ٹرمپ کا دعویٰ، ایران جنگ بندی کے خاتمے کے لیے معاہدہ چاہتا ہے لیکن امریکی شرائط قبول کرنے پر تیار نہیں، جوہری ہتھیار کبھی حاصل نہیں کرنے دیں گے
واشنگٹن: صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران جنگ بندی اور جاری دشمنی کے خاتمے کے لیے امریکہ کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتا ہے، لیکن تہران ایسا کوئی معاہدہ کرنے پر آمادہ نہیں جو ان کے نزدیک قابل قبول ہو،ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان دوبارہ مکمل جنگ چھڑنے کے خدشات بڑھ رہے ہیں
وائٹ ہاؤس میں جمعہ کو نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ ایک حقیقی معاہدہ چاہتا ہے، کوئی جعلی معاہدہ نہیں،انہوں نے ایرانی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ گزشتہ 51 برس سے لوگوں کو دھوکا دیتی اور گمراہ کرتی رہی ہے
ٹرمپ نے بعد ازاں اپنے اس مؤقف کا بھی اعادہ کیا کہ ایران کو کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار نہیں رکھ سکے گا
صدر ٹرمپ اس معاملے پر مختلف اوقات میں متضاد مؤقف اختیار کرتے رہے ہیں،کبھی وہ لڑائی ختم کرنے کے لیے معاہدے کی حمایت کرتے ہیں اور کبھی کہتے ہیں کہ امریکہ کو ایران کے ساتھ کسی معاہدے کی ضرورت ہی نہیں
سفارت کاروں اور تجزیہ کاروں کے مطابق جنگ کے تقریباً 9 ماہ گزرنے کے باوجود آئندہ لائحہ عمل کے بارے میں غیر یقینی صورتحال اور دونوں جانب سے وقفے وقفے سے جاری حملوں اور جوابی کارروائیوں نے دونوں ملکوں کو ایک مشکل صورتحال میں لا کھڑا کیا ہے
خطے کے ممالک بھی ممکنہ کشیدگی میں اضافے پر تشویش کا شکار ہیں اور جنگ دوبارہ مکمل پیمانے پر شروع ہونے سے روکنے کے لیے سفارتی حل تلاش کر رہے ہیں
ایک مشرق وسطیٰ کے سفارت کار نے ٹرمپ کی نیوز کانفرنس سے قبل بتایا کہ خلیجی عرب ممالک امریکہ اور ایران کے درمیان دوبارہ بڑے پیمانے پر جنگ شروع ہونے کے امکان پر فکر مند ہیں اور موجودہ سفارتی ذرائع کے ذریعے اس خطرے کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں






