اسپین کے عام انتخابات میں تین بڑے امیدوار آمنے سامنے، پیڈرو سانچیز اقتدار بچانے، دائیں بازو کے فیخو حکومت بنانے اور انتہا پسند اباسکل فیصلہ کن کردار کے لیے میدان میں
بارسلونا: اسپین میں اتوار 29 نومبر کو عام انتخابات ہو رہے ہیں، جن میں وزیراعظم پیڈرو سانچیز اپنی حکومت برقرار رکھنے کے لیے قدامت پسند اور انتہائی دائیں بازو کی جماعتوں کے چیلنج کا مقابلہ کر رہے ہیں،ان کے سب سے بڑے حریف قدامت پسند جماعت پاپولر پارٹی کے رہنما البرٹو نونیز فیخو ہیں، جبکہ انتہائی دائیں بازو کی جماعت ووکس کے سربراہ سانتیاگو اباسکل اس انتخاب میں فیصلہ کن کردار ادا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،ان کا مقصد فیخو کی حمایت کرکے اسپین میں دائیں بازو کی مخلوط حکومت قائم کرنا ہے
اس انتخاب میں صرف تین بڑی جماعتیں ہی نہیں بلکہ چھوٹی ترقی پسند اور علاقائی جماعتیں بھی اہمیت رکھتی ہیں، کیونکہ کسی ایک جماعت کو واضح اکثریت نہ ملنے کی صورت میں حکومت سازی کا فیصلہ ان جماعتوں کی حمایت سے ہوسکتا ہے
54 سالہ پیڈرو سانچیز سوشلسٹ پارٹی کے رہنما ہیں اور 2018 سے اسپین کے وزیراعظم چلے آ رہے ہیں،وہ یورپ کے طویل عرصے تک اقتدار میں رہنے والے رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں،اپنی خوش لباس شخصیت، انگریزی زبان پر عبور اور بین الاقوامی سیاست میں واضح مؤقف کی وجہ سے انہیں عالمی ترقی پسند تحریک میں نمایاں مقام حاصل ہے
سانچیز نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں، ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ اور غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کی مخالفت کی ہے،انہوں نے امیگریشن کے معاملے پر بھی اپنی پالیسی تبدیل نہیں کی اور یورپ سمیت ترقی یافتہ دنیا میں بڑھتے ہوئے تارکین وطن مخالف رجحانات کے باوجود امیگریشن کی حمایت جاری رکھی ہے
ان کے دور حکومت میں اسپین کی معیشت کئی برس تک یورپ کی بڑی معیشتوں میں سب سے تیز رفتار ترقی کرنے والی معیشت رہی، تاہم معاشی ترقی کے باوجود مکانات اور کرایوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عوام میں ناراضگی پیدا کی ہے
سانچیز ایک جارحانہ انتخابی مہم چلانے والے سیاستدان سمجھے جاتے ہیں،انہوں نے اپنی جماعت کے اندر اور باہر سیاسی مخالفین کے چیلنجوں کا بارہا مقابلہ کیا ہے،2023 میں علاقائی انتخابات میں سوشلسٹ پارٹی کو نقصان پہنچا تو سانچیز نے اگلے ہی روز عام انتخابات کا اعلان کرکے ملک میں سیاسی حلقوں کو حیران کردیا،انہوں نے انتخابی مہم میں انتہائی دائیں بازو کی جماعتوں کے حکومت میں آنے کے خدشات کو نمایاں کیا، جس کے نتیجے میں وہ بائیں بازو کی ایک نئی مخلوط حکومت بنانے میں کامیاب ہوگئے
تاہم اس مرتبہ انہیں اپنے سیاسی کیریئر کا ایک بڑا امتحان درپیش ہے،سابق وزیر اور ان کی جماعت کے اعلیٰ عہدیداروں کے خلاف بدعنوانی کے مقدمات اور ان کی اہلیہ سے متعلق قانونی معاملات نے حکومت کو دباؤ میں رکھا ہے،ان کی اہلیہ نے اپنے خلاف الزامات کی تردید کی ہے
