الٹی پڑ گئیں سب حلقہ بندیاں، کچھ نہ نئی حد بندیوں نے کام کیا
ٹیکساس: لاطینی ووٹروں کوڈیموکریٹس کو ووٹ ڈالنے سے روکنے کی کوشش ناکام ، ہنری کیولر نے 36 پوائنٹس سے کامیابی حاصل کر لی
واشنگٹن: ٹیکساس میں ریپبلکن جماعت نے انتخابی حلقوں کی نئی حدبندی کے ذریعے لاطینی ووٹروں کی حمایت حاصل کرکے کانگریس میں اپنی نشستیں بڑھانے کی کوشش کی، لیکن حالیہ انتخابات میں یہ حکمت عملی توقعات کے برعکس ثابت ہوئی،ڈیموکریٹ امیدوار ہنری کیولر نے اپنے ریپبلکن حریف کو 36 فیصد پوائنٹس کے بڑے فرق سے شکست دے دی، حالانکہ نئی حلقہ بندی کے تحت ان کا ضلع 2024 کے صدارتی انتخابات میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 10 پوائنٹس کے فرق سے جیتا تھا
ٹیکساس ٹریبیون کے مطابق انتخابات سے کچھ عرصہ قبل کیولر نے ڈیموکریٹس کے ایک اندرونی انتخابی سروے میں اپنے ریپبلکن حریف کے مقابلے میں 20 پوائنٹس کی برتری دیکھی تھی،لا ریڈو سے تعلق رکھنے والے کیولر نے کہا کہ انہیں 12 سے 14 پوائنٹس کی کامیابی بھی قابل قبول ہوتی، لیکن 20 پوائنٹس کا فرق انہیں کچھ زیادہ محسوس ہوا،تاہم 3 نومبر کو آنے والے نتائج میں ان کی کامیابی سروے کے اندازے سے بھی کہیں زیادہ رہی اور وہ 36 پوائنٹس کے فرق سے جیت گئے
کیولر طویل عرصے سے اعتدال پسند ڈیموکریٹ کے طور پر جانے جاتے ہیں اور ریاست گیر انتخابات میں اپنی جماعت کے دیگر امیدواروں کے مقابلے میں بہتر کارکردگی دکھاتے رہے ہیں،اسی وجہ سے ان کی نشست کو ٹیکساس میں ان پانچ کانگریسی حلقوں میں سب سے مشکل ہدف تصور کیا جا رہا تھا جن کی حدبندی ریپبلکنز نے گزشتہ سال تبدیل کی تھی تاکہ آئندہ انتخابات میں ان نشستوں پر کامیابی حاصل کی جا سکے
ریپبلکن جماعت نے نئی حلقہ بندیوں کا مقصد مڈٹرم انتخابات میں ممکنہ انتخابی نقصانات سے بچنا قرار دیا تھا، کیونکہ عموماً صدر کی جماعت کو مڈٹرم انتخابات میں ووٹروں کی ناراضگی اور نشستوں کے نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے،یہ منصوبہ صدر ٹرمپ کی سیاسی ٹیم کی درخواست پر آگے بڑھایا گیا، جبکہ ڈیموکریٹس نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے ریاست سے باہر جا کر قانون سازی کے عمل میں تاخیر بھی کی تھی
ٹیکساس کے ریپبلکن ریاستی نمائندے ٹوڈ ہنٹر نے اس منصوبے کا مقصد واضح کرتے ہوئے کہا تھا کہ نئی حلقہ بندیوں کے ذریعے ریپبلکن جماعت کی انتخابی پوزیشن بہتر بنانا مقصود ہے،تاہم ہنری کیولر کی غیر معمولی کامیابی نے ظاہر کیا کہ صرف انتخابی حلقوں کی حدبندی تبدیل کرنے سے ووٹروں کے رجحانات اور مقامی امیدواروں کی سیاسی قوت کو قابو میں رکھنا ممکن نہیں






