنالوجی کی سپلائی چین میں اپنی ایسی ناگزیر جگہ بنانا ہے کہ چین کے لیے تائیوان پر حملہ عالمی معیشت کے لیے بھی تباہ کن ثابت ہو،اسی تصور کو پہلے ہی ’’سلیکون شیلڈ‘‘ یعنی سیمی کنڈکٹر ٹیکنالوجی کی حفاظتی ڈھال کا نام دیا جا چکا ہے،تائیوان کی آبادی تقریباً 2 کروڑ 30 لاکھ ہے اور وہ اپنی صنعتی برتری کے ذریعے چین کے ممکنہ حملے کے خلاف دفاعی رکاوٹ پیدا کرنا چاہتا ہے
تائیوان روایتی فوجی طاقت میں چین کا مقابلہ کرنے کے بجائے کم لاگت، جدید اور باہم مربوط دفاعی نظام تیار کر رہا ہے،اس حکمت عملی میں جدید چپس، اپنے تیار کردہ سافٹ ویئر اور خودکار ڈرونز کے جھنڈ شامل ہیں، جو ضرورت پڑنے پر مختلف دفاعی کارروائیاں انجام دے سکیں گے
چیائی میں قائم کمپنی کن وے ٹیکنالوجی نے ایک دہائی سے زیادہ عرصہ قبل زرعی مقاصد کے لیے فصلوں پر اسپرے کرنے والے ڈرون تیار کرنا شروع کیے تھے، لیکن یوکرین جنگ کے بعد اس نے دفاعی ڈرونز کی تیاری کی طرف رخ کر لیا،کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ لیو کے مطابق اب کمپنی ہر ماہ 2,000 سے زیادہ ڈرون یوکرین بھیج رہی ہے،انہوں نے ٹائم کو بتایا کہ تائیوان ایک جزیرہ ہے اور اسے کسی ممکنہ جنگ کی صورت میں اپنے فوجی ڈرون خود تیار کرنے کے قابل ہونا چاہیے
کمپنی کے مرکز میں تکنیکی ماہرین مختلف اقسام کے ڈرونز اور دفاعی آلات کی آزمائش کرتے ہیں،ان میں خودکش حملوں کے لیے استعمال ہونے والے کواڈ کاپٹرز، اسپرنگ کے ذریعے فضا میں چھوڑے جانے والے نگرانی کے ڈرون اور ایسے بغیر پائلٹ کے بحری جہاز بھی شامل ہیں جو دشمن کی نظروں سے بچ کر کارروائی کر سکتے ہیں
مئی 2024 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد صدر لائی چنگ تے نے ڈرون صنعت کو تائیوان کی پانچ ’’قابل اعتماد صنعتوں‘‘ میں شامل کیا،اس اقدام کا مقصد جمہوری ممالک کے ساتھ صنعتی اور دفاعی تعاون کو مضبوط بنانا ہے،تائی پے نے فرانس، پولینڈ، چیک جمہوریہ اور امریکہ سمیت متعدد ممالک کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں،ان ممالک کی مشترکہ کوشش ہے کہ چین پر انحصار کرنے والی سپلائی چینز کے متبادل تیار کیے جائیں،اس وقت دنیا کی مجموعی ڈرون پیداوار کا 70 سے 80 فیصد چین کے کنٹرول میں ہے
حکمران جماعت ڈیموکریٹک پروگریسو پارٹی کے رکن پارلیمنٹ پوما شین، جو 2023 میں یوکرین کا دورہ بھی کر چکے ہیں، کہتے ہیں کہ جمہوری ممالک کو ایک دوسرے کے ساتھ بین الاقوامی تعاون بڑھانا ہوگا کیونکہ انہیں مشترکہ طور پر دفاعی چیلنجوں کا مقابلہ کرنا ہے
