امریکہ نے علی بابا کی ذیلی کمپنی کو تجارتی بلیک لسٹ میں ڈال دیا، چین کو جدید اے آئی چپس کی فراہمی روکنے کے لیے بڑی کارروائی
واشنگٹن: صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے چین کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنی علی بابا (Alibaba) کی سنگاپور میں قائم ذیلی کمپنی ایپکس انٹرپرائز سلوشنز (Apex Enterprise Solutions) کو امریکی تجارتی بلیک لسٹ میں شامل کردیا ہے،اس اقدام کا مقصد جدید امریکی سیمی کنڈکٹر چپس اور مصنوعی ذہانت (AI) کی ٹیکنالوجی چین تک پہنچنے کے ممکنہ راستوں کو محدود کرنا ہے
امریکی محکمہ تجارت نے پیر کو سنگاپور، ملائیشیا اور تھائی لینڈ میں قائم مجموعی طور پر 7 کمپنیوں کو اپنی اینٹیٹی لسٹ میں شامل کیا،اس فہرست میں سنگاپور کی ڈیٹا سینٹر کمپنی میگاسپیڈ انٹرنیشنل (Megaspeed International) اور اس سے وابستہ دیگر ادارے بھی شامل ہیں،امریکی حکومت کے مطابق ان کمپنیوں کی سرگرمیاں امریکہ کے قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کے مفادات کے خلاف قرار دی گئی ہیں
اس فہرست میں شامل ہونے کے بعد امریکی کمپنیوں کو ان اداروں کو سامان، سافٹ ویئر، ٹیکنالوجی یا جدید چپس فراہم کرنے کے لیے محکمہ تجارت سے خصوصی اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا،امریکی حکام کی جانب سے ایسے اجازت ناموں کی درخواستیں مسترد کیے جانے کا امکان ہے
جینسن ہوانگ اور میگاسپیڈ کا تعلق بھی تحقیقات کے مرکز میں
میگاسپیڈ اس وقت عالمی توجہ کا مرکز بنی جب این ویڈیا کے چیف ایگزیکٹو جینسن ہوانگ اور کمپنی کی سابق ایگزیکٹو ایلس ہوانگ کے مبینہ تعلقات کا معاملہ سامنے آیا،امریکی حکام کو ایلس ہوانگ پر چینی انٹیلی جنس سے تعلقات اور جاسوسی کے شبہے ہیں، تاہم ان الزامات کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوئی اور چین انہیں بے بنیاد قرار دے چکا ہے
میگاسپیڈ پر الزام ہے کہ اس نے جدید این ویڈیا اے آئی چپس کی کمپیوٹنگ صلاحیت چینی صارفین تک پہنچانے میں مدد دی،امریکی حکام 2024 سے اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا کمپنی نے امریکی برآمدی پابندیوں سے بچنے کے لیے چپس کی فراہمی کا متبادل راستہ استعمال کیا،این ویڈیا نے 2025 میں میگاسپیڈ کو اپنی چپس فروخت کرنے سے روک دیا تھا
سینیٹر پیٹ رِکٹس نے محکمہ تجارت سے جواب طلب کرلیا
ریپبلکن سینیٹر پیٹ رِکٹس نے محکمہ تجارت کی کارروائی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ محکمے کو کانگریس کو وضاحت دینی چاہیے کہ میگاسپیڈ کے خلاف یہ اقدام کرنے میں اتنی تاخیر کیوں ہوئی،دوسری جانب ڈیموکریٹک ارکان نے بھی تحقیقات شروع کردی ہیں کہ این ویڈیا نے محکمہ تجارت کی تحقیقات اور فیصلوں پر کس حد تک اثرانداز ہونے کی کوشش کی