سانچیز کی کامیابی کا انحصار نہ صرف ان کی سوشلسٹ پارٹی کی انتخابی کارکردگی پر ہوگا بلکہ چھوٹی بائیں بازو کی جماعتوں کی حمایت بھی اہم ہوگی، جن کے بارے میں انتخابی جائزوں میں ووٹ کم ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے
البرٹو نونیز فیخو: قدامت پسند جماعت کے وزیراعظم کے امیدوار
65 سالہ البرٹو نونیز فیخو پاپولر پارٹی کے رہنما ہیں،وہ ایک سرکاری ملازم سے سیاستدان بنے اور خود کو ایک معتدل، سنجیدہ اور مؤثر منتظم کے طور پر پیش کرتے ہیں،ان کا سیاسی کیریئر طویل ہے اور وہ کسی بڑے سیاسی اسکینڈل سے منسلک نہیں رہے
فیخو اسپین کے شمال مغربی علاقے گلیشیا میں 13 سال تک حکومت کے سربراہ رہے اور مسلسل انتخابی کامیابیاں حاصل کیں،گلیشیا نسبتاً کم ترقی یافتہ علاقہ ہے، تاہم اس نے اسپین کو کئی اہم سیاسی رہنما دیے ہیں،ان میں سابق آمر فرانسسکو فرانکو اور سابق وزیراعظم ماریانو راخوئے بھی شامل ہیں،پاپولر پارٹی نے آخری مرتبہ 2018 تک اسپین میں حکومت کی تھی
فیخو سرکاری ضابطوں میں کمی، ٹیکسوں میں تخفیف اور کاروبار کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کے حامی ہیں،وہ یورپی یونین کی حمایت کرتے ہیں اور اس معاملے میں ان کا مؤقف بھی سانچیز سے مختلف نہیں،ان کی کامیابی کی صورت میں توقع کی جا رہی ہے کہ وہ امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ اسپین کے تعلقات بہتر بنانے کی کوشش کریں گے
انہوں نے 2023 کے عام انتخابات سے پہلے اپنی جماعت کی قیادت سنبھالی تھی، لیکن اس وقت وہ سانچیز کو اقتدار سے ہٹانے میں کامیاب نہیں ہوسکے تھے،اس مرتبہ ان پر اپنی جماعت کی مسلسل عوامی حمایت کو انتخابی کامیابی میں تبدیل کرنے کا دباؤ ہے
اگرچہ فیخو کی شخصیت ان کے حریفوں کے مقابلے میں نسبتاً کم جارحانہ سمجھی جاتی ہے، لیکن ان کی جماعت کا انتخابی نیٹ ورک مضبوط ہے،پاپولر پارٹی کا اثر دارالحکومت میڈرڈ اور اسپین کے متعدد دیہی صوبوں میں گہرا ہے
سانتیاگو اباسکل: انتہائی دائیں بازو کی جماعت کا طاقتور رہنما
50 سالہ سانتیاگو اباسکل انتہائی دائیں بازو کی جماعت ووکس کے سربراہ ہیں،ان کی شخصیت اور سیاسی انداز عالمی پاپولسٹ دائیں بازو کی تحریک سے مطابقت رکھتے ہیں،ان کی انتخابی کامیابی فیخو کے لیے مخلوط حکومت بنانے کا راستہ کھول سکتی ہے
اباسکل اسپین کے شمالی علاقے باسک کنٹری سے تعلق رکھتے ہیں،اس علاقے میں علیحدگی پسند تنظیم ای ٹی اے کی پرتشدد سرگرمیوں نے کئی دہائیوں تک سیاست کو متاثر کیا،تنظیم نے 2018 میں اپنی سرگرمیاں ختم کرنے کا اعلان کیا تھا،اباسکل کی انتہائی قوم پرستانہ سیاسی سوچ کی تشکیل میں بھی اس علاقائی تنازعہ کا اہم کردار رہا ہے
انہوں نے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز پاپولر پارٹی کے عام رکن کی حیثیت سے کیا، تاہم 2013 کے آخر میں بعض دوسرے رہنماؤں کے ساتھ الگ ہوکر ووکس پارٹی قائم کی، بعدازاں وہ اس کے سربراہ بن گئے اور تب سے جماعت پر ان کا مضبوط کنٹرول ہے
