امریکی تاریخ کا بدترین فضائی حادثہ صرف 31 سیکنڈ میں پیش آیا، مگر تباہی کی بنیاد کئی ہفتے پہلے طیارے کی مرمت کے دوران رکھ دی گئی تھی
امریکا کی تاریخ کا سب سے مہلک فضائی حادثہ 25 مئی 1979 کو شکاگو کے اوہیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے لاس اینجلس جانے والی امریکن ایئرلائنز کی پرواز 191 کو پیش آیا، میکڈونل ڈگلس DC-10 طیارہ اڑان بھرنے کے صرف 31 سیکنڈ بعد زمین پر آ گرا،اس حادثے میں طیارے میں سوار تمام 271 افراد اور زمین پر موجود 2 افراد سمیت مجموعی طور پر 273 افراد ہلاک ہوئے،یہ امریکی سرزمین پر پیش آنے والا سب سے مہلک فضائی حادثہ ہے
الاسٹارٹ کے وقت طیارے میں 258 مسافر اور عملے کے 13 ارکان سوار تھے،پرواز معمول کے مطابق رن وے پر آگے بڑھی، لیکن جیسے ہی طیارے کا اگلا حصہ اوپر اٹھا اور وہ فضا میں بلند ہوا، اس کا بایاں انجن اپنے پائلن یعنی طیارے کے پر سے جوڑنے والے مضبوط ڈھانچے سمیت الگ ہو گیا،انجن پر کے اوپر سے گزرتا ہوا نیچے رن وے پر جا گرا،اس کے ساتھ پر کے اگلے حصے کا کچھ ڈھانچہ بھی ٹوٹ گیا اور اہم ہائیڈرولک لائنیں تباہ ہو گئیں،اس نقصان کے نتیجے میں بائیں پر کے اگلے حصے پر نصب سلیٹس واپس اپنی جگہ میں چلے گئے، جس سے اس پر کی ہوا میں اٹھنے کی صلاحیت بری طرح متاثر ہوئی
طیارہ دو انجنوں کے سہارے اوپر تو اٹھا، لیکن چند ہی لمحوں میں بائیں جانب شدید جھکنے لگا،پائلٹوں نے طیارے کو قابو میں رکھنے کی کوشش کی، مگر پر کو پہنچنے والے نقصان اور ہائیڈرولک نظام کی خرابی نے ان کے لیے حالات انتہائی مشکل بنا دیے،طیارہ زیادہ سے زیادہ تقریباً 325 فٹ کی بلندی تک پہنچا اور پھر نیچے کی طرف مڑ گیا،اڑان بھرنے کے صرف 31 سیکنڈ بعد اس کا بایاں پر زمین سے ٹکرایا، جس کے نتیجے میں طیارہ دھماکے سے تباہ ہو گیا،ملبہ ایک کھلے میدان اور قریب واقع موبائل گھروں کے علاقے میں پھیل گیا،ایک ہینگر، گاڑیاں اور ایک موبائل گھر بھی تباہ ہوئے
تحقیقات سے معلوم ہوا کہ 30 مارچ 1979 کو طیارے کی مرمت کے دوران اس کے بائیں انجن اور اسے پر سے جوڑنے والے پائلن کو ایک ساتھ اتارا گیا تھا،طیارہ ساز کمپنی میکڈونل ڈگلس کی ہدایت تھی کہ انجن اور پائلن کو الگ الگ اتارا جائے، لیکن امریکن ایئرلائنز نے مرمت کا وقت اور تقریباً 200 گھنٹے کی محنت بچانے کے لیے ایک متبادل طریقہ اختیار کیا،اس طریقے میں فورک لفٹ کی مدد سے انجن اور پائلن کو ایک ہی یونٹ کے طور پر اتارا اور دوبارہ نصب کیا جاتا تھا
یہ طریقہ کار کمپنی کی جانب سے تجویز کردہ طریقے کے مطابق نہیں تھا،میکڈونل ڈگلس نے اس متبادل طریقے پر اعتراض بھی کیا تھا، لیکن اس کے باوجود اسے استعمال کیا گیا،مرمت کے دوران فورک لفٹ کی پوزیشن اور انجن کے وزن کے توازن میں تبدیلی سے پائلن کے پچھلے حصے پر دباؤ پڑا اور اس کے ڈھانچے میں ایک دراڑ پیدا ہو گئی،یہ نقصان اس وقت واضح طور پر نظر نہیں آیا اور طیارہ دوبارہ پروازوں کے لیے استعمال ہونے لگا