ڈیموکریٹ سینیٹر ماریا کینٹویل نے بھی برآمدی پابندیوں پر عمل درآمد میں محکمہ تجارت کی کارکردگی کی وسیع تر تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے،ان کا کہنا ہے کہ میگاسپیڈ کو بلیک لسٹ کرنے سے محکمہ تجارت کانگریس کے سامنے جوابدہی سے بری الذمہ نہیں ہوجاتا
علی بابا نے امریکی فیصلے کو غلط قرار دے دیا
علی بابا نے اپنی ذیلی کمپنی ایپکس کو امریکی بلیک لسٹ میں شامل کرنے کے فیصلے کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایپکس نے کبھی بھی امریکی برآمدی پابندیوں کے تابع جدید کمپیوٹنگ چپس کسی غیر مجاز ادارے کو منتقل نہیں کیں،کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے حقوق اور ساکھ کے تحفظ کے لیے تمام قانونی راستے اختیار کرے گی
ایپکس نے 2024 میں اپنی ملائیشین ذیلی کمپنی اسپیڈمیٹرکس (Speedmatrix) کے ذریعے میگاسپیڈ کے ساتھ مالی معاملات بھی کیے تھے،اس معاہدے میں آئی ٹی اور نیٹ ورک کے آلات، دانشورانہ ملکیت اور متعلقہ حقوق کو بعض معاہداتی ذمہ داریوں کی ضمانت کے طور پر پیش کیا گیا تھا
امریکی کارروائی کے بعد سنگاپور کے وزیراعظم لارنس وونگ نے بھی کہا ہے کہ ان کا ملک میگاسپیڈ کے معاملے کی تحقیقات جاری رکھے گا،امریکی اور سنگاپور کے قانون نافذ کرنے والے ادارے 2025 میں کمپنی کے دفاتر کا دورہ کرچکے ہیں اور ایلس ہوانگ سے بھی پوچھ گچھ کی گئی تھی
امریکی محکمہ انصاف اور محکمہ تجارت نے گزشتہ ہفتے مشترکہ بیان میں کہا تھا کہ اگر میگاسپیڈ کی جانب سے کوئی مجرمانہ سرگرمی ثابت ہوئی تو اس کے خلاف قانون کی پوری قوت استعمال کی جائے گی
چین کی مصنوعی ذہانت کی صنعت کے لیے نئی مشکل
امریکی پابندیوں کا یہ فیصلہ چین کی مصنوعی ذہانت کی صنعت کے لیے بھی اہم ہے، کیونکہ چینی ٹیکنالوجی کمپنیاں جدید امریکی سیمی کنڈکٹر چپس اور کمپیوٹنگ صلاحیت پر انحصار کرتی رہی ہیں،علی بابا خود بھی اپنے ٹی ہیڈ (T-Head) یونٹ کے ذریعے چپس تیار کر رہی ہے، لیکن جدید سیمی کنڈکٹرز کی بیرونی فراہمی اب بھی اس کے لیے اہم ہے
اس سے پہلے بھی ٹرمپ انتظامیہ نے چین کی اے آئی کمپنی ڈیپ سیک (DeepSeek)، میموری چپ بنانے والی کمپنی سی ایکس ایم ٹی (CXMT) اور قومی سلامتی کے حوالے سے نشان زد 100 سے زیادہ دیگر چینی کمپنیوں کو تجارتی بلیک لسٹ میں شامل کرنے سے گریز کیا تھا تاکہ بیجنگ کے ساتھ تجارتی کشیدگی مزید نہ بڑھے،تاہم میگاسپیڈ اور علی بابا کی ذیلی کمپنی کے خلاف تازہ کارروائی سے ظاہر ہوتا ہے کہ واشنگٹن جدید ٹیکنالوجی کی چین تک رسائی محدود کرنے کی پالیسی پر دوبارہ سختی سے عمل درآمد کر رہا ہے
یہ کارروائی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب جینسن ہوانگ دوبارہ این ویڈیا کے سی ای او مقرر ہوئے ہیں اور ان کی کمپنی کے چین سے متعلق کاروباری معاملات پر کانگریس میں تحقیقات کا مطالبہ بھی بڑھ رہا ہے،اس طرح علی بابا کی ذیلی کمپنی اور میگاسپیڈ کے خلاف امریکی پابندیاں اب محض تجارتی اقدام نہیں رہیں بلکہ امریکہ اور چین کے درمیان مصنوعی ذہانت، جدید چپس اور قومی سلامتی کی کشمکش کا اہم حصہ بن گئی ہیں






