ٹرمپ کا نیوزوم پر شدید حملہ، کیلیفورنیا کے 548 سزائے موت کے قیدیوں کی سزا معافی کو ’امریکی تاریخ کا بدترین انصاف‘ قرار دے دیا
واشنگٹن: صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوزوم کے 548 سزائے موت کے قیدیوں کی سزا عمر قید میں تبدیل کرنے کے فیصلے پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے امریکی تاریخ میں انصاف کے ساتھ ہونے والی انتہائی حیران کن ناانصافیوں میں سے ایک قرار دیا ہے،ٹرمپ نے پیر کو محکمہ انصاف میں قتل ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نیوزوم کے فیصلے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا
ٹرمپ نے کہا کہ انہیں یقین نہیں آیا کہ نیوزوم نے کیلیفورنیا کے بعض انتہائی بدنام سیریل قاتلوں اور جنسی مجرموں کی سزائے موت بھی تبدیل کردی ہے،انہوں نے اس فیصلے پر اظہارِ حیرت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان اقدامات میں سے ہے جنہیں وہ ملک کی تاریخ میں انصاف کے خلاف انتہائی حیران کن کارروائی سمجھتے ہیں
پریس کانفرنس کے دوران ٹرمپ نے ان جرائم کی تفصیلات بیان کرنے میں خاصا وقت صرف کیا جن کے مرتکب افراد کیلیفورنیا کی ڈیتھ رو میں شامل تھے،انہوں نے متعدد بدنام قاتلوں کے نام لیے اور ان کے جرائم کی تفصیلات بیان کیں تاکہ سزا معافی کے فیصلے کی سنگینی واضح کرسکیں
ٹرمپ نے چارلس این جی کا ذکر کیا، جو 1984 اور 1985 میں نو بالغ افراد اور دو بچوں کے قتل کے جرم میں سزا یافتہ ہے،انہوں نے رینڈی کرافٹ کا بھی حوالہ دیا، جو 1970 اور 1980 کی دہائی میں متعدد قتل کے واقعات کے باعث ’’اسکور کارڈ کلر‘‘ کے نام سے مشہور ہوا تھا
صدر نے رابرٹ بوائیڈ روڈز کا بھی ذکر کیا، جس نے 1996 میں آٹھ سالہ مائیکل لیونز کو وحشیانہ تشدد، جنسی زیادتی اور قتل کا نشانہ بنایا تھا،ٹرمپ نے ان جرائم کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ان مجرموں کی زندگیوں اور جرائم کی تفصیلات پڑھنے سے اندازہ ہوتا ہے کہ انہوں نے کس قدر خوفناک کارروائیاں کی تھیں
ٹرمپ نے نیوزوم کو ’’ایک بدترین گورنر‘‘ قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ انہوں نے قاتلوں اور بچوں کے قتل میں ملوث مجرموں کا ساتھ دیا ہے،انہوں نے کہا کہ نیوزوم نے ان لوگوں کے ساتھ کھڑے ہونے کا فیصلہ کیا جنہوں نے انتہائی سنگین جرائم کیے، جبکہ قتل ہونے والے افراد کے خاندانوں اور متاثرین کے انصاف کے مطالبات کو نظرانداز کیا
صدر نے متاثرہ خاندانوں کے سامنے اس فیصلے پر اپنی شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بعض مجرموں کے جرائم ایسے ہیں جن کی تفصیلات سن کر یقین کرنا بھی مشکل ہوتا ہے،ان کے مطابق، ایسے مجرموں کی سزائے موت تبدیل کرنا انصاف کے نظام اور متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ ناانصافی ہے
ٹرمپ نے اپنی پریس کانفرنس میں نیوزوم کے فیصلے کو بار بار تنقید کا نشانہ بنایا اور اس بات پر زور دیا کہ قتل اور بچوں کے خلاف سنگین جرائم میں ملوث افراد کو ان کے کیے کی سخت سزا ملنی چاہیئے