تحقیقاتی ماہرین کے مطابق مرمت کا کام 30 مارچ کو شروع ہوا تھا،رات کی شفٹ کے دوران پائلن کے کچھ بولٹ نکالے گئے اور فورک لفٹ کو انجن کے نیچے چھوڑ دیا گیا،خدشہ ظاہر کیا گیا کہ رات کے دوران فورک لفٹ کے ہائیڈرولک دباؤ میں کمی سے اس کی پوزیشن تبدیل ہوئی، جس کے نتیجے میں انجن اور پائلن کا وزن غیر متوازن ہو گیا،اگلی شفٹ کے مکینکس نے بھی دیکھا کہ پائلن کا حصہ طیارے کے پر سے ٹکرا رہا ہے۔ اس دوران پیدا ہونے والی دراڑ بعد کی پروازوں میں مسلسل بڑھتی رہی، یہاں تک کہ 25 مئی کو انجن اور پائلن پورے ڈھانچے سمیت الگ ہوگئے
حادثے کے بعد امریکی نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (NTSB) نے تحقیقات شروع کیں،ابتدائی مرحلے میں ایک ٹوٹا ہوا بولٹ سامنے آیا جسے بعض حکام نے طیارے کے ڈیزائن کی خرابی کا ممکنہ ثبوت سمجھا، لیکن بعد کی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ یہ بولٹ بنیادی وجہ نہیں تھا بلکہ مرمت کے دوران پیدا ہونے والے نقصان کا نتیجہ تھا،تحقیقاتی بورڈ نے واضح کیا کہ حادثے کی بنیادی وجہ انجن اور پائلن کو غلط طریقے سے اتارنے اور دوبارہ نصب کرنے کے دوران پیدا ہونے والا ساختی نقصان تھا،بورڈ نے امریکی فضائی نگرانی کے نظام، ایئرلائنز کے حفاظتی طریقہ کار اور طیارہ ساز کمپنیوں اور حکومتی اداروں کے درمیان معلومات کے تبادلے میں خامیوں کو بھی حادثے کے اہم معاون عوامل قرار دیا
تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ امریکن ایئرلائنز کا اختیار کردہ یہ طریقہ صرف اسی کمپنی تک محدود نہیں تھا،یونائیٹڈ ایئرلائنز اور کانٹینینٹل ایئرلائنز نے بھی DC-10 طیاروں کی مرمت میں اسی نوعیت کا طریقہ استعمال کیا تھا،امریکی فضائی بیڑے میں انجن اور پائلن کی تنصیب کے 175 معاملات کا جائزہ لیا گیا، جن میں 88 مرتبہ انجن اور پائلن کو ایک ساتھ اتارنے کا غلط طریقہ اختیار کیا گیا تھا،معائنے کے دوران 6 طیاروں کے پائلن کے پچھلے حصوں میں دراڑیں بھی ملیں
NTSB نے اپنی حتمی رپورٹ میں طیارے کے عملے کو حادثے کا ذمہ دار قرار نہیں دیا اور کہا کہ پائلٹوں کے پاس طیارے کو بچانے کا کوئی معقول موقع موجود نہیں تھا،حادثے کے بعد امریکی حکام نے طیاروں کی مرمت کے طریقہ کار اور حفاظتی نگرانی سے متعلق سفارشات جاری کیں،امریکن ایئرلائنز پر 500,000 ڈالر اور کانٹینینٹل ایئرلائنز پر 100,000 ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا،حادثے کے تقریباً دو ہفتے بعد فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے تمام DC-10 طیاروں کو عارضی طور پر گراؤنڈ کر دیا،بعد میں طیارے کے ڈیزائن کو حادثے کی بنیادی وجہ قرار نہ دیے جانے پر پابندی اٹھا لی گئی
یہ حادثہ امریکی ہوا بازی کی تاریخ میں اس بات کی ایک بڑی مثال بن گیا کہ حفاظتی ضابطوں کو نظرانداز کرکے وقت اور اخراجات بچانے کی کوشش کس قدر تباہ کن ثابت ہو سکتی ہے،پرواز 191 کی تباہی محض 31 سیکنڈ میں ہوئی، لیکن اس کے پیچھے موجود غلطی کئی ہفتے پہلے مرمت کے ایک ایسے فیصلے میں چھپی تھی جس کے خطرناک نتائج کا اندازہ بروقت نہیں لگایا جا سکا






