Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

سوئی گیس کی 2 بڑی کمپنیوں کو 6 سے 8 اداروں میں تقسیم کرنے کا منصوبہ، 3 کھرب روپے کا قرض عوام سے وصول کرنے اور گھریلو گیس 83 فیصد تک مہنگی کرنے کی تجویز

حکومت پاکستان نے ملک کی 2 بڑی گیس کمپنیوں سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (SNGPL) اور سوئی سدرن گیس کمپنی (SSGC) کو توڑ کر 6 سے 8 چھوٹے اداروں میں تقسیم کرنے کا منصوبہ وزیراعظم شہباز شریف کو منظوری کے لیے پیش کر دیا ہے اس منصوبے کا مقصد گیس کی ترسیل، تقسیم اور فروخت کے کاروبار کو الگ الگ کرنا، نجی کمپنیوں کو مارکیٹ میں داخلے کا موقع دینا اور موجودہ سرکاری اجارہ داری ختم کرکے مسابقتی نظام قائم کرنا بتایا گیا ہے تاہم اس مجوزہ اصلاحات کا سب سے تشویش ناک پہلو یہ ہے کہ 3 کھرب روپے سے زیادہ گیس کے گردشی قرضے کو ایک علیحدہ ادارے میں منتقل کرکے اس کی ادائیگی صارفین کے گیس بلوں کے ذریعے کرنے کی تجویز دی گئی ہے دوسری جانب گھریلو صارفین کے لیے گیس کی قیمتوں میں 69.8 فیصد سے 82.7 فیصد تک اضافے کی ضرورت ظاہر کی گئی ہے
وزارت پٹرولیم نے یہ منصوبہ عالمی بینک، بین الاقوامی مشاورتی اداروں KPMG اور Wood Mackenzie کی تکنیکی معاونت سے تیار کیا ہے وزیراعظم کی اصولی منظوری کے بعد قانونی، مالی، آئینی اور انتظامی معاملات طے کرنے کے لیے ایک ٹرانزیکشن ایڈوائزر مقرر کیا جائے گا، جسے 5 سے 6 ماہ میں عمل درآمد کا تفصیلی طریقہ کار تیار کرنے کی ذمہ داری دی جائے گی۔ حکومت کا ہدف ہے کہ اس منصوبے کو 2027 کی آخری سہ ماہی میں عملی مرحلے میں داخل کیا جائے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (IMF) بھی اس منصوبے کی حمایت کر رہا ہے کیونکہ گیس کے گردشی قرضے کا معاملہ پاکستان کے جاری مالیاتی پروگرام سے منسلک ہے
منصوبے کے تحت گیس کی پائپ لائنوں کے ذریعے ترسیل، صارفین تک تقسیم اور گیس کی خرید و فروخت کو الگ کاروباری شعبوں میں تبدیل کیا جائے گا۔ اس وقت سوئی ناردرن اور سوئی سدرن دونوں کمپنیاں گیس کی ترسیل اور فروخت کا کام انجام دیتی ہیں حکومت کا مؤقف ہے کہ ایک ہی کمپنی کے پاس پائپ لائنوں کا کنٹرول اور گیس کی فروخت کا کاروبار ہونے سے نجی کمپنیوں کے لیے منصفانہ مقابلے کے مواقع محدود ہوتے ہیں نئی ساخت میں کم از کم 4 گیس فروخت کرنے والی کمپنیاں قائم کرنے کی تجویز ہے ان میں 2 کمپنیاں صنعتی اور تجارتی صارفین کو مسابقتی بنیادوں پر گیس فراہم کریں گی جبکہ 2 ریگولیٹڈ کمپنیاں گھریلو صارفین کی ضروریات پوری کریں گی
نجی شعبے کو مارکیٹ میں داخل کرنے کے لیے پہلے سال موجودہ کمپنیوں کے گیس کی فراہمی اور صارفین کے کاروبار کا 20 فیصد حصہ مسابقتی کمپنیوں کے لیے کھولا جائے گا اس کے بعد اگلے 2 سال تک ہر سال مزید 10 فیصد حصہ آزاد مقابلے کے لیے فراہم کیا جائے گا اس طرح مجموعی طور پر 60 فیصد کاروبار مسابقتی نظام میں منتقل کرنے کے بعد اس شعبے میں قیمتوں کا موجودہ ضابطہ ختم کرنے کی تجویز ہے اس تبدیلی سے نجی کمپنیوں کو گیس کی خرید و فروخت میں زیادہ آزادی حاصل ہو سکتی ہے، لیکن اصل سوال یہ ہے کہ اس نئے نظام میں عام صارفین کے حقوق، قیمتوں کے تحفظ اور نجی کمپنیوں کی جواب دہی کیسے یقینی بنائی جائے گی
