امریکی پابندیوں کے خطرے کے پیش نظر جاپان کا عالمی فوجداری عدالت کو مالی تحفظ دینے کا فیصلہ، 2027 کا پورا حصہ سال کے اختتام سے پہلے ادا کرنے کا اعلان
ٹوکیو: جاپان نے امریکی پابندیوں کے ممکنہ اثرات سے عالمی فوجداری عدالت (انٹرنیشنل کریمنل کورٹ، آئی سی سی) کو محفوظ رکھنے کے لیے اپنی مالی معاونت تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے،وزیراعظم سانائے تاکائچی نے منگل کو اعلان کیا کہ جاپان 2027 کے لیے عدالت کو اپنی مکمل مالی شراکت رواں سال کے اختتام تک ادا کردے گا، تاکہ امریکی پابندیوں کے مکمل نفاذ سے پہلے عدالت کو ضروری فنڈز دستیاب رہیں
وزیراعظم تاکائچی نے منگل کو اپنے دفتر میں عالمی فوجداری عدالت کی صدر توموکو اکانے سے ملاقات کے دوران اس فیصلے سے آگاہ کیا،انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بھی جاپان کی جانب سے بروقت مالی ادائیگی کے عزم کی تصدیق کی
جاپان کا یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ عالمی فوجداری عدالت کے خلاف پابندیوں کے ذریعے دباؤ بڑھا رہا ہے اور اس ادارے کو کمزور کرنے کے لیے اس کے رکن ممالک کو عدالت سے علیحدگی اختیار کرنے کی ترغیب بھی دے رہا ہے،امریکہ کی جانب سے پابندیوں کا مقصد عدالت کے بعض اقدامات اور اس کے عہدیداروں پر دباؤ ڈالنا ہے
جاپان عالمی فوجداری عدالت کا سب سے بڑا مالی معاون ملک ہے اور عدالت کے سالانہ بجٹ کے لیے درکار رقم کا تقریباً 15 فیصد فراہم کرتا ہے،اس کے بعد جرمنی، فرانس، برطانیہ، اٹلی، جنوبی کوریا اور کینیڈا بڑے مالی معاون ممالک میں شامل ہیں
رائٹرز کے مطابق، جاپان کی جانب سے 2027 کی مکمل مالی شراکت پیشگی ادا کرنے سے عالمی فوجداری عدالت کو امریکی پابندیوں کے مکمل اثرات سامنے آنے سے پہلے مالی وسائل میسر ہوں گے،امریکہ کی پابندیوں کا مکمل اثر اپریل 2027 سے سامنے آنے کا خدشہ ہے
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جاپان کے اس فیصلے سے دوسرے بڑے مالی معاون ممالک بھی اپنی ادائیگیاں مقررہ وقت سے پہلے کرنے پر آمادہ ہوسکتے ہیں،اگر جرمنی، فرانس، برطانیہ اور دیگر ممالک بھی پیشگی رقم فراہم کرتے ہیں تو عالمی فوجداری عدالت امریکی پابندیوں کے باعث پیدا ہونے والے مالی دباؤ کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک مناسب مالی ذخیرہ قائم کرسکتی ہے
جاپان کی پوزیشن اس لیے بھی اہم ہے کہ امریکہ اس کا اہم دفاعی اور سکیورٹی اتحادی ہے، لیکن اس کے باوجود ٹوکیو نے عالمی فوجداری عدالت کو مالی معاونت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے،اس اقدام سے ظاہر ہوتا ہے کہ جاپان اپنی امریکی سکیورٹی شراکت داری کے ساتھ بین الاقوامی قانونی اداروں کی مالی معاونت کو بھی برقرار رکھنا چاہتا ہے
عالمی فوجداری عدالت جنگی جرائم، انسانیت کے خلاف جرائم، نسل کشی اور جارحیت کے جرائم کی تحقیقات اور مقدمات چلانے کا بین الاقوامی ادارہ ہے،امریکہ اس عدالت کا رکن نہیں، جبکہ جاپان اس کے بڑے مالی معاون ممالک میں شامل ہے
جاپان کی پیشگی ادائیگی کا فیصلہ ایسے وقت میں عالمی فوجداری عدالت کے لیے اہم سہارا بن سکتا ہے جب امریکی پابندیوں کے نتیجے میں اس کے مالی وسائل اور بین الاقوامی سرگرمیوں پر دباؤ بڑھنے کا خدشہ ہے