تائیوان نے اپنی تکنیکی صلاحیت بڑھانے کے لیے سرکاری ادارے نیشنل چنگ شان انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو 9 غیر ملکی سافٹ ویئر کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری میں شامل کیا ہے،ان میں دفاعی ٹیکنالوجی کی بڑی کمپنیاں اینڈرل، آٹیرین اور شیلڈ اے آئی شامل ہیں،یہ کمپنیاں خودکار پرواز، مصنوعی ذہانت کے ذریعے کمانڈ اینڈ کنٹرول اور ڈرونز کے جھنڈ کو ایک ساتھ چلانے کی ٹیکنالوجی پر کام کر رہی ہیں
اس حکمت عملی کے نتائج ڈرون برآمدات میں تیزی سے اضافے کی صورت میں سامنے آئے ہیں،تائیوان نے 2024 میں صرف 3,472 ڈرون برآمد کیے تھے، جو 2025 میں بڑھ کر 122,726 ہو گئے۔ 2026 کے پہلے 7 ماہ میں مزید 210,000 ڈرون بیرونی منڈیوں کو بھیجے گئے، جن کی مالیت 238 ملین ڈالر تھی
تاہم ڈرون صنعت تائیوان کی وسیع تر ٹیکنالوجی برتری کا صرف ایک حصہ ہے،تائیوان سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ کمپنی، یعنی ٹی ایس ایم سی، دنیا کے 90 فیصد سے زیادہ جدید ترین چپس تیار کرتی ہے،تائیوان کی کمپنیاں دنیا کے 90 فیصد مصنوعی ذہانت کے سرورز بھی اسمبل کرتی ہیں،اس کے علاوہ ڈیٹا سینٹرز کے لیے انتہائی اہم بجلی کی فراہمی کے یونٹس اور مائع کولنگ نظام کی تیاری میں بھی تائیوان کو غیر معمولی برتری حاصل ہے،ایپل، اینویڈیا، اے ایم ڈی اور کوالکوم جیسی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی سپلائی چینز کسی نہ کسی صورت تائیوان سے وابستہ ہیں
مصنوعی ذہانت کی عالمی صنعت میں تائیوان کے مرکزی کردار کے باعث اکتوبر میں اس کی اسٹاک مارکیٹ کی مجموعی مالیت عارضی طور پر دنیا میں چوتھے نمبر پر پہنچ گئی،کوالکوم کے چیف ایگزیکٹو کرسٹیانو آمون کے مطابق آج ڈیٹا سینٹرز میں استعمال ہونے والے تمام بڑے اے آئی ایکسلریٹرز ٹی ایس ایم سی کے تیار کردہ ہیں اور پوری سیمی کنڈکٹر صنعت اس نظام کی عادی ہو چکی ہے
مئی 2026 کے آخر میں چپ بنانے والی کمپنی اینویڈیا نے شمالی تائی پے میں اپنے عالمی ہیڈکوارٹر کی تعمیر شروع کی، جس پر 1.3 ارب ڈالر لاگت آئے گی،اس مرکز میں 10,000 سے زیادہ انجینئرز اور محققین کے لیے گنجائش ہوگی،افتتاحی تقریب میں تائی پے کے میئر چیانگ وان آن کی شرکت اس بات کی علامت تھی کہ تائیوان کی ٹیکنالوجی برتری کو برقرار رکھنا وہاں کی سیاست میں ان چند معاملات میں شامل ہے جن پر مختلف جماعتوں میں اتفاق پایا جاتا ہے
تاہم دفاعی صنعت کو فروغ دینے کے لیے حکومتی کوششیں سیاسی تنازعہ کا شکار بھی ہیں،صدر لائی کی حکومت نے دفاعی اخراجات کے لیے 40 ارب ڈالر کا خصوصی پیکیج تجویز کیا تھا، لیکن حزب اختلاف کے ارکان پارلیمنٹ نے اس کی منظوری میں رکاوٹیں ڈالیں،بالآخر 25 ارب ڈالر کا کم حجم والا پیکیج منظور کیا گیا،اس رقم سے امریکہ سے ہتھیاروں کی دو الگ خریداریوں کی اجازت تو دی گئی، لیکن تائیوان کی اپنی دفاعی صنعت کو مضبوط بنانے کے لیے مختص سرمایہ کاری نکال دی گئی،اس فیصلے سے مقامی دفاعی منصوبوں، خصوصاً اسٹرانگ بو اینٹی بیلسٹک میزائل کے مستقبل پر سوالات اٹھ گئے ہیں،یہ میزائل تائیوان کے مجوزہ فضائی دفاعی نظام ’’ٹی ڈوم‘‘ کی بنیاد بننا تھا