منصوبے کے مالی اعداد و شمار عام صارفین کے لیے سب سے زیادہ پریشان کن ہیں سوئی ناردرن کے گھریلو صارفین اس وقت فی ملین کیوبک فٹ گیس اوسطاً 1,268 روپے ادا کر رہے ہیں، جبکہ لاگت پوری کرنے کے لیے یہ قیمت 2,152 روپے ہونی چاہیے اس حساب سے گھریلو گیس کی قیمت میں تقریباً 69.8 فیصد اضافے کی ضرورت ظاہر کی گئی ہے اگر حکومت قیمتیں نہ بڑھائے تو اس شعبے کے خسارے کو پورا کرنے کے لیے 150 ارب روپے کی سبسڈی درکار ہوگی دوسری طرف صنعتی اور تجارتی صارفین اس وقت اوسطاً 2,893 روپے ادا کر رہے ہیں، جبکہ ان کی لاگت پوری کرنے کی قیمت 2,737 روپے بنتی ہے اس لیے ان صارفین کے لیے قیمت میں تقریباً 5.4 فیصد کمی کی گنجائش بھی موجود ہے
سوئی سدرن کے اعداد و شمار اس سے بھی زیادہ تشویش ناک ہیں منصوبے کے تحت گھریلو صارفین کو نسبتاً سستی مقامی گیس فراہم کرنے کے بہترین ممکنہ حساب کے باوجود اس شعبے کو سالانہ 59 ارب روپے کے بعد از ٹیکس خسارے کا سامنا ہوگا۔ کمپنی کے گھریلو صارفین اس وقت اوسطاً 732 روپے فی ملین کیوبک فٹ ادا کر رہے ہیں، جبکہ لاگت پوری کرنے کے لیے یہ قیمت 1,337 روپے تک پہنچانے کی ضرورت ہوگی۔ اس طرح تقریباً 82.7 فیصد اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے اس کے برعکس سوئی سدرن کے ترسیلی اور صنعتی و تجارتی گیس فروخت کرنے والے شعبوں سے بالترتیب 27.4 ارب اور 19.6 ارب روپے منافع متوقع ہے صنعتی اور تجارتی صارفین کی قیمت میں 7.4 فیصد کمی کی گنجائش بھی بتائی گئی ہے
حکومت گھریلو صارفین کے لیے موجودہ 12 بلنگ سلیب ختم کرکے انہیں ایک ہی سلیب میں تبدیل کرنے کی تجویز بھی دے رہی ہے اس کے ساتھ کم آمدنی والے اور مستحق صارفین کو براہ راست سبسڈی دینے کا منصوبہ ہے تاکہ قیمتوں میں اضافے کے اثرات کم کیے جا سکیں لیکن سوال یہ ہے کہ مستحق صارفین کی درست نشاندہی کون کرے گا، سبسڈی بروقت کیسے ملے گی اور کیا عام خاندانوں کو بڑھتے ہوئے گیس بلوں سے حقیقی تحفظ فراہم کیا جا سکے گا؟ پاکستان میں پہلے ہی بجلی، گیس، پٹرول اور اشیائے خورونوش کی بڑھتی قیمتوں نے عوام کی قوت خرید کو شدید متاثر کر رکھا ہے ایسے میں گیس کے نظام میں تبدیلی کا اصل بوجھ ایک مرتبہ پھر عام گھریلو صارفین پر ڈالنے کا خدشہ موجود ہے
گیس کے 3 کھرب روپے سے زیادہ گردشی قرضے کو ایک خصوصی ادارے، یعنی اسپیشل پرپز وہیکل (SPV)، میں منتقل کرنے کی تجویز بھی منصوبے کا اہم حصہ ہے اس کے بعد اس قرض کی ادائیگی کے لیے صارفین کے گیس بلوں میں ایک اضافی سرچارج شامل کیا جائے گا۔ یہ طریقہ بجلی کے شعبے میں قائم پاور ہولڈنگ کمپنی کے ماڈل سے ملتا جلتا ہوگا اس کا مطلب یہ ہے کہ ماضی میں جمع ہونے والے قرضوں کا مالی بوجھ بھی بالآخر گیس استعمال کرنے والے شہریوں سے وصول کیا جا سکتا ہے بنیادی سوال یہ ہے کہ اتنا بڑا قرض پیدا کیسے ہوا، اس کے ذمہ دار کون ہیں اور اس کی ادائیگی کا بوجھ عام صارفین پر منتقل کرنے سے پہلے اداروں کی انتظامی اور مالی کارکردگی کا احتساب کیوں نہیں کیا جا رہا؟