اباسکل اسرائیل کے بھرپور حامی ہیں اور سانچیز حکومت کی اسرائیل سے متعلق پالیسیوں پر سخت تنقید کرتے رہے ہیں،وہ کاروبار پر حکومتی ضابطوں میں کمی اور ٹیکسوں میں تخفیف کے حامی ہیں،ارجنٹائن کے صدر خاویر میلی بھی ان کے پسندیدہ عالمی رہنماؤں میں شامل ہیں
وہ ترقی پسند سیاسی نظریات، خصوصاً حقوقِ نسواں کی تحریک پر تنقید کرتے ہیں اور موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے سائنسی مؤقف کو بھی مسترد کرتے ہیں،ووکس یورپی یونین کی کھلی مخالفت نہیں کرتی، تاہم اباسکل اسپین کے معاشی مسائل اور مہنگائی کی ایک بڑی وجہ تارکین وطن کو قرار دیتے ہیں
فرانسسکو فرانکو کی وفات کے بعد 1975 میں اسپین میں جمہوریت کی بحالی سے اب تک انتہائی دائیں بازو کی جماعتیں مرکزی حکومت میں شامل نہیں ہوسکی ہیں،2023 کے انتخابات میں ووکس کو نشستوں کا نقصان ہوا تھا، لیکن اس مرتبہ جماعت دوبارہ اپنی سیاسی پوزیشن مضبوط بنانے کی کوشش کر رہی ہے،اباسکل چاہتے ہیں کہ اگر فیخو حکومت بنائیں تو ووکس کو بھی مخلوط حکومت میں وزارتیں اور اہم حکومتی اختیارات حاصل ہوں
انتہائی دائیں بازو کی ایک اور جماعت اور ترقی پسند ووٹوں کی تقسیم
اسپین میں انتہائی دائیں بازو کے ایسے ووٹرز کے لیے بھی ایک سیاسی متبادل موجود ہے جو ووکس کو بھی کافی سخت گیر جماعت نہیں سمجھتے،یہ جماعت ’’سے اکابو لا فیئستا‘‘ یعنی ’’پارٹی ختم ہوچکی‘‘ کے نام سے کام کر رہی ہے، جس کی قیادت انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والا ایک سوشل میڈیا انفلوئنسر کرتا ہے
دوسری جانب بائیں بازو کی چھوٹی جماعتیں بھی اندرونی اختلافات اور قیادت کی کشمکش کا شکار ہیں،2023 میں ان جماعتوں نے انتخابی اتحاد قائم کرکے سانچیز کی حکومت برقرار رکھنے میں مدد دی تھی، لیکن اس مرتبہ وہ اسی طرح کا اتحاد قائم کرنے میں ناکام رہی ہیں
اس بار فرنٹے آمپلیو یعنی براڈ فرنٹ اور پوڈیموس یعنی ’’ہم کر سکتے ہیں‘‘ کے نام سے کام کرنے والی جماعتیں بائیں بازو کے ووٹ حاصل کرنے کے لیے ایک دوسرے کا مقابلہ کریں گی،اس تقسیم سے دونوں جماعتوں کی انتخابی پوزیشن متاثر ہونے کے ساتھ سانچیز کے لیے دوبارہ مخلوط حکومت قائم کرنا بھی مشکل ہوسکتا ہے
علاقائی جماعتیں حکومت سازی میں فیصلہ کن بن سکتی ہیں
اسپین کی سیاست میں علاقائی جماعتوں کا کردار بھی اہم ہے،کاتالونیا، باسک کنٹری، گلیشیا اور کینری جزائر کی جماعتیں اپنے علاقوں کے مفادات، اختیارات اور مقامی قوانین کو ترجیح دیتی ہیں
اگر انتخابات میں سوشلسٹ پارٹی اور پاپولر پارٹی میں سے کوئی بھی واضح اکثریت حاصل نہ کرسکی تو یہی علاقائی جماعتیں نئی حکومت کی تشکیل میں فیصلہ کن کردار ادا کرسکتی ہیں
یوں 29 نومبر کے انتخابات صرف پیڈرو سانچیز اور البرٹو نونیز فیخو کے درمیان مقابلہ نہیں بلکہ اسپین میں ترقی پسند سیاست، قدامت پسند رجحانات اور انتہائی دائیں بازو کے سیاسی اثرورسوخ کا بھی بڑا امتحان ہوگا،انتخابی نتائج یہ طے کریں گے کہ اسپین میں سانچیز کی ترقی پسند حکومت برقرار رہتی ہے یا فیخو، اباسکل اور دیگر دائیں بازو کی جماعتیں مل کر اقتدار میں آنے کا راستہ بناتی ہیں






