ممدانی امیروں پر ٹیکس بڑھانا چاہتے ہیں، مگر گورنر ہوکل کے ہاتھ میں فیصلہ کن اختیار
نیویارک: نیویارک سٹی کے نومنتخب میئر زہران ممدانی کی قیادت میں بائیں بازو کے رہنما گورنر کیتھی ہوکل پر امیر طبقے پر ٹیکس بڑھانے کے لیے دباؤ ڈالنے کی تیاری کر رہے ہیں، تاہم ڈیموکریٹک گورنر کے پاس اس معاملے میں فیصلہ کن اختیارات موجود ہیں،ممدانی کی انتخابی کامیابی کے باوجود ان کے کئی اہم منصوبوں کا انحصار ریاستی حکومت اور گورنر کی حمایت پر ہوگا
کیتھی ہوکل اگلے سال البنی میں 20 پوائنٹس کے واضح انتخابی فرق کے ساتھ واپس آ رہی ہیں،ان کی کامیابی کا دائرہ اتنا وسیع تھا کہ اس میں ریپبلکن حریف اور ناساؤ کاؤنٹی کے ایگزیکٹو بروس بلیک مین کا اپنا آبائی ضلع بھی شامل تھا،گورنر کو ریاست کے خزانے میں تقریباً 8 ارب ڈالر کے اضافی بجٹ سرپلس کی بھی حمایت حاصل ہے، جو معاشی سست روی کی صورت میں مالی تحفظ فراہم کر سکتا ہے
گورنر کے اختیارات کا اثر نیویارک سٹی کی انتظامیہ تک پھیلا ہوا ہے،ڈیموکریٹک سوشلسٹ ممدانی عالمی سطح پر سیاسی توجہ حاصل کر چکے ہیں، لیکن ان کے ایجنڈے کے بڑے حصے کا انحصار ہوکل پر ہے، جنہیں اگلے سال 250 ارب ڈالر سے زیادہ کے ریاستی بجٹ کے استعمال اور ترجیحات کے تعین میں وسیع اختیار حاصل ہوگا،دونوں رہنماؤں کے درمیان تعاون کے نتیجے میں پہلے ہی شہر کے مالی مسائل سے نمٹنے کے لیے ریاستی فنڈز مختص کیے جا چکے ہیں
تاہم یہ تعلق اس وقت آزمائش سے گزرے گا جب ہوکل اپنی ترجیحات اور سیاسی ایجنڈے کو آگے بڑھائیں گی،بظاہر خوش مزاج شخصیت رکھنے والی گورنر کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ اپنے مؤقف پر مضبوطی سے قائم رہتی ہیں،ممدانی اور ان کے بائیں بازو کے اتحادی امیر طبقے پر ٹیکس بڑھانے سمیت اپنے انتخابی وعدوں پر عمل درآمد چاہتے ہیں، لیکن ان منصوبوں کو قانون کی شکل دینے کے لیے انہیں گورنر کی حمایت اور ریاستی حکومت کے ساتھ مفاہمت درکار ہوگی