حزب اختلاف کا مؤقف ہے کہ حکومت نے دفاعی اخراجات کی تقسیم کے بارے میں شفاف تفصیلات فراہم نہیں کیں،حزب اختلاف کی جماعت کومنتانگ کی سربراہ چنگ لی وین کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت قومی دفاع کی تعمیر کے خلاف نہیں، لیکن مجوزہ منصوبے میں واضح تفصیلات موجود نہیں اور بدعنوانی کے الزامات کے باعث نگرانی کے بغیر اس کی منظوری نہیں دی جا سکتی،دوسری جانب حکمران جماعت کا الزام ہے کہ حزب اختلاف کی مزاحمت سے بیجنگ کو فائدہ پہنچ رہا ہے اور قومی سلامتی کمزور ہو رہی ہے،مقامی ڈرون صنعت سے وابستہ افراد کو خدشہ ہے کہ اگر 2028 میں کومنتانگ دوبارہ اقتدار میں آ گئی تو دفاعی صنعت کی ترقی کی رفتار متاثر ہو سکتی ہے
سیاسی اختلافات کے علاوہ تائیوان کی دفاعی ٹیکنالوجی کو تجارتی مشکلات کا بھی سامنا ہے،تائیوان میں تیار ہونے والے ڈرون چینی ڈرونز کے مقابلے میں تقریباً دو گنا مہنگے ہیں،سپلائی چین کی کمزوریاں بھی مسئلہ ہیں،کن وے کمپنی یوکرین کو اکثر بیٹریوں کے بغیر ڈرون بھیجتی ہے، کیونکہ یوکرین کو بیٹریاں الگ سے چین سے خریدنا پڑتی ہیں،ڈرونز کو موجودہ نظاموں کے ساتھ ہم آہنگ رکھنے کے لیے کمپنی کو کنیکٹر کیبلز بھی چینی سپلائرز سے درآمد کرنا پڑتی ہیں،تائیوان کو امید ہے کہ دفاعی صنعت کے پھیلاؤ کے ساتھ پیداواری لاگت کم ہوگی اور چین سے آزاد متبادل سپلائی چینز بھی مضبوط ہوں گی
اس حکمت عملی کا ایک خطرناک پہلو بھی ہے،تائیوان کی ٹیکنالوجی جتنی زیادہ اہم ہوتی جائے گی، چین کے لیے اس جزیرے پر قبضے کی کشش بھی اتنی ہی بڑھ سکتی ہے، کیونکہ اس صورت میں بیجنگ کو مستقبل کی اہم ترین ٹیکنالوجیز پر غیر معمولی برتری حاصل ہو سکتی ہے
اس کے باوجود تائیوان کی ٹیکنالوجی صنعت کے رہنما پُرامید ہیں،تائیوان کی میموری چپ کمپنی فائزون کے ملائیشیا میں پیدا ہونے والے چیف ایگزیکٹو کے ایس پووا کا کہنا ہے کہ تائیوان کی ’’سلیکون شیلڈ‘‘ پہلے کی طرح مضبوط ہے،ان کے بقول وہ ایک غیر ملکی کی حیثیت سے دنیا کو بتا سکتے ہیں کہ تائیوان محفوظ ہے، اختلافات اور سیاسی شور شرابے کے باوجود کچھ تبدیل نہیں ہوگا، کیونکہ دنیا کو تائیوان کی ضرورت ہے
ٹائم کے تجزیے کا مرکزی نکتہ یہ ہے کہ تائیوان اپنی سلامتی کو صرف ہتھیاروں اور فوجی طاقت سے نہیں بلکہ عالمی ٹیکنالوجی کی معیشت میں اپنی ناگزیر حیثیت سے محفوظ بنانے کی کوشش کر رہا ہے

قومی خبریں سے مزید