منصوبے میں سرمایہ کاری کی ضروریات بھی بہت بڑی ہیں سوئی ناردرن کے لیے مالی سال 2027 سے 2032 تک 6 سال کے دوران 736 ارب روپے کے سرمایہ جاتی اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جس میں 2030 کے دوران 165 ارب روپے کی سب سے زیادہ سرمایہ کاری درکار ہوگی۔ سوئی سدرن کے لیے اسی مدت میں 390 ارب روپے کی سرمایہ کاری کا تخمینہ ہے اس سرمایہ کاری کے لیے حکومت کئی سال پر محیط نیا ٹیرف نظام متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے، جس میں کمپنیوں کے اثاثوں کی مالیت کی بنیاد پر منافع اور اخراجات کی وصولی کا طریقہ اختیار کیا جائے گا یہ ماڈل کراچی الیکٹرک کے نظام سے ملتا جلتا ہوگا
حکومت کے اس منصوبے کے پیچھے نجی شعبے کی بڑھتی ہوئی دلچسپی بھی اہم ہے گیس کی ترسیل کا کاروبار منافع بخش بنانے اور نجی کمپنیوں کو پائپ لائنوں تک رسائی دینے سے بڑے کاروباری گروپوں کے لیے اس شعبے میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ حکومت اسے مقابلے، سرمایہ کاری اور کارکردگی بہتر بنانے کا ذریعہ قرار دے رہی ہے، لیکن یہ دیکھنا ضروری ہوگا کہ نجی سرمایہ کاروں کو منافع کے مواقع فراہم کرتے ہوئے قومی گیس کے بنیادی ڈھانچے اور عوامی مفاد کا تحفظ کیسے کیا جائے گا اگر نگرانی کا نظام کمزور ہوا تو سرکاری اجارہ داری کی جگہ نجی اجارہ داری بھی قائم ہو سکتی ہے
یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ حکومت نے سوئی گیس کمپنیوں کو تقسیم کرنے کا منصوبہ بنایا ہو۔ 2016 اور 2017 میں بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 4 صوبائی تقسیم کار کمپنیوں اور ایک مرکزی ترسیلی کمپنی کے قیام کی کوشش کی تھی، لیکن اس منصوبے پر مالی اور تکنیکی اعتراضات سامنے آئے آزاد مشاورتی ادارے KPMG اور آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (OGRA) نے بھی پہلے مجوزہ تقسیم کے مالی اور تکنیکی طور پر قابل عمل ہونے پر سوالات اٹھائے تھے اور صوبوں سمیت متعلقہ فریقوں سے وسیع مشاورت کی ضرورت پر زور دیا تھا۔ بالآخر 2020 میں یہ منصوبہ ترک کر دیا گیا تھا
موجودہ منصوبے میں بھی یہ فیصلہ کرنا باقی ہے کہ اسے وفاقی کابینہ، مشترکہ مفادات کونسل (CCI) یا پارلیمنٹ میں سے کس فورم سے باضابطہ منظوری درکار ہوگی یہ معاملہ اس لیے بھی اہم ہے کہ گیس کی تقسیم، قیمتوں اور وسائل کے استعمال سے صوبوں کے مفادات براہ راست وابستہ ہیں بلوچستان، سندھ، خیبر پختونخوا اور پنجاب میں گیس کی پیداوار، طلب اور ترسیلی نظام کے مسائل یکساں نہیں ہیں چنانچہ کسی بھی نئے انتظامی ڈھانچے کو صوبوں کی مشاورت اور ان کے آئینی و مالی حقوق کو سامنے رکھ کر تشکیل دینا ضروری ہوگا
حکومت اس تبدیلی کو توانائی کے شعبے میں اصلاحات، مالی استحکام اور نجی سرمایہ کاری کے لیے اہم قرار دے رہی ہے، لیکن عوام کے لیے اس منصوبے کی کامیابی کا اصل پیمانہ کمپنیوں کی تعداد بڑھانا یا نجی سرمایہ کاروں کو منافع کے مواقع فراہم کرنا نہیں ہوگا اصل سوال یہ ہے کہ کیا اس سے گیس کی مسلسل فراہمی بہتر ہوگی، سردیوں میں گھریلو صارفین کو گیس مل سکے گی، قیمتیں عام خاندانوں کی پہنچ میں رہیں گی اور ماضی کے مالی خساروں کی ذمہ داری طے ہوگی؟ اگر اصلاحات کے نام پر 3 کھرب روپے کا قرض عوام کے بلوں میں شامل کر دیا گیا اور گھریلو گیس کی قیمتوں میں 70 سے 83 فیصد تک اضافے کی نوبت آ گئی تو اس منصوبے کا سب سے بڑا بوجھ انہی شہریوں کو اٹھانا پڑے گا جو پہلے ہی مہنگائی سے پریشان ہیں

قومی خبریں سے مزید