ہائے ہائے تیری یہ مجبوری
ایلون مسک کی ٹیکساس کی نومنتخب ڈیموکریٹک گورنر پر مثبت رائے، ریپبلکن امیدوار کی انتخابی مہم کے لیے 50 لاکھ ڈالر دیے تھے
ٹیکساس: معروف ارب پتی کاروباری شخصیت ایلون مسک نے ٹیکساس کی نومنتخب ڈیموکریٹک گورنر جینا ہینوجوسا کے بارے میں مثبت رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک معتدل گورنر ثابت ہوں گی اور ان کے دور میں ریاست کے معاملات بہتر انداز میں آگے بڑھیں گے،مسک کا یہ بیان اس لیے اہمیت رکھتا ہے کہ انہوں نے مڈٹرم انتخابات کے دوران ریپبلکن امیدوار اور موجودہ گورنر گریگ ایبٹ کی دوبارہ انتخابی مہم کے لیے پانچ ملین ڈالر خرچ کیے تھے
USA Today کے مطابق مسک نے 18 نومبر کو نیویارک ٹائمز کے ڈیل بک سمٹ میں ایک آن لائن انٹرویو کے دوران جینا ہینوجوسا اور ٹیکساس کی آنے والی ڈیموکریٹک قیادت پر گفتگو کی،انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں نئی گورنر خاصی معتدل ہوں گی اور بائیں بازو کی انتہا پسند سیاست کی نمائندہ نہیں ہیں،مسک کے بقول، ہینوجوسا کے بارے میں اب تک جو کچھ انہوں نے سنا ہے، اس کی بنیاد پر انہیں توقع ہے کہ ان کی گورنری میں ٹیکساس کے معاملات ٹھیک رہیں گے
مسک نے انتخابی مہم کے دوران ہینوجوسا کی حمایت نہیں کی تھی بلکہ گریگ ایبٹ کی دوبارہ انتخابی مہم کی حمایت کی۔ ایبٹ کی انتخابی مہم کی جانب سے اکتوبر میں جاری کردہ مالیاتی رپورٹ کے مطابق مسک نے ان کی انتخابی کوششوں کے لیے براہ راست 50 لاکھ ڈالر عطیہ کیے تھے
دوسری جانب ہینوجوسا اور ٹیکساس کے دیگر ڈیموکریٹک رہنما ریاست میں مسک کے کاروباری منصوبوں کے بارے میں تحفظات کا اظہار کرتے رہے ہیں،مسک نے نومنتخب گورنر کے بارے میں مثبت گفتگو کے باوجود ٹیکساس کے بعض دوسرے ڈیموکریٹ رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بنایا
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ٹیکساس ایوانِ نمائندگان میں آنے والی ڈیموکریٹک اکثریت کے ایک رہنما نے کہا تھا کہ انہیں جیل بھیج دینا چاہیے،تاہم مسک نے اس قانون ساز کا نام نہیں بتایا اور اپنے الزام کے حق میں مزید تفصیلات بھی پیش نہیں کیں